یہ وہ فرمان اور آئِین اور احکام ہیں جِن کو خُداوند تُمہارے خُدا نے تُم کو سِکھانے کا حُکم دِیا ہے تاکہ تُم اُن پر اُس مُلک میں عمل کرو جِس پر قبضہ کرنے کے لِئے پار جانے کو ہو۔ اور تُو اپنے بیٹوں اور پوتوں سمیت خُداوند اپنے خُدا کا خَوف مان کر اُس کے تمام آئِین اور احکام پر جو مَیں تُجھ کو بتاتا ہُوں زِندگی بھر عمل کرنا تاکہ تیری عُمر دراز ہو۔ اِس لِئے اَے اِسرائیلؔ! سُن اور اِحتیاط کر کے اُن پر عمل کر تاکہ تیرا بھلا ہو اور تُم خُداوند اپنے باپ دادا کے خُدا کے وعدہ کے مُطابِق اُس مُلک میں جِس میں دُودھ اور شہد بہتا ہے نہایت بڑھ جاؤ۔ سُن اَے اِسرائیلؔ! خُداوند ہمارا خُدا ایک ہی خُداوند ہے۔ تُو اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان اور اپنی ساری طاقت سے خُداوند اپنے خُدا سے مُحبّت رکھ۔ اور یہ باتیں جِن کا حُکم آج مَیں تُجھے دیتا ہُوں تیرے دِل پر نقش رہیں۔ اور تُو اِن کو اپنی اَولاد کے ذِہن نشِین کرنا اور گھر بَیٹھے اور راہ چلتے اور لیٹتے اور اُٹھتے وقت اِن کا ذِکر کِیا کرنا۔ اور تُو نِشان کے طَور پر اِن کو اپنے ہاتھ پر باندھنا اور وہ تیری پیشانی پر ٹِیکوں کی مانِند ہوں۔ اور تُو اُن کو اپنے گھر کی چَوکھٹوں اور اپنے پھاٹکوں پر لِکھنا۔ اور جب خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو اُس مُلک میں پُہنچائے جِسے تُجھ کو دینے کی قَسم اُس نے تیرے باپ دادا ابرہامؔ اور اِضحاقؔ اور یعقُوبؔ سے کھائی اور جب وہ تُجھ کو بڑے بڑے اور اچھّے شہر جِن کو تُو نے نہیں بنایا۔ اور اچّھّی اچّھّی چِیزوں سے بھرے ہُوئے گھر جِن کو تُو نے نہیں بھرا اور کھودے کُھدائے حَوض جو تُو نے نہیں کھودے اور انگُور کے باغ اور زَیتُونؔ کے درخت جو تُو نے نہیں لگائے عنایت کرے اور تُو کھائے اور سیر ہو۔ تو تُو ہوشیار رہنا تا اَیسا نہ ہو کہ تُو خُداوند کو جو تُجھ کو مُلکِ مِصرؔ یعنی غُلامی کے گھر سے نِکال لایا بُھول جائے۔
پڑھیں اِستِثنا 6
سنیں اِستِثنا 6
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: اِستِثنا 1:6-12
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos