YouVersion Logo
تلاش

خرُوج 1:15-18

خرُوج 1:15-18 URD

تب مُوسیٰؔ اور بنی اِسرائیل نے خُداوند کے لِئے یہ گِیت گایا اور یُوں کہنے لگے:- مَیں خُداوند کی ثنا گاؤُں گا کیونکہ وہ جلال کے ساتھ فتح مند ہُؤا۔ اُس نے گھوڑے کو سوار سمیت سمُندر میں ڈال دِیا خُداوند میرا زور اور راگ ہے۔ وُہی میری نجات بھی ٹھہرا۔ وہ میرا خُدا ہے۔ مَیں اُس کی بڑائی کرُوں گا وہ میرے باپ کا خُدا ہے مَیں اُس کی بزُرگی کرُوں گا۔ خُداوند صاحبِ جنگ ہے۔ یہوواؔہ اُس کا نام ہے فرِعونؔ کے رتھوں اور لشکر کو اُس نے سمُندر میں ڈال دِیا اور اُس کے چِیدہ سردار بحرِ قُلزؔم میں غرق ہُوئے۔ گہرے پانی نے اُن کو چِھپا لِیا۔ وہ پتّھر کی مانِند تہ میں چلے گئے۔ اَے خُداوند! تیرا دہنا ہاتھ قُدرت کے سبب سے جلالی ہے۔ اَے خُداوند! تیرا دہنا ہاتھ دُشمن کو چِکنا چُور کر دیتا ہے۔ تُو اپنی عظمت کے زور سے اپنے مُخالِفوں کو تہ و بالا کرتا ہے۔ تُو اپنا قہر بھیجتا ہے اور وہ اُن کو کُھونٹی کی مانِند بھسم کر ڈالتا ہے۔ تیرے نتھنوں کے دَم سے پانی کا ڈھیر لگ گیا سَیلاب تُودے کی طرح سیدھے کھڑے ہو گئے اور گہرا پانی سمُندر کے بِیچ میں جم گیا۔ دُشمن نے تو یہ کہا تھا مَیں پِیچھا کرُوں گا۔ مَیں جا پکڑُوں گا مَیں لُوٹ کا مال تقسِیم کرُوں گا۔ اُن کی تباہی سے میرا کلیجہ ٹھنڈا ہو گا۔ مَیں اپنی تلوار کھِینچ کر اپنے ہی ہاتھ سے اُن کو ہلاک کرُوں گا۔ تُو نے اپنی آندھی کو پُھونک ماری تو سمُندر نے اُن کو چِھپا لِیا۔ وہ زور کے پانی میں سیسے کی طرح ڈُوب گئے۔ معبُودوں میں اَے خُداوند۔ تیری مانِند کَون ہے؟ کَون ہے جو تیری مانِند اپنے تقدُّس کے باعِث جلالی اور اپنی مدح کے سبب سے رُعب والا اور صاحبِ کرامات ہے؟ تُو نے اپنا دہنا ہاتھ بڑھایا تو زمِین اُن کو نِگل گئی۔ اپنی رحمت سے تُو نے اُن لوگوں کو جِن کو تُو نے خلاصی بخشی راہنمائی کی۔ اور اپنے زور سے تُو اُن کو اپنے مُقدّس مکان کو لے چلا ہے۔ قومیں سُن کر تھرّا گئی ہیں اور فلِستینؔ کے باشندوں کی جان پر آ بنی ہے۔ ادوؔم کے رئِیس حَیران ہیں۔ موآؔب کے پہلوانوں کو کپکپی لگ گئی ہے۔ کنعاؔن کے سب باشندوں کے دِل پِگھلے جاتے ہیں۔ خَوف و ہراس اُن پر طاری ہے۔ تیرے بازُو کی عظمت کے سبب سے وہ پتّھر کی طرح بے حِس و حرکت ہیں جب تک اَے خُداوند تیرے لوگ نِکل نہ جائیں۔ جب تک تیرے لوگ جِن کو تُو نے خرِیدا ہے پار نہ ہو جائیں۔ تُو اُن کو وہاں لے جا کر اپنی مِیراث کے پہاڑ پر درخت کی طرح لگائے گا۔ تُو اُن کو اُسی جگہ لے جائے گا جِسے تُو نے اپنی سکُونت کے لِئے بنایا ہے۔ اَے خُداوند! وہ تیری جایِ مُقدّس ہے جِسے تیرے ہاتھوں نے قائِم کِیا ہے۔ خُداوند ابدُالآباد سلطنت کرے گا۔

پڑھیں خرُوج 15

سنیں خرُوج 15