پِھر وہ دِربے اور لُسترؔہ میں بھی پُہنچا۔ تو دیکھو وہاں تِیمُتِھیُس نام ایک شاگِرد تھا۔ اُس کی ماں تو یہُودی تھی جو اِیمان لے آئی تھی مگر اُس کا باپ یُونانی تھا۔ وہ لُسترؔہ اور اکُنیُم کے بھائِیوں میں نیک نام تھا۔ پَولُس نے چاہا کہ یہ میرے ساتھ چلے۔ پس اُس کو لے کر اُن یہُودِیوں کے سبب سے جو اُس نواح میں تھے اُس کا خَتنہ کر دِیا کیونکہ وہ سب جانتے تھے کہ اِس کا باپ یُونانی ہے۔ اور وہ جِن جِن شہروں میں سے گُذرتے تھے وہاں کے لوگوں کو وہ اَحکام عمل کرنے کے لِئے پُہنچاتے جاتے تھے جو یروشلِیم کے رسُولوں اور بزُرگوں نے جاری کِئے تھے۔ پس کلِیسیائیں اِیمان میں مضبُوط اور شُمار میں روز بروز زِیادہ ہوتی گئیں۔ اور وہ فرُوؔگیہ اور گِلَتیہ کے عِلاقہ میں سے گُزرے کیونکہ رُوحُ القُدس نے اُنہیں آسیہ میں کلام سُنانے سے منع کِیا۔ اور اُنہوں نے مُوسیہ کے قرِیب پُہنچ کر بِتُونیہ میں جانے کی کوشِش کی مگر یِسُوعؔ کے رُوح نے اُنہیں جانے نہ دِیا۔ پس وہ مُوسیہ سے گُذر کر تروآؔس میں آئے۔ اور پَولُس نے رات کو رویا میں دیکھا کہ ایک مَکِدُنی آدمی کھڑا ہُؤا اُس کی مِنّت کر کے کہتا ہے کہ پار اُتر کر مَکِدُنیہ میں آ اور ہماری مدد کر۔ اُس کے رویا دیکھتے ہی ہم نے فَوراً مَکِدُنیہ میں جانے کا اِرادہ کِیا کیونکہ ہم اِس سے یہ سمجھے کہ خُدا نے اُنہیں خُوشخبری دینے کے لِئے ہم کو بُلایا ہے۔ پس تروآؔس سے جہاز پر روانہ ہو کر ہم سِیدھے سمُتراکے میں اور دُوسرے دِن نیا پُلِس میں آئے۔ اور وہاں سے فِلِپّی میں پُہنچے جو مَکِدُنیہ کا شہر اور اُس قِسمت کا صدر اور رُومِیوں کی بستی ہے اور ہم چند روز اُس شہر میں رہے۔ اور سبت کے دِن شہر کے دروازہ کے باہر ندی کے کنارے گئے جہاں سمجھے کہ دُعا کرنے کی جگہ ہو گی اور بَیٹھ کر اُن عَورتوں سے جو اِکٹّھی ہُوئی تِھیں کلام کرنے لگے۔ اور تھواتِیرؔہ شہر کی ایک خُدا پرست عَورت لُدِیہ نام قِرمز بیچنے والی بھی سُنتی تھی۔ اُس کا دِل خُداوند نے کھولا تاکہ پَولُس کی باتوں پر توجُّہ کرے۔ اور جب اُس نے اپنے گھرانے سمیت بپتِسمہ لے لِیا تو مِنّت کر کے کہا کہ اگر تُم مُجھے خُداوند کی اِیمان دار بندی سمجھتے ہو تو چل کر میرے گھر میں رہو۔ پس اُس نے ہمیں مجبُور کِیا۔
پڑھیں اَعمال 16
سنیں اَعمال 16
شئیر
تمام آیات کا موازنہ کریں: اَعمال 1:16-15
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos