چند روز کے بعد یُوں ہُؤا کہ قائِنؔ اپنے کھیت کے پَھل کا ہدیہ خُداوند کے واسطے لایا۔ اور ہابلؔ بھی اپنی بھیڑ بکرِیوں کے کُچھ پہلوٹھے بچّوں کا اور کُچھ اُن کی چربی کا ہدیہ لایا اور خُداوند نے ہابلؔ کو اور اُس کے ہدیہ کو منظُور کِیا۔ پر قائِنؔ کو اور اُس کے ہدیہ کو منظُور نہ کِیا اِس لِئے قائِنؔ نِہایت غضب ناک ہُؤا اور اُس کا مُنہ بِگڑا۔ اور خُداوند نے قائِنؔ سے کہا تُو کیوں غضب ناک ہُؤا؟ اور تیرا مُنہ کیوں بِگڑا ہُؤا ہے؟ اگر تُو بھلا کرے تو کیا تُو مقبُول نہ ہو گا؟ اور اگر تُو بھلا نہ کرے تو گُناہ دروازہ پر دبکا بَیٹھا ہے اور تیرا مُشتاق ہے پر تُو اُس پر غالِب آ۔ اور قائِنؔ نے اپنے بھائی ہابلؔ کو کُچھ کہا اور جب وہ دونوں کھیت میں تھے تو یُوں ہُؤا کہ قائِنؔ نے اپنے بھائی ہابلؔ پر حملہ کِیا اور اُسے قتل کر ڈالا۔ تب خُداوند نے قائِنؔ سے کہا کہ تیرا بھائی ہابلؔ کہاں ہے؟ اُس نے کہا مُجھے معلُوم نہیں۔ کیا مَیں اپنے بھائی کا مُحافِظ ہُوں؟ پِھر اُس نے کہا کہ تُو نے یہ کیا کِیا؟ تیرے بھائی کا خُون زمِین سے مُجھ کو پُکارتا ہے۔ اور اب تُو زمِین کی طرف سے لَعنتی ہُؤا۔ جِس نے اپنا مُنہ پسارا کہ تیرے ہاتھ سے تیرے بھائی کا خُون لے۔ جب تُو زمِین کو جوتے گا تو وہ اب تُجھے اپنی پَیداوار نہ دے گی اور زمِین پر تُو خانہ خراب اور آوارہ ہو گا۔ تب قائِنؔ نے خُداوند سے کہا کہ میری سزا برداشت سے باہر ہے۔ دیکھ آج تُو نے مُجھے رُویِ زمِین سے نِکال دِیا ہے اور مَیں تیرے حضُور سے رُوپوش ہو جاؤں گا اور زمِین پر خانہ خراب اور آوارہ رہُوں گا اور اَیسا ہو گا کہ جو کوئی مُجھے پائے گا قتل کر ڈالے گا۔ تب خُداوند نے اُسے کہا نہیں بلکہ جو قائِنؔ کو قتل کرے اُس سے سات گُنا بدلہ لِیا جائے گا اور خُداوند نے قائِنؔ کے لِئے ایک نِشان ٹھہرایا کہ کوئی اُسے پا کر مار نہ ڈالے۔ سو قائِنؔ خُداوند کے حضُور سے نِکل گیا اور عدن کے مشرِق کی طرف نُود کے عِلاقہ میں جا بسا۔
پڑھیں پَیدائش 4
سنیں پَیدائش 4
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: پَیدائش 3:4-16
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos