اور ابرامؔ کی بِیوی سارَؔی کے کوئی اَولاد نہ ہُوئی۔ اُس کی ایک مِصری لَونڈی تھی جِس کا نام ہاجرہؔ تھا۔ اور سارَیؔ نے ابرامؔ سے کہا کہ دیکھ خُداوند نے مُجھے تو اَولاد سے محرُوم رکھّا ہے سو تُو میری لَونڈی کے پاس جا شاید اُس سے میرا گھر آباد ہو اور ابرامؔ نے سارَیؔ کی بات مانی۔ اور ابرامؔ کو مُلکِ کنعانؔ میں رہتے دس برس ہو گئے تھے جب اُس کی بِیوی سارَؔی نے اپنی مِصری لَونڈی اُسے دی کہ اُس کی بِیوی بنے۔ اور وہ ہاجرؔہ کے پاس گیا اور وہ حامِلہ ہُوئی اور جب اُسے معلُوم ہُؤا کہ وہ حامِلہ ہو گئی تو اپنی بی بی کو حقیر جاننے لگی۔ تب سارَؔی نے ابرامؔ سے کہا کہ جو ظُلم مُجھ پر ہُؤا وہ تیری گردن پر ہے۔ مَیں نے اپنی لَونڈی تیرے آغوش میں دی اور اب جو اُس نے آپ کو حامِلہ دیکھا تو مَیں اُس کی نظروں میں حقِیر ہو گئی۔ سو خُداوند میرے اور تیرے درمِیان اِنصاف کرے۔ ابرامؔ نے سارَؔی سے کہا کہ تیری لَونڈی تیرے ہاتھ میں ہے جو تُجھے بھلا دِکھائی دے سو اُس کے ساتھ کر۔ تب سارَؔی اُس پر سختی کرنے لگی اور وہ اُس کے پاس سے بھاگ گئی۔ اور وہ خُداوند کے فرِشتہ کو بیابان میں پانی کے ایک چشمہ کے پاس مِلی۔ یہ وُہی چشمہ ہے جو شور کی راہ پر ہے۔ اور اُس نے کہا اَے سارَؔی کی لَونڈی ہاجرہؔ تُو کہاں سے آئی اور کدھر جاتی ہے؟ اُس نے کہا کہ مَیں اپنی بی بی سارَؔی کے پاس سے بھاگ آئی ہُوں۔ خُداوند کے فرِشتہ نے اُس سے کہا کہ تُو اپنی بی بی کے پاس لَوٹ جا اور اپنے کو اُس کے قبضہ میں کر دے۔ اور خُداوند کے فرِشتہ نے اُس سے کہا کہ مَیں تیری اَولاد کو بُہت بڑھاؤں گا یہاں تک کہ کثرت کے سبب سے اُس کا شُمار نہ ہو سکے گا۔ اور خُداوند کے فرِشتہ نے اُس سے کہا کہ تُو حامِلہ ہے اور تیرے بیٹا ہو گا۔ اُس کا نام اِسمٰعیلؔ رکھنا اِس لِئے کہ خُداوند نے تیرا دُکھ سُن لِیا۔ وہ گورخر کی طرح آزاد مَرد ہو گا۔ اُس کا ہاتھ سب کے خِلاف اور سب کے ہاتھ اُس کے خِلاف ہوں گے اور وہ اپنے سب بھائِیوں کے سامنے بسا رہے گا۔ اور ہاجرہؔ نے خُداوند کا جِس نے اُس سے باتیں کِیں اتااؔیل روئی نام رکھّا یعنی اَے خُدا تُو بصیر ہے کیونکہ اُس نے کہا کیا مَیں نے یہاں بھی اپنے دیکھنے والے کو جاتے ہُوئے دیکھا؟ اِسی سبب سے اُس کنوئیں کا نام بیر لحی روئیؔ پڑ گیا۔ وہ قادِسؔ اور برِدؔ کے درمِیان ہے۔ اور ابرامؔ سے ہاجرہؔ کے ایک بیٹا ہُؤا اور ابرامؔ نے اپنے اُس بیٹے کا نام جو ہاجرہؔ سے پَیدا ہُؤا اِسمٰعیلؔ رکھّا۔ اور جب ابرامؔ سے ہاجرہؔ کے اِسمٰعیلؔ پَیدا ہُؤا تب ابرامؔ چھیاسی برس کا تھا۔
پڑھیں پَیدائش 16
سنیں پَیدائش 16
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: پَیدائش 1:16-16
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos