اور مُوسیٰؔ اپنے خُسر یِتروؔ کی جو مِدیانؔ کا کاہِن تھا بھیڑ بکریاں چراتا تھا اور وہ بھیڑ بکریوں کو ہنکاتا ہُؤا اُن کو بیابان کی پرلی طرف سے خُدا کے پہاڑ حورِبؔ کے نزدِیک لے آیا۔ اور خُداوند کا فرِشتہ ایک جھاڑی میں سے آگ کے شُعلہ میں اُس پر ظاہِر ہُؤا۔ اُس نے نِگاہ کی اور کیا دیکھتا ہے کہ ایک جھاڑی میں آگ لگی ہُوئی ہے پر وہ جھاڑی بھسم نہیں ہوتی۔ تب مُوسیٰؔ نے کہا مَیں اب ذرا اُدھر کترا کر اِس بڑے منظر کو دیکھُوں کہ یہ جھاڑی کیوں نہیں جل جاتی۔ جب خُداوند نے دیکھا کہ وہ دیکھنے کو کترا کر آ رہا ہے تو خُدا نے اُسے جھاڑی میں سے پُکارا اور کہا اَے مُوسیٰؔ! اَے مُوسیٰؔ! اُس نے کہا مَیں حاضِر ہُوں۔ تب اُس نے کہا اِدھر پاس مت آ۔ اپنے پاؤں سے جُوتا اُتار کیونکہ جِس جگہ تُو کھڑا ہے وہ مُقدّس زمِین ہے۔ پِھر اُس نے کہا کہ مَیں تیرے باپ کا خُدا یعنی ابرہامؔ کا خُدا اور اِضحاقؔ کا خُدا اور یعقُوبؔ کا خُدا ہُوں۔ مُوسیٰؔ نے اپنا مُنہ چِھپایا کیونکہ وہ خُدا پر نظر کرنے سے ڈرتا تھا۔ اور خُداوند نے کہا مَیں نے اپنے لوگوں کی تکلِیف جو مِصرؔ میں ہیں خُوب دیکھی اور اُن کی فریاد جو بیگار لینے والوں کے سبب سے ہے سُنی اور مَیں اُن کے دُکھوں کو جانتا ہُوں۔ اور مَیں اُترا ہُوں کہ اُن کو مِصریوں کے ہاتھ سے چُھڑاؤُں اور اُس مُلک سے نِکال کر اُن کو ایک اچھّے اور وسِیع مُلک میں جہاں دُودھ اور شہد بہتا ہے یعنی کنعانیوں اور حِتّیوں اور اموریوں اور فرزّیوں اور حوّیوں اور یبوسِیوں کے مُلک میں پُہنچاؤُں۔
پڑھیں خرُوج 3
سنیں خرُوج 3
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: خرُوج 1:3-8
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos