YouVersion Logo
تلاش

خرُوج 24

24
عہد کی تصدیق
1اور اُس نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ تُو ہارُونؔ اور ندؔب اور اَبیہوؔ اور بنی اِسرائیل کے ستر بزُرگوں کو لے کر خُداوند کے پاس اُوپر آ اور تُم دُور ہی سے سِجدہ کرنا۔ 2اور مُوسیٰؔ اکیلا خُداوند کے نزدِیک آئے پر وہ نزدِیک نہ آئیں اور اَور لوگ اُس کے ساتھ اُوپر نہ چڑھیں۔
3اور مُوسیٰؔ نے لوگوں کے پاس جا کر خُداوند کی سب باتیں اور احکام اُن کو بتا دِئے اور سب لوگوں نے ہم آواز ہو کر جواب دِیا کہ جِتنی باتیں خُداوند نے فرمائی ہیں ہم اُن سب کو مانیں گے۔ 4اور مُوسیٰؔ نے خُداوند کی سب باتیں لِکھ لیں اور صُبح کو سویرے اُٹھ کر پہاڑ کے نِیچے ایک قُربان گاہ اور بنی اِسرائیل کے بارہ قَبیلوں کے حساب سے بارہ سُتُون بنائے۔ 5اور اُس نے بنی اِسرائیل کے جوانوں کو بھیجا جِنہوں نے سوختنی قُربانِیاں چڑھائیں اور بَیلوں کو ذبح کر کے سلامتی کے ذبِیحے خُداوند کے لِئے گُذرانے۔ 6اور مُوسیٰؔ نے آدھا خُون لے کر باسنوں میں رکھّا اور آدھا قُربان گاہ پر چِھڑک دِیا۔ 7پِھر اُس نے عہد نامہ لِیا اور لوگوں کو پڑھ کر سُنایا۔ اُنہوں نے کہا کہ جو کُچھ خُداوند نے فرمایا ہے اُس سب کو ہم کریں گے اور تابِع رہیں گے۔
8تب مُوسیٰؔ نے اُس خُون کو لے کر لوگوں پر چِھڑکا اور کہا دیکھو یہ اُس عہد کا خُون ہے جو خُداوند نے اِن سب باتوں کے بارے میں تُمہارے ساتھ باندھا ہے۔
9تب مُوسیٰؔ اور ہارُونؔ اور ندؔب اور اَبیہوؔ اور بنی اِسرائیل کے ستّر بزُرگ اُوپر گئے۔ 10اور اُنہوں نے اِسرائیلؔ کے خُدا کو دیکھا اور اُس کے پاؤں کے نِیچے نیلم کے پتھّر کا چبُوترا سا تھا جو آسمان کی مانِند شفاف تھا۔ 11اور اُس نے بنی اِسرائیل کے شُرفا پر اپنا ہاتھ نہ بڑھایا۔ سو اُنہوں نے خُدا کو دیکھا اور کھایا اور پیا۔
مُوسیٰ ؔکوہِ سِیناؔ پر
12اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ پہاڑ پر میرے پاس آ اور وہیں ٹھہرا رہ اور مَیں تُجھے پتّھر کی لَوحیں اور شرِیعت اور احکام جو مَیں نے لِکھے ہیں دُوں گا تاکہ تُو اُن کو سِکھائے۔ 13اور مُوسیٰؔ اور اُس کا خادِم یشُوؔع اُٹھے اور مُوسیٰؔ خُدا کے پہاڑ کے اُوپر گیا۔ 14اور بزُرگوں سے کہہ گیا کہ جب تک ہم لَوٹ کر تُمہارے پاس نہ آ جائیں تُم ہمارے لِئے یہیں ٹھہرے رہو اور دیکھو ہارُونؔ اور حورؔ تُمہارے ساتھ ہیں۔ جِس کِسی کا کوئی مُقدّمہ ہو وہ اُن کے پاس جائے۔
15تب مُوسیٰؔ پہاڑ کے اُوپر گیا اور پہاڑ پر گھٹا چھا گئی۔ 16اور خُداوند کا جلال کوہِ سِیناؔ پر آ کر ٹھہرا اور چھ دِن تک گھٹا اُس پر چھائی رہی اور ساتویں دِن اُس نے گھٹا میں سے مُوسیٰؔ کو بُلایا۔ 17اور بنی اِسرائیل کی نِگاہ میں پہاڑ کی چوٹی پر خُداوند کے جلال کا منظر بھسم کرنے والی آگ کی مانِند تھا۔ 18اور مُوسیٰؔ گھٹا کے بِیچ میں ہو کر پہاڑ پر چڑھ گیا اور وہ پہاڑ پر چالِیس دِن اور چالِیس رات رہا۔

موجودہ انتخاب:

خرُوج 24: URD

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in