YouVersion Logo
تلاش

خرُوج 15:14-31

خرُوج 15:14-31 URD

اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ تُو کیوں مُجھ سے فریاد کر رہا ہے؟ بنی اِسرائیل سے کہہ کہ وہ آگے بڑھیں۔ اور تُو اپنی لاٹھی اُٹھا کر اپنا ہاتھ سمُندر کے اُوپر بڑھا اور اُسے دو حِصّے کر اور بنی اِسرائیل سمُندر کے بِیچ میں سے خُشک زمِین پر چل کر نِکل جائیں گے۔ اور دیکھ مَیں مِصریوں کے دِل سخت کر دُوں گا اور وہ اُن کا پِیچھا کریں گے اور مَیں فرِعونؔ اور اُس کی سِپاہ اور اُس کے رتھوں اور سواروں پر مُمتاز ہُوں گا۔ اور جب مَیں فرِعونؔ اور اُس کے رتھوں اور سواروں پر مُمتاز ہو جاؤُں گا تو مِصری جان لیں گے کہ مَیں ہی خُداوند ہُوں۔ اور خُدا کا فرِشتہ جو اِسرائیلی لشکر کے آگے آگے چلا کرتا تھا جا کر اُن کے پِیچھے ہو گیا اور بادل کا وہ سُتُون اُن کے سامنے سے ہٹ کر اُن کے پِیچھے جا ٹھہرا۔ یُوں وہ مِصریوں کے لشکر اور اسرائیلی لشکر کے بِیچ میں ہو گیا۔ سو وہاں بادل بھی تھا اور اندھیرا بھی تَو بھی رات کو اُس سے رَوشنی رہی۔ پس وہ رات بھر ایک دُوسرے کے پاس نہیں آئے۔ پِھر مُوسیٰؔ نے اپنا ہاتھ سمُندر کے اُوپر بڑھایا اور خُداوند نے رات بھر تُند پُوربی آندھی چلا کر اور سمُندر کو پِیچھے ہٹا کر اُسے خُشک زمِین بنا دِیا اور پانی دو حِصّے ہو گیا۔ اور بنی اِسرائیل سمُندر کے بِیچ میں سے خُشک زمِین پر چل کر نِکل گئے اور اُن کے دہنے اور بائیں ہاتھ پانی دِیوار کی طرح تھا۔ اور مِصریوں نے تعاقُب کِیا اور فرِعونؔ کے سب گھوڑے اور رتھ اور سوار اُن کے پِیچھے پِیچھے سمُندر کے بِیچ میں چلے گئے۔ اور رات کے پِچھلے پہر خُداوند نے آگ اور بادل کے سُتُون میں سے مِصریوں کے لشکر پر نظر کی اور اُن کے لشکر کو گھبرا دِیا۔ اور اُس نے اُن کے رتھوں کے پہیّوں کو نِکال ڈالا۔ سو اُن کا چلانا مُشکل ہو گیا۔ تب مِصری کہنے لگے آؤ ہم اِسرائیلیوں کے سامنے سے بھاگیں کیونکہ خُداوند اُن کی طرف سے مِصریوں کے ساتھ جنگ کرتا ہے۔ اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ اپنا ہاتھ سمُندر کے اُوپر بڑھا تاکہ پانی مِصریوں اور اُن کے رتھوں اور سواروں پر پِھر بہنے لگے۔ اور مُوسیٰؔ نے اپنا ہاتھ سمُندر کے اُوپر بڑھایا اور صُبح ہوتے ہوتے سمُندر پِھر اپنی اصلی قُوّت پر آ گیا اور مِصری اُلٹے بھاگنے لگے اور خُداوند نے سمُندر کے بِیچ ہی میں مِصریوں کو تہ و بالا کر دِیا۔ اور پانی پلٹ کر آیا اور اُس نے رتھوں اور سواروں اور فرِعونؔ کے سارے لشکر کو جو اِسرائیلیوں کا پِیچھا کرتا ہُؤا سمُندر میں گیا تھا غرق کر دِیا اور ایک بھی اُن میں سے باقی نہ چُھوٹا۔ پر بنی اِسرائیل سمُندر کے بِیچ میں سے خُشک زمِین پر چل کر نِکل گئے اور پانی اُن کے دہنے اور بائیں ہاتھ دِیوار کی طرح رہا۔ سو خُداوند نے اُس دِن اِسرائیلیوں کو مِصریوں کے ہاتھ سے اِس طرح بچایا اور اِسرائیلیوں نے مِصریوں کو سمُندر کے کِنارے مَرے ہُوئے پڑے دیکھا۔ اور اِسرائیلِیوں نے وہ بڑی قُدرت جو خُداوند نے مِصریوں پر ظاہِر کی دیکھی اور وہ لوگ خُداوند سے ڈرے اور خُداوند پر اور اُس کے بندہ مُوسیٰؔ پر اِیمان لائے۔

پڑھیں خرُوج 14

سنیں خرُوج 14