اِسرائیلؔ کے بیٹوں کے نام جو اپنے اپنے گھرانے کو لے کر یعقُوبؔ کے ساتھ مِصرؔ میں آئے یہ ہیں۔ رُوؔبن۔ شمعُوؔن۔ لاوؔی۔ یہُوداؔہ۔ اِشکارؔ۔ زبُولُونؔ۔ بِنیمِینؔ۔ دانؔ۔ نفتالیؔ۔ جدؔ۔ آشرؔ۔ اور سب جانیں جو یعقُوبؔ کے صُلب سے پَیدا ہُوئِیں ستّر تِھیں اور یُوسفؔ تو مِصرؔ میں پہلے ہی سے تھا۔ اور یُوسفؔ اور اُس کے سب بھائی اور اُس پُشت کے سب لوگ مَر مِٹے۔ اور اِسرائیلؔ کی اَولاد برومند اور کثِیراُلتعداد اور فراوان اور نہایت زورآور ہو گئی اور وہ مُلک اُن سے بھر گیا۔ تب مِصرؔ میں ایک نیا بادشاہ ہُؤا جو یُوسفؔ کو نہیں جانتا تھا۔ اور اُس نے اپنی قَوم کے لوگوں سے کہا دیکھو اِسرائیلی ہم سے زِیادہ اور قوّی ہو گئے ہیں۔ سو آؤ ہم اُن کے ساتھ حِکمت سے پیش آئیں تا نہ ہو کہ جب وہ اَور زِیادہ ہو جائیں اور اُس وقت جنگ چِھڑ جائے تو وہ ہمارے دُشمنوں سے مِل کر ہم سے لڑیں اور مُلک سے نِکل جائیں۔ اِس لِئے اُنہوں نے اُن پر بیگار لینے والے مُقرّر کِئے جو اُن سے سخت کام لے لے کر اُن کو ستائیں۔ سو اُنہوں نے فرِعونؔ کے لِئے ذخِیرہ کے شہر پتوؔم اور رعمسیسؔ بنائے۔ پر اُنہوں نے جِتنا اُن کو ستایا وہ اُتنا ہی زِیادہ بڑھتے اور پَھیلتے گئے۔ اِس لِئے وہ لوگ بنی اِسرائیل کی طرف سے فِکرمند ہو گئے۔ اور مِصریوں نے بنی اِسرائیل پر تشدّد کر کر کے اُن سے کام کرایا۔ اور اُنہوں نے اُن سے سخت مِحنت سے گارا اور اِینٹ بنوا بنوا کر اور کھیت میں ہر قِسم کی خِدمت لے لے کر اُن کی زِندگی تلخ کی۔ اُن کی سب خِدمتیں جو وہ اُن سے کراتے تھے تشدُّد کی تِھیں۔ تب مِصرؔ کے بادشاہ نے عِبرانی دائِیوں سے جِن میں ایک کا نام سِفرؔہ اور دُوسری کا فوعہؔ تھا باتیں کِیں۔ اور کہا کہ جب عِبرانی عَورتوں کے تُم بچّہ جناؤ اور اُن کو پتّھر کی بَیٹکھوں پر بَیٹھی دیکھو تو اگر بیٹا ہو تو اُسے مار ڈالنا اور اگر بیٹی ہو تو وہ جِیتی رہے۔ لیکن وہ دائیاں خُدا سے ڈرتی تِھیں۔ سو اُنہوں نے مِصرؔ کے بادشاہ کا حُکم نہ مانا بلکہ لڑکوں کو جِیتا چھوڑ دیتی تِھیں۔ پِھر مِصرؔ کے بادشاہ نے دائیوں کو بُلوا کر اُن سے کہا تُم نے اَیسا کیوں کِیا کہ لڑکوں کو جِیتا رہنے دِیا؟ دائیوں نے فرِعونؔ سے کہا عِبرانی عَورتیں مِصری عَورتوں کی طرح نہیں ہیں۔ وہ اَیسی مضبُوط ہوتی ہیں کہ دائیوں کے پُہنچنے سے پہلے ہی جَن کر فارِغ ہو جاتی ہیں۔ پس خُدا نے دائیوں کا بھلا کِیا اور لوگ بڑھے اور بُہت زبردست ہو گئے۔ اور اِس سبب سے کہ دائیاں خُدا سے ڈرِیں اُس نے اُن کے گھر آباد کر دِئے۔
پڑھیں خرُوج 1
سنیں خرُوج 1
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: خرُوج 1:1-21
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos