YouVersion Logo
تلاش

خرُوج 5:14-29

خرُوج 5:14-29 URD

جب مِصرؔ کے بادشاہ کو خبر مِلی کہ وہ لوگ چل دِئے تو فرِعونؔ اور اُس کے خادِموں کا دِل اُن لوگوں کی طرف سے پِھر گیا اور وہ کہنے لگے کہ ہم نے یہ کیا کِیا کہ اِسرائیلیوں کو اپنی خِدمت سے چُھٹّی دے کر اُن کو جانے دِیا۔ تب اُس نے اپنا رتھ تیّار کروایا اور اپنی قَوم کے لوگوں کو ساتھ لِیا۔ اور اُس نے چھ سو چُنے ہُوئے رتھ بلکہ مِصرؔ کے سب رتھ لِئے اور اُن سبھوں میں سرداروں کو بِٹھایا۔ اور خُداوند نے مِصرؔ کے بادشاہ فرِعونؔ کے دِل کو سخت کر دِیا اور اُس نے بنی اِسرائیل کا پِیچھا کِیا کیونکہ بنی اِسرائیل بڑے فخر سے نِکلے تھے۔ اور مِصری فوج نے فرِعونؔ کے سب گھوڑوں اور رتھوں اور سواروں سمیت اُن کا پِیچھا کِیا اور اُن کو جب وہ سمُندر کے کِنارے فی ہخِیروؔت کے پاس بعل صفونؔ کے سامنے ڈیرا لگا رہے تھے جا لِیا۔ اور جب فرِعونؔ نزدِیک آ گیا تب بنی اِسرائیل نے آنکھ اُٹھا کر دیکھا کہ مِصری اُن کا پِیچھا کِئے چلے آتے ہیں اور وہ نہایت خَوف زدہ ہو گئے۔ تب بنی اِسرائیل نے خُداوند سے فریاد کی۔ اور مُوسیٰؔ سے کہنے لگے کیا مِصرؔ میں قبریں نہ تِھیں جو تُو ہم کو وہاں سے مَرنے کے لِئے بیابان میں لے آیا ہے؟ تُو نے ہم سے یہ کیا کِیا کہ ہم کو مِصرؔ سے نِکال لایا؟ کیا ہم تُجھ سے مِصرؔ میں یہ بات نہ کہتے تھے کہ ہم کو رہنے دے کہ ہم مِصریوں کی خِدمت کریں؟ کیونکہ ہمارے لِئے مِصریوں کی خِدمت کرنا بیابان میں مَرنے سے بہتر ہوتا۔ تب مُوسیٰ ؔنے لوگوں سے کہا ڈرو مت۔ چُپ چاپ کھڑے ہو کر خُداوند کی نجات کے کام کو دیکھو جو وہ آج تُمہارے لِئے کرے گا کیونکہ جِن مِصریوں کو تُم آج دیکھتے ہو اُن کو پِھر کبھی ابد تک نہ دیکھو گے۔ خُداوند تُمہاری طرف سے جنگ کرے گا اور تُم خاموش رہو گے۔ اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ تُو کیوں مُجھ سے فریاد کر رہا ہے؟ بنی اِسرائیل سے کہہ کہ وہ آگے بڑھیں۔ اور تُو اپنی لاٹھی اُٹھا کر اپنا ہاتھ سمُندر کے اُوپر بڑھا اور اُسے دو حِصّے کر اور بنی اِسرائیل سمُندر کے بِیچ میں سے خُشک زمِین پر چل کر نِکل جائیں گے۔ اور دیکھ مَیں مِصریوں کے دِل سخت کر دُوں گا اور وہ اُن کا پِیچھا کریں گے اور مَیں فرِعونؔ اور اُس کی سِپاہ اور اُس کے رتھوں اور سواروں پر مُمتاز ہُوں گا۔ اور جب مَیں فرِعونؔ اور اُس کے رتھوں اور سواروں پر مُمتاز ہو جاؤُں گا تو مِصری جان لیں گے کہ مَیں ہی خُداوند ہُوں۔ اور خُدا کا فرِشتہ جو اِسرائیلی لشکر کے آگے آگے چلا کرتا تھا جا کر اُن کے پِیچھے ہو گیا اور بادل کا وہ سُتُون اُن کے سامنے سے ہٹ کر اُن کے پِیچھے جا ٹھہرا۔ یُوں وہ مِصریوں کے لشکر اور اسرائیلی لشکر کے بِیچ میں ہو گیا۔ سو وہاں بادل بھی تھا اور اندھیرا بھی تَو بھی رات کو اُس سے رَوشنی رہی۔ پس وہ رات بھر ایک دُوسرے کے پاس نہیں آئے۔ پِھر مُوسیٰؔ نے اپنا ہاتھ سمُندر کے اُوپر بڑھایا اور خُداوند نے رات بھر تُند پُوربی آندھی چلا کر اور سمُندر کو پِیچھے ہٹا کر اُسے خُشک زمِین بنا دِیا اور پانی دو حِصّے ہو گیا۔ اور بنی اِسرائیل سمُندر کے بِیچ میں سے خُشک زمِین پر چل کر نِکل گئے اور اُن کے دہنے اور بائیں ہاتھ پانی دِیوار کی طرح تھا۔ اور مِصریوں نے تعاقُب کِیا اور فرِعونؔ کے سب گھوڑے اور رتھ اور سوار اُن کے پِیچھے پِیچھے سمُندر کے بِیچ میں چلے گئے۔ اور رات کے پِچھلے پہر خُداوند نے آگ اور بادل کے سُتُون میں سے مِصریوں کے لشکر پر نظر کی اور اُن کے لشکر کو گھبرا دِیا۔ اور اُس نے اُن کے رتھوں کے پہیّوں کو نِکال ڈالا۔ سو اُن کا چلانا مُشکل ہو گیا۔ تب مِصری کہنے لگے آؤ ہم اِسرائیلیوں کے سامنے سے بھاگیں کیونکہ خُداوند اُن کی طرف سے مِصریوں کے ساتھ جنگ کرتا ہے۔ اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ اپنا ہاتھ سمُندر کے اُوپر بڑھا تاکہ پانی مِصریوں اور اُن کے رتھوں اور سواروں پر پِھر بہنے لگے۔ اور مُوسیٰؔ نے اپنا ہاتھ سمُندر کے اُوپر بڑھایا اور صُبح ہوتے ہوتے سمُندر پِھر اپنی اصلی قُوّت پر آ گیا اور مِصری اُلٹے بھاگنے لگے اور خُداوند نے سمُندر کے بِیچ ہی میں مِصریوں کو تہ و بالا کر دِیا۔ اور پانی پلٹ کر آیا اور اُس نے رتھوں اور سواروں اور فرِعونؔ کے سارے لشکر کو جو اِسرائیلیوں کا پِیچھا کرتا ہُؤا سمُندر میں گیا تھا غرق کر دِیا اور ایک بھی اُن میں سے باقی نہ چُھوٹا۔ پر بنی اِسرائیل سمُندر کے بِیچ میں سے خُشک زمِین پر چل کر نِکل گئے اور پانی اُن کے دہنے اور بائیں ہاتھ دِیوار کی طرح رہا۔

پڑھیں خرُوج 14

سنیں خرُوج 14