پَیدائش 16:35-29

پَیدائش 16:35-29 URD

اور وہ بَیت ایلؔ سے چلے اور اِفراتؔ تھوڑی ہی دُور رہ گیا تھا کہ راخِلؔ کے دردِ زہ لگا اور وضعِ حمل میں نِہایت دِقّت ہُوئی۔ اور جب وہ سخت درد میں مُبتلا تھی تو دائی نے اُس سے کہا ڈر مت۔ اب کے بھی تیرے بیٹا ہی ہو گا۔ اور یُوں ہُؤا کہ اُس نے مَرتے مَرتے اُس کا نام بِنؤنیؔ رکھّا اور مَر گئی پر اُس کے باپ نے اُس کا نام بِنیمِینؔ رکھّا۔ اور راخِلؔ مَر گئی اور اِفراتؔ یعنی بَیت لحمؔ کے راستہ میں دفن ہُوئی۔ اور یعقُوبؔ نے اُس کی قبر پر ایک سُتُون کھڑا کر دِیا۔ راخِلؔ کی قبر کا یہ سُتُون آج تک مَوجُود ہے۔ اور اِسرائیلؔ آگے بڑھا اور عدرؔ کے بُرج کی پرلی طرف اپنا ڈیرا لگایا۔ اور اِسرائیلؔ کے اُس مُلک میں رہتے ہُوئے یُوں ہُؤا کہ رُوبِن نے جا کر اپنے باپ کی حرم بِلہاؔہ سے مُباشرت کی اور اِسرائیلؔ کو یہ معلُوم ہو گیا۔ اُس وقت یعقُوبؔ کے بارہ بیٹے تھے۔ لیاہؔ کے بیٹے یہ تھے۔ رُوبِنؔ یعقُوبؔ کا پہلوٹھا اور شمعُوؔن اور لاوؔی اور یہُوداؔہ اور اشکارؔ اور زبُولُونؔ۔ اور راخِلؔ کے بیٹے یُوسفؔ اور بِنیمِینؔ تھے۔ اور راخِلؔ کی لَونڈی بِلہاؔہ کے بیٹے دانؔ اور نفتالیؔ تھے۔ اور لیاہؔ کی لَونڈی زِلفہؔ کی بیٹے جدؔ اور آشرؔ تھے۔ یہ سب یعقُوبؔ کے بیٹے ہیں جو فدّانؔ ارامؔ میں پَیدا ہُوئے۔ اور یعقُوبؔ مَمرے میں جو قریت اربع یعنی حبرُونؔ ہے جہاں ابرہامؔ اور اِضحاقؔ نے ڈیرا کِیا تھا اپنے باپ اِضحاقؔ کے پاس آیا۔ اور اِضحاقؔ ایک سَو اسی برس کا ہُؤا۔ تب اِضحاقؔ نے دَم چھوڑ دِیا اور وفات پائی اور بُوڑھا اور پُوری عُمر کا ہو کر اپنے لوگوں میں جا مِلا اور اُس کے بیٹوں عیسوؔ اور یعقُوبؔ نے اُسے دفن کِیا۔