YouVersion Logo
تلاش

اَعمال 1:11-18

اَعمال 1:11-18 URD

اور رسُولوں اور بھائِیوں نے جو یہُودیہ میں تھے سُنا کہ غَیر قَوموں نے بھی خُدا کا کلام قبُول کِیا۔ جب پطرؔس یروشلِیم میں آیا تو مختُون اُس سے یہ بحث کرنے لگے۔ کہ تُو نامختُونوں کے پاس گیا اور اُن کے ساتھ کھانا کھایا۔ پطرس نے شرُوع سے وہ اَمر ترتِیب وار اُن سے بیان کِیا کہ مَیں یافا شہر میں دُعا کر رہا تھا اور بے خُودی کی حالت میں ایک رویا دیکھی کہ کوئی چِیز بڑی چادر کی طرح چاروں کونوں سے لٹکتی ہُوئی آسمان سے اُتر کر مُجھ تک آئی۔ اُس پر جب مَیں نے غَور سے نظر کی تو زمِین کے چَوپائے اور جنگلی جانور اور کِیڑے مکَوڑے اور ہوا کے پرِندے دیکھے۔ اور یہ آواز بھی سُنی کہ اَے پطرؔس اُٹھ! ذبح کر اور کھا۔ لیکن مَیں نے کہا اَے خُداوند ہرگِز نہیں کیونکہ کبھی کوئی حرام یا ناپاک چِیز میرے مُنہ میں نہیں گئی۔ اِس کے جواب میں دُوسری بار آسمان سے آواز آئی کہ جِن کو خُدا نے پاک ٹھہرایا ہے تُو اُنہیں حرام نہ کہہ۔ تِین بار اَیسا ہی ہُؤا۔ پِھر وہ سب چِیزیں آسمان کی طرف کھینچ لی گئِیں۔ اور دیکھو! اُسی دَم تِین آدمی جو قَیصرؔیہ سے میرے پاس بھیجے گئے تھے اُس گھر کے پاس آ کھڑے ہُوئے جِس میں ہم تھے۔ رُوح نے مُجھ سے کہا کہ تُو بِلا اِمتِیاز اُن کے ساتھ چلا جا اور یہ چھ بھائی بھی میرے ساتھ ہو لِئے اور ہم اُس شخص کے گھر میں داخِل ہُوئے۔ اُس نے ہم سے بیان کِیا کہ مَیں نے فرِشتہ کو اپنے گھر میں کھڑے ہُوئے دیکھا۔ جِس نے مُجھ سے کہا کہ یافا میں آدمی بھیج کر شمعُوؔن کو بُلوا لے جو پطرؔس کہلاتا ہے۔ وہ تُجھ سے اَیسی باتیں کہے گا جِن سے تُو اور تیرا سارا گھرانہ نجات پائے گا۔ جب مَیں کلام کرنے لگا تو رُوحُ القُدس اُن پر اِس طرح نازِل ہُؤا جِس طرح شرُوع میں ہم پر نازِل ہُؤا تھا۔ اور مُجھے خُداوند کی وہ بات یاد آئی جو اُس نے کہی تھی کہ یُوحنّا نے تو پانی سے بپتِسمہ دِیا مگر تُم رُوحُ القُدس سے بپتِسمہ پاؤ گے۔ پس جب خُدا نے اُن کو بھی وُہی نِعمت دی جو ہم کو خُداوند یِسُوعؔ مسِیح پر اِیمان لا کر مِلی تھی تو مَیں کَون تھا کہ خُدا کو روک سکتا؟ وہ یہ سُن کر چُپ رہے اور خُدا کی تمجِید کر کے کہنے لگے کہ پِھر تو بے شک خُدا نے غَیر قَوموں کو بھی زِندگی کے لِئے تَوبہ کی تَوفِیق دی ہے۔

پڑھیں اَعمال 11

سنیں اَعمال 11