YouVersion Logo
تلاش

اِستِثنا 1:28-15

اِستِثنا 1:28-15 URD

اور اگر تُو خُداوند اپنے خُدا کی بات کو جانفشانی سے مان کر اُس کے اِن سب حُکموں پر جو آج کے دِن مَیں تُجھ کو دیتا ہُوں اِحتیاط سے عمل کرے تو خُداوند تیرا خُدا دُنیا کی سب قَوموں سے زیادہ تُجھ کو سرفراز کرے گا۔ اور اگر تُو خُداوند اپنے خُدا کی بات سُنے تو یہ سب برکتیں تُجھ پر نازِل ہوں گی اور تُجھ کو مِلیں گی۔ شہر میں بھی تُو مُبارک ہو گا اور کھیت میں بھی مُبارک ہو گا۔ تیری اَولاد اور تیری زمِین کی پَیداوار اور تیرے چَوپایوں کے بچّے یعنی گائے بَیل کی بڑھتی اور تیری بھیڑ بکرِیوں کے بچّے مُبارک ہوں گے۔ تیرا ٹوکرا اور تیری کٹھوتی دونوں مُبارک ہوں گے۔ اور تُو اندر آتے وقت مُبارک ہو گا اور باہر جاتے وقت بھی مُبارک ہو گا۔ خُداوند تیرے دُشمنوں کو جو تُجھ پر حملہ کریں تیرے رُوبرُو شِکست دِلائے گا۔ وہ تیرے مُقابلہ کو تو ایک ہی راستہ سے آئیں گے پر سات سات راستوں سے ہو کر تیرے آگے سے بھاگیں گے۔ خُداوند تیرے انبار خانوں میں اور سب کاموں میں جِن میں تُو ہاتھ لگائے برکت کا حُکم دے گا اور خُداوند تیرا خُدا اُس مُلک میں جِسے وہ تُجھ کو دیتا ہے تُجھ کو برکت بخشے گا۔ اگر تُو خُداوند اپنے خُدا کے حُکموں کو مانے اور اُس کی راہوں پر چلے تو خُداوند اپنی اُس قَسم کے مُطابِق جو اُس نے تُجھ سے کھائی تُجھ کو اپنی پاک قَوم بنا کر قائِم رکھّے گا۔ اور دُنیا کی سب قَومیں یہ دیکھ کر کہ تُو خُداوند کے نام سے کہلاتا ہے تُجھ سے ڈر جائیں گی۔ اور جِس مُلک کو تُجھ کو دینے کی قَسم خُداوند نے تیرے باپ دادا سے کھائی تھی اُس میں خُداوند تیری اَولاد کو اور تیرے چَوپایوں کے بچّوں کو اور تیری زمِین کی پَیداوار کو خُوب بڑھا کر تُجھ کو برومند کرے گا۔ خُداوند آسمان کو جو اُس کا اچھّا خرانہ ہے تیرے لِئے کھول دے گا کہ تیرے مُلک میں وقت پر مِینہہ برسائے اور وہ تیرے سب کاموں میں جِن میں تُو ہاتھ لگائے برکت دے گا اور تُو بُہت سی قَوموں کو قرض دے گا پر خُود قرض نہیں لے گا۔ اور خُداوند تُجھ کو دُم نہیں بلکہ سر ٹھہرائے گا اور تُو پست نہیں بلکہ سرفراز ہی رہے گا بشرطیکہ تُو خُداوند اپنے خُدا کے حُکموں کو جو مَیں تُجھ کو آج کے دِن دیتا ہُوں سُنے اور اِحتیاط سے اُن پر عمل کرے۔ اور جِن باتوں کا مَیں آج کے دِن تُجھ حُکم دیتا ہُوں اُن میں سے کِسی سے دہنے یا بائیں ہاتھ مُڑ کر اَور معبُودوں کی پَیروی اور عِبادت نہ کرے۔ لیکن اگر تُو اَیسا نہ کرے کہ خُداوند اپنے خُدا کی بات سُن کر اُس کے سب احکام اور آئِین پر جو آج کے دِن مَیں تُجھ کو دیتا ہُوں اِحتیاط سے عمل کرے تو یہ سب لَعنتیں تُجھ پر نازِل ہوں گی اور تُجھ کو لگیں گی۔