اِس پر رسُولوں اور بزُرگوں نے ساری کلِیسیا سمیت مُناسِب جانا کہ اپنے میں سے چند شخص چُن کر پَولُس اور برنباؔس کے ساتھ انطاکِیہ کو بھیجیں یعنی یہُوداؔہ کو جو برسبّا کہلاتا ہے اور سِیلاؔس کو۔ یہ شخص بھائِیوں میں مُقدِّم تھے۔ اور اِن کے ہاتھ یہ لِکھ بھیجا کہ انطاکِیہ اور سُورؔیہ اور کِلِکیہ کے رہنے والے بھائِیوں کو جو غَیر قَوموں میں سے ہیں رسُولوں اور بزُرگ بھائِیوں کا سلام پُہنچے۔ چُونکہ ہم نے سُنا ہے کہ بعض نے ہم میں سے جِن کو ہم نے حُکم نہ دِیا تھا وہاں جا کر تُمہیں اپنی باتوں سے گھبرا دِیا اور تُمہارے دِلوں کو اُلٹ دِیا۔ اِس لِئے ہم نے ایک دِل ہو کر مُناسِب جانا کہ بعض چُنے ہُوئے آدمِیوں کو اپنے عزِیزوں برنباؔس اور پَولُس کے ساتھ تُمہارے پاس بھیجیں۔ یہ دونوں اَیسے آدمی ہیں جِنہوں نے اپنی جانیں ہمارے خُداوند یِسُوع مسِیح کے نام پر نِثار کر رکھّی ہیں۔ چُنانچہ ہم نے یہُوداؔہ اور سِیلاؔس کو بھیجا ہے۔ وہ یِہی باتیں زُبانی بھی بیان کریں گے۔ کیونکہ رُوحُ القُدس نے اور ہم نے مُناسِب جانا کہ اِن ضرُوری باتوں کے سِوا تُم پر اَور بوجھ نہ ڈالیں۔ کہ تُم بُتوں کی قُربانِیوں کے گوشت سے اور لہُو اور گلا گھونٹے ہُوئے جانوروں اور حرام کاری سے پرہیز کرو۔ اگر تُم اِن چِیزوں سے اپنے آپ کو بچائے رکھّو گے تو سلامت رہو گے۔ والسّلام۔ پس وہ رُخصت ہو کر انطاکِیہ میں پُہنچے اور جماعت کو اِکٹّھا کر کے خَط دے دِیا۔ وہ پڑھ کر اُس کے تسلّی بخش مضمُون سے خُوش ہُوئے۔ اور یہُوداؔہ اور سِیلاؔس نے جو خُود بھی نبی تھے بھائِیوں کو بُہت سی نصِیحت کر کے مضبُوط کر دِیا۔ وہ چند روز رہ کر اور بھائِیوں سے سلامتی کی دُعا لے کر اپنے بھیجنے والوں کے پاس رُخصت کر دِئے گئے۔ [لیکن سِیلاؔس کو وہاں رہنا اچّھا لگا]۔ مگر پَولُس اور برنباؔس انطاکِیہ ہی میں رہے اور بُہت سے اَور لوگوں کے ساتھ خُداوند کا کلام سِکھاتے اور اُس کی مُنادی کرتے رہے۔ چند روز بعد پَولُس نے برنباؔس سے کہا کہ جِن جِن شہروں میں ہم نے خُدا کا کلام سُنایا تھا آؤ پِھر اُن میں چل کر بھائِیوں کو دیکھیں کہ کَیسے ہیں۔ اور برنباؔس کی صلاح تھی کہ یُوحنّا کو جو مرقس کہلاتا ہے اپنے ساتھ لے چلیں۔ مگر پَولُس نے یہ مُناسِب نہ جانا کہ جو شخص پمفِیلیہ میں کنارہ کر کے اُس کام کے لِئے اُن کے ساتھ نہ گیا تھا اُس کو ہمراہ لے چلیں۔ پس اُن میں اَیسی سخت تکرار ہُوئی کہ ایک دُوسرے سے جُدا ہو گئے اور برنباؔس مرقس کو لے کر جہاز پر کُپرُؔس کو روانہ ہُؤا۔ مگر پَولُس نے سِیلاؔس کو پسند کِیا اور بھائِیوں کی طرف سے خُداوند کے فضل کے سپُرد ہو کر روانہ ہُؤا۔ اور کلِیسیاؤں کو مضبُوط کرتا ہُؤا سُورؔیہ اور کِلِکیہ سے گُذرا۔
پڑھیں اَعمال 15
سنیں اَعمال 15
شئیر
تمام آیات کا موازنہ کریں: اَعمال 22:15-41
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos