YouVersion Logo
تلاش

اَعمال 1:7-19

اَعمال 1:7-19 URD

پِھر سردار کاہِن نے کہا کیا یہ باتیں اِسی طرح پر ہیں؟ اُس نے کہا اَے بھائِیو اور بزُرگو سُنو! خُدایِ ذُوالجلال ہمارے باپ ابرہامؔ پر اُس وقت ظاہِر ہُؤا جب وہ حاران میں بسنے سے پیشتر مسوپتامیہ میں تھا۔ اور اُس سے کہا کہ اپنے مُلک اور اپنے کُنبے سے نِکل کر اُس مُلک میں چلا جا جِسے مَیں تُجھے دِکھاؤں گا۔ اِس پر وہ کَسدِیوں کے مُلک سے نِکل کر حاراؔن میں جا بسا اور وہاں سے اُس کے باپ کے مَرنے کے بعد خُدا نے اُس کو اِس مُلک میں لا کر بسا دِیا جِس میں تُم اب بستے ہو۔ اور اُس کو کُچھ مِیراث بلکہ قدم رکھنے کی بھی اُس میں جگہ نہ دی مگر وعدہ کِیا کہ مَیں یہ زمِین تیرے اور تیرے بعد تیری نسل کے قبضہ میں کر دُوں گا حالانکہ اُس کے اَولاد نہ تھی۔ اور خُدا نے یہ فرمایا کہ تیری نسل غَیر مُلک میں پردیسی ہو گی۔ وہ اُن کو غُلامی میں رکھّیں گے اور چار سَو برس تک اُن سے بدسلُوکی کریں گے۔ پِھر خُدا نے کہا کہ جِس قَوم کی وہ غُلامی میں رہیں گے اُس کو مَیں سزا دُوں گا اور اُس کے بعد وہ نِکل کر اِسی جگہ میری عِبادت کریں گے۔ اور اُس نے اُس سے خَتنہ کا عہد باندھا اور اِسی حالت میں ابرہامؔ سے اِضحاقؔ پَیدا ہُؤا اور آٹھویں دِن اُس کا خَتنہ کِیا گیا اور اِضحاقؔ سے یعقُوبؔ اور یعقُوبؔ سے بارہ قبِیلوں کے بزُرگ پَیدا ہُوئے۔ اور بزُرگوں نے حسد میں آ کر یُوسفؔ کو بیچا کہ مِصرؔ میں پُہنچ جائے مگر خُدا اُس کے ساتھ تھا۔ اور اُس کی سب مُصِیبتوں سے اُس نے اُس کو چُھڑایا اور مِصرؔ کے بادشاہ فرِعونؔ کے نزدِیک اُس کو مقبُولِیّت اور حِکمت بخشی اور اُس نے اُسے مِصرؔ اور اپنے سارے گھر کا سردار کر دِیا۔ پِھر مِصرؔ کے سارے مُلک اور کنعاؔن میں کال پڑا اور بڑی مُصِیبت آئی اور ہمارے باپ دادا کو کھانا نہ مِلتا تھا۔ لیکن یعقُوب نے یہ سُن کر کہ مِصرؔ میں اناج ہے ہمارے باپ دادا کو پہلی بار بھیجا۔ اور دُوسری بار یُوسفؔ اپنے بھائِیوں پر ظاہِر ہو گیا اور یُوسفؔ کی قَومِیّت فرِعونؔ کو معلُوم ہو گئی۔ پِھر یُوسفؔ نے اپنے باپ یعقُوبؔ اور سارے کُنبے کو جو پچھتّر جانیں تِھیں بُلا بھیجا۔ اور یعقُوبؔ مِصرؔ میں گیا۔ وہاں وہ اور ہمارے باپ دادا مَر گئے۔ اور وہ شہرِ سِکم میں پُہنچائے گئے اور اُس مقبرہ میں دفن کِئے گئے جِس کو ابرہامؔ نے سِکم میں رُوپیہ دے کر بنی ہمور سے مول لِیا تھا۔ لیکن جب اُس وعدہ کی مِیعاد پُوری ہونے کو تھی جو خُدا نے ابرہامؔ سے فرمایا تھا تو مِصرؔ میں وہ اُمّت بڑھ گئی اور اُن کا شُمار زِیادہ ہوتا گیا۔ اُس وقت تک کہ دُوسرا بادشاہ مِصرؔ پر حُکمران ہُؤا جو یُوسفؔ کو نہ جانتا تھا۔ اُس نے ہماری قَوم سے چالاکی کر کے ہمارے باپ دادا کے ساتھ یہاں تک بدسلُوکی کی کہ اُنہیں اپنے بچّے پَھینکنے پڑے تاکہ زِندہ نہ رہیں۔

پڑھیں اَعمال 7

سنیں اَعمال 7