عامُوس 4
4
1اَے بسن کی گایو جو کوہِ سامرؔیہ پر رہتی ہو اور غرِیبوں کو ستاتی اور مِسکِینوں کو کُچلتی اور اپنے مالِکوں سے کہتی ہو لاؤ ہم پِئیں تُم یہ بات سُنو۔ 2خُداوند خُدا نے اپنی پاکِیزگی کی قَسم کھائی ہے کہ تُم پر وہ دِن آئیں گے جب تُم کو آنکڑیوں سے اور تُمہاری اَولاد کو شَستوں سے کھینچ لے جائیں گے۔ 3اور خُداوند فرماتا ہے تُم میں سے ہر ایک اُس رخنہ سے جو اُس کے سامنے ہو گا نِکل بھاگے گی اور تُم قَید میں ڈالی جاؤ گی۔
اِسرائیلؔ کُچھ نہیں سِیکھتا
4بَیت اؔیل میں آؤ اور گُناہ کرو اور جِلجاؔل میں کثرت سے گُناہ کرو۔ ہر صُبح اپنی قُربانِیاں اور ہر تِیسرے روز دَہ یکی لاؤ۔ 5اور شُکرگُذاری کا ہدیہ خمِیر کے ساتھ آگ پر گُذرانو اور رضا کی قُربانی کا اِعلان کرو اور اُس کو مشہُور کرو کیونکہ اَے بنی اِسرائیل یہ سب کام تُم کو پسند ہیں خُداوند خُدا فرماتا ہے۔
6خُداوند فرماتا ہے اگرچہ مَیں نے تُم کو تُمہارے ہر شہر میں دانتوں کی صفائی اور تُمہارے ہر مکان میں روٹی کی کمی دی ہے تَو بھی تُم میری طرف رجُوع نہ لائے۔ 7اور اگرچہ مَیں نے مِینہہ کو جب کہ فصل پکنے میں تِین مہِینے باقی تھے تُم سے روک لِیا اور ایک شہر پر برسایا اور دُوسرے سے روک رکھّا ایک قِطعہ زمِین پر برسا اور دُوسرا قِطعہ بارِش نہ ہونے کے باعِث سُوکھ گیا۔ 8اور دو تِین بستِیاں آوارہ ہو کر ایک بستی میں آئیں تاکہ لوگ پانی پِئیں پر وہ آسُودہ نہ ہُوئے تَو بھی تُم میری طرف رجُوع نہ لائے خُداوند فرماتا ہے۔
9پِھر مَیں نے تُم پر بادِ سمُوم اور گیروئی کی آفت بھیجی اور تُمہارے بے شُمار باغ اور تاکِستان اور انجِیر اور زَیتُون کے درخت ٹِڈّیوں نے کھا لِئے تَو بھی تُم میری طرف رجُوع نہ لائے خُداوند فرماتا ہے۔
10مَیں نے مِصرؔ کی سی وبا تُم پر بھیجی اور تُمہارے جوانوں کو تلوار سے قتل کِیا۔ تُمہارے گھوڑے چِھین لِئے اور تُمہاری لشکر گاہ کی بدبُو تُمہارے نتھنوں میں پُہنچی تَو بھی تُم میری طرف رجُوع نہ لائے خُداوند فرماتا ہے۔
11مَیں نے تُم میں سے بعض کو اُلٹ دِیا جَیسے خُدا نے سدُوؔم اور عمُورؔہ کو اُلٹ دِیا تھا اور تُم اُس لُکٹی کی مانِند ہُوئے جو آگ سے نِکالی جائے تَو بھی تُم میری طرف رجُوع نہ لائے خُداوند فرماتا ہے۔ 12پس اَے اِسرائیل مَیں تُجھ سے یُوں ہی کرُوں گا اور چُونکہ مَیں تُجھ سے یُوں کرُوں گا اِس لِئے اَے اِسرائیل تُو اپنے خُدا سے مُلاقات کی تیّاری کر۔
13کیونکہ دیکھ اُسی نے پہاڑوں کو بنایا
اور ہوا کو پَیدا کِیا۔
وہ اِنسان پر اُس کے خیالات کو ظاہِر کرتا ہے
اور صُبح کو تارِیک بنا دیتا ہے
اور زمِین کے اُونچے مقامات پر چلتا ہے۔
اُس کا نام خُداوند ربُّ الافواج ہے۔
موجودہ انتخاب:
عامُوس 4: URD
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.