اور مُوسیٰؔ اپنے خُسر یِتروؔ کی جو مِدیانؔ کا کاہِن تھا بھیڑ بکریاں چراتا تھا اور وہ بھیڑ بکریوں کو ہنکاتا ہُؤا اُن کو بیابان کی پرلی طرف سے خُدا کے پہاڑ حورِبؔ کے نزدِیک لے آیا۔ اور خُداوند کا فرِشتہ ایک جھاڑی میں سے آگ کے شُعلہ میں اُس پر ظاہِر ہُؤا۔ اُس نے نِگاہ کی اور کیا دیکھتا ہے کہ ایک جھاڑی میں آگ لگی ہُوئی ہے پر وہ جھاڑی بھسم نہیں ہوتی۔ تب مُوسیٰؔ نے کہا مَیں اب ذرا اُدھر کترا کر اِس بڑے منظر کو دیکھُوں کہ یہ جھاڑی کیوں نہیں جل جاتی۔ جب خُداوند نے دیکھا کہ وہ دیکھنے کو کترا کر آ رہا ہے تو خُدا نے اُسے جھاڑی میں سے پُکارا اور کہا اَے مُوسیٰؔ! اَے مُوسیٰؔ! اُس نے کہا مَیں حاضِر ہُوں۔ تب اُس نے کہا اِدھر پاس مت آ۔ اپنے پاؤں سے جُوتا اُتار کیونکہ جِس جگہ تُو کھڑا ہے وہ مُقدّس زمِین ہے۔ پِھر اُس نے کہا کہ مَیں تیرے باپ کا خُدا یعنی ابرہامؔ کا خُدا اور اِضحاقؔ کا خُدا اور یعقُوبؔ کا خُدا ہُوں۔ مُوسیٰؔ نے اپنا مُنہ چِھپایا کیونکہ وہ خُدا پر نظر کرنے سے ڈرتا تھا۔ اور خُداوند نے کہا مَیں نے اپنے لوگوں کی تکلِیف جو مِصرؔ میں ہیں خُوب دیکھی اور اُن کی فریاد جو بیگار لینے والوں کے سبب سے ہے سُنی اور مَیں اُن کے دُکھوں کو جانتا ہُوں۔ اور مَیں اُترا ہُوں کہ اُن کو مِصریوں کے ہاتھ سے چُھڑاؤُں اور اُس مُلک سے نِکال کر اُن کو ایک اچھّے اور وسِیع مُلک میں جہاں دُودھ اور شہد بہتا ہے یعنی کنعانیوں اور حِتّیوں اور اموریوں اور فرزّیوں اور حوّیوں اور یبوسِیوں کے مُلک میں پُہنچاؤُں۔ دیکھ بنی اِسرائیل کی فریاد مُجھ تک پُہنچی ہے اور مَیں نے وہ ظُلم بھی جو مِصری اُن پر کرتے ہیں دیکھا ہے۔ سو اب آ مَیں تُجھے فرِعونؔ کے پاس بھیجتا ہُوں کہ تُو میری قَوم بنی اِسرائیل کو مِصرؔ سے نِکال لائے۔ مُوسیٰؔ نے خُدا سے کہا مَیں کَون ہُوں جو فرِعونؔ کے پاس جاؤُں اور بنی اِسرائیل کو مِصرؔ سے نِکال لاؤُں؟ اُس نے کہا مَیں ضرُور تیرے ساتھ رہُوں گا اور اِس کا کہ مَیں نے تُجھے بھیجا ہے تیرے لِئے یہ نِشان ہو گا کہ جب تُو اُن لوگوں کو مِصرؔ سے نِکال لائے گا تو تُم اِس پہاڑ پر خُدا کی عِبادت کرو گے۔ تب مُوسیٰؔ نے خُدا سے کہا جب مَیں بنی اِسرائیل کے پاس جا کر اُن کو کہُوں کہ تُمہارے باپ دادا کے خُدا نے مُجھے تُمہارے پاس بھیجا ہے اور وہ مُجھے کہیں کہ اُس کا نام کیا ہے؟ تو مَیں اُن کو کیا بتاؤُں؟ خُدا نے مُوسیٰؔ سے کہا مَیں جو ہُوں سو مَیں ہُوں۔ سو تُو بنی اِسرائیل سے یُوں کہنا کہ مَیں جو ہُوں نے مُجھے تُمہارے پاس بھیجا ہے۔ پِھر خُدا نے مُوسیٰؔ سے یہ بھی کہا کہ تُو بنی اِسرائیل سے یُوں کہنا کہ خُداوند تُمہارے باپ دادا کے خُدا ابرہامؔ کے خُدا اور اِضحاقؔ کے خُدا اور یعقُوبؔ کے خُدا نے مُجھے تُمہارے پاس بھیجا ہے۔ ابد تک میرا یِہی نام ہے اور سب نسلوں میں اِسی سے میرا ذِکر ہو گا۔
پڑھیں خرُوج 3
سنیں خرُوج 3
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: خرُوج 1:3-15
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos