خرُوج 16:22-31

خرُوج 16:22-31 URD

اگر کوئی آدمی کِسی کُنواری کو جِس کی نِسبت نہ ہُوئی ہو پُھسلا کر اُس سے مُباشرت کرے تو وہ ضرُور ہی اُسے مَہر دے کر اُس سے بیاہ کرے۔ لیکن اگر اُس کا باپ ہرگِز راضی نہ ہو کہ اُس لڑکی کو اُسے دے تو وہ کُنوارِیوں کے مَہر کے مُوافِق اُسے نقدی دے۔ تُو جادُوگرنی کو جِینے نہ دینا۔ جو کوئی کِسی جانور سے مُباشرت کرے وہ قطعی جان سے مارا جائے۔ جو کوئی واحد خُداوند کو چھوڑ کر کِسی اَور معبُود کے آگے قُربانی چڑھائے وہ بالکل نابُود کر دِیا جائے۔ اور تُو مُسافِر کو نہ تو ستانا نہ اُس پر سِتم کرنا اِس لِئے کہ تُم بھی مُلکِ مِصرؔ میں مُسافِر تھے۔ تُم کِسی بیوہ یا یتِیم لڑکے کو دُکھ نہ دینا۔ اگر تُو اُن کو کِسی طرح سے دُکھ دے اور وہ مُجھ سے فریاد کریں تو مَیں ضرُور اُن کی فریاد سُنوں گا۔ اور میرا قہر بھڑکے گا اور مَیں تُم کو تلوار سے مار ڈالُوں گا اور تُمہاری بیویاں بیوہ اور تُمہارے بچّے یتِیم ہو جائیں گے۔ اگر تُو میرے لوگوں میں سے کِسی مُحتاج کو جو تیرے پاس رہتا ہو کُچھ قرض دے تو اُس سے قرض خواہ کی طرح سلُوک نہ کرنا اور نہ اُس سے سُود لینا۔ اگر تُو کِسی وقت اپنے ہمسایہ کے کپڑے گِرَو رکھّ بھی لے تو سُورج کے ڈُوبنے تک اُس کو واپس کر دینا۔ کیونکہ فقط وُہی اُس کا ایک اوڑھنا ہے۔ اُس کے جِسم کا وُہی لِباس ہے۔ پِھر وہ کیا اوڑھ کر سوئے گا؟ پس جب وہ فریاد کرے گا تو مَیں اُس کی سُنوں گا کیونکہ مَیں مہربان ہُوں۔ تُو خُدا کو نہ کوسنا اور نہ اپنی قَوم کے سردار پر لَعنت بھیجنا۔ تُو اپنی کثِیر پَیداوار اور اپنے کولُھو کے رس میں سے مُجھے نذر و نیاز دینے میں دیر نہ کرنا اور اپنے بیٹوں میں سے پہلوٹھے کو مُجھے دینا۔ اپنی گایوں اور بھیڑوں سے بھی اَیسا ہی کرنا۔ سات دِن تک تو بچّہ اپنی ماں کے ساتھ رہے۔ آٹھویں دِن تُو اُسے مُجھ کو دینا۔ اور تُم میرے لِئے پاک آدمی ہونا۔ اِسی سبب سے درِندوں کے پھاڑے ہُوئے جانور کا گوشت جو مَیدان میں پڑا ہُؤا مِلے مت کھانا۔ تُم اُسے کُتّوں کے آگے پھینک دینا۔