پَیدائش 1:30-24

پَیدائش 1:30-24 URD

اور جب راخِلؔ نے دیکھا کہ یعقُوبؔ سے اُس کے اَولاد نہیں ہوتی تو راخِلؔ کو اپنی بہن پر رشک آیا سو وہ یعقُوبؔ سے کہنے لگی کہ مُجھے بھی اَولاد دے نہیں تو مَیں مَر جاؤں گی۔ تب یعقُوبؔ کا قہر راخِلؔ پر بھڑکا اور اُس نے کہا کیا مَیں خُدا کی جگہ ہُوں جِس نے تُجھ کو اَولاد سے محرُوم رکھّا ہے؟ اُس نے کہا دیکھ میری لَونڈی بِلہاؔہ حاضِر ہے۔ اُس کے پاس جا تاکہ میرے لِئے اُس سے اَولاد ہو اور وہ اَولاد میری ٹھہرے۔ اور اُس نے اپنی لَونڈی بِلہاؔہ کو اُسے دِیا کہ اُس کی بِیوی بنے اور یعقُوبؔ اُس کے پاس گیا۔ اور بِلہاؔہ حامِلہ ہُوئی اور یعقُوبؔ سے اُس کے بیٹا ہُؤا۔ تب راخِلؔ نے کہا کہ خُدا نے میرا اِنصاف کِیا اور میری فریاد بھی سُنی اور مُجھ کو بیٹا بخشا اِس لِئے اُس نے اُس کا نام دانؔ رکھّا۔ اور راخِلؔ کی لَونڈی بِلہاہؔ پِھر حامِلہ ہُوئی اور یعقُوبؔ سے اُس کے دُوسرا بیٹا ہُؤا۔ تب راخِلؔ نے کہا مَیں اپنی بہن کے ساتھ نِہایت زور مار مار کر کُشتی لڑی اور مَیں نے فتح پائی۔ سو اُس نے اُس کا نام نفتالیؔ رکھّا۔ جب لیاہؔ نے دیکھا کہ وہ جننے سے رہ گئی تو اُس نے اپنی لَونڈی زِلفہؔ کو لے کر یعقُوبؔ کو دِیا کہ اُس کی بِیوی بنے۔ اور لیاہؔ کی لَونڈی زِلفہؔ کے بھی یعقُوبؔ سے ایک بیٹا ہُؤا۔ تب لیاہؔ نے کہا زہے قِسمت! سو اُس نے اُس کا نام جدؔ رکھّا۔ لیاہؔ کی لَونڈی زِلفہؔ کے یعقُوبؔ سے پِھر ایک بیٹا ہُؤا۔ تب لیاہؔ نے کہا مَیں خوش قِسمت ہُوں۔ عورتیں مُجھے خُوش قِسمت کہیں گی اور اُس نے اُس کا نام آشرؔ رکھّا۔ اور رُوبِنؔ گیہُوں کاٹنے کے مَوسم میں گھر سے نِکلا اور اُسے کھیت میں مردُم گیاہ مِل گئے اور وہ اپنی ماں لیاہؔ کے پاس لے آیا۔ تب راخِلؔ نے لیاؔہ سے کہا کہ اپنے بیٹے کے مردُم گیاہ میں سے مُجھے بھی کُچھ دے دے۔ اُس نے کہا کیا یہ چھوٹی بات ہے کہ تُو نے میرے شَوہر کو لے لِیا اور اب کیا میرے بیٹے کے مردُم گیاہ بھی لینا چاہتی ہے؟ راخِلؔ نے کہا بس تو آج رات وہ تیرے بیٹے کے مردُم گیاہ کی خاطِر تیرے ساتھ سوئے گا۔ جب یعقُوبؔ شام کو کھیت سے آ رہا تھا تو لیاہؔ آگے سے اُس سے مِلنے کو گئی اور کہنے لگی کہ تُجھے میرے پاس آنا ہو گا کیونکہ مَیں نے اپنے بیٹے کے مردُم گیاہ کے بدلے تُجھے اُجرت پر لِیا ہے۔ سو وہ اُس رات اُسی کے ساتھ سویا۔ اور خُدا نے لیاہؔ کی سُنی اور وہ حامِلہ ہُوئی اور یعقُوبؔ سے اُس کے پانچواں بیٹا ہُؤا۔ تب لیاہؔ نے کہا کہ خُدا نے میری اُجرت مُجھے دی کیونکہ مَیں نے اپنے شَوہر کو اپنی لَونڈی دی اور اُس نے اُس کا نام اِشکارؔ رکھّا۔ اور لیاہؔ پِھر حامِلہ ہُوئی اور یعقُوبؔ سے اُس کے چھٹا بیٹا ہُؤا۔ تب لیاہؔ نے کہا کہ خُدا نے اچھّا مَہر مُجھے بخشا۔ اب میرا شَوہر میرے ساتھ رہے گا کیونکہ میرے اُس سے چھ بیٹے ہو چُکے ہیں۔ سو اُس نے اُس کا نام زبُولُونؔ رکھّا۔ اِس کے بعد اُس کے ایک بیٹی ہُوئی اور اُس نے اُس کا نام دِینہؔ رکھّا۔ اور خُدا نے راخِلؔ کو یاد کِیا اور خُدا نے اُس کی سُن کر اُس کے رَحِم کو کھولا۔ اور وہ حامِلہ ہُوئی اور اُس کے بیٹا ہُؤا۔ تب اُس نے کہا کہ خُدا نے مُجھ سے رُسوائی دُور کی۔ اور اُس نے اُس کا نام یُوسفؔ یہ کہہ کر رکھّا کہ خُداوند مُجھ کو ایک اور بیٹا بخشے۔