جب بادشاہ اپنے محلّ میں رہنے لگا اور خُداوند نے اُسے اُس کی چاروں طرف کے سب دُشمنوں سے آرام بخشا۔ تو بادشاہ نے ناتن نبی سے کہا دیکھ مَیں تو دیودار کی لکڑیوں کے گھر میں رہتا ہُوں پر خُدا کا صندُوق پردوں کے اندر رہتا ہے۔ تب ناتن نے بادشاہ سے کہا جا جو کُچھ تیرے دِل میں ہے کر کیونکہ خُداوند تیرے ساتھ ہے۔ اور اُسی رات کو اَیسا ہُؤا کہ خُداوند کا کلام ناتن کو پُہنچا کہ جا اور میرے بندہ داؤُد سے کہہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ کیا تُو میرے رہنے کے لِئے ایک گھر بنائے گا؟ کیونکہ جب سے مَیں بنی اِسرائیل کو مِصرؔ سے نِکال لایا آج کے دِن تک کِسی گھر میں نہیں رہا بلکہ خَیمہ اور مسکن میں پِھرتا رہا ہُوں۔ اور جہاں جہاں مَیں سب بنی اِسرائیل کے ساتھ پِھرتا رہا کیا مَیں نے کہِیں کِسی اِسرائیلی قبِیلہ سے جِسے مَیں نے حُکم کِیا کہ میری قَوم اِسرائیلؔ کی گلّہ بانی کرو یہ کہا کہ تُم نے میرے لِئے دیودار کی لکڑیوں کا گھر کیوں نہیں بنایا؟ سو اب تُو میرے بندہ داؤُد سے کہہ کہ ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ مَیں نے تُجھے بھیڑسالہ سے جہاں تُو بھیڑ بکریوں کے پِیچھے پِیچھے پِھرتا تھا لِیا تاکہ تُو میری قَوم اِسرائیلؔ کا پیشوا ہو۔ اور مَیں جہاں جہاں تُو گیا تیرے ساتھ رہا اور تیرے سب دُشمنوں کو تیرے سامنے سے کاٹ ڈالا ہے اور مَیں دُنیا کے بڑے بڑے لوگوں کے نام کی طرح تیرا نام بڑا کرُوں گا۔ اور مَیں اپنی قَوم اِسرائیلؔ کے لِئے ایک جگہ مُقرّر کرُوں گا اور وہاں اُن کو جماؤُں گا تاکہ وہ اپنی ہی جگہ بسیں اور پِھر ہٹائے نہ جائیں اور شرارت کے فرزند اُن کو پِھر دُکھ نہیں دینے پائیں گے جَیسا پہلے ہوتا تھا۔ اور جَیسا اُس دِن سے ہوتا آیا جب سے مَیں نے حُکم دِیا کہ میری قَوم اِسرائیلؔ پر قاضی ہوں اور مَیں اَیسا کرُوں گا کہ تُجھ کو تیرے سب دُشمنوں سے آرام مِلے۔ ماسِوا اِس کے خُداوند تُجھ کو بتاتا ہے کہ خُداوند تیرے گھر کو بنائے رکھّے گا۔ اور جب تیرے دِن پُورے ہو جائیں گے اور تُو اپنے باپ دادا کے ساتھ سو جائے گا تو مَیں تیرے بعد تیری نسل کو جو تیرے صُلب سے ہو گی کھڑا کر کے اُس کی سلطنت کو قائِم کرُوں گا۔ وُہی میرے نام کا ایک گھر بنائے گا اور مَیں اُس کی سلطنت کا تخت ہمیشہ کے لِئے قائِم کرُوں گا۔ اور مَیں اُس کا باپ ہُوں گا اور وہ میرا بیٹا ہو گا۔ اگر وہ خطا کرے تو مَیں اُسے آدمِیوں کی لاٹھی اَور بنی آدمؔ کے تازِیانوں سے تنبِیہ کرُوں گا۔ پر میری رحمت اُس سے جُدا نہ ہو گی جَیسے مَیں نے اُسے ساؤُل سے جُدا کِیا جِسے مَیں نے تیرے آگے سے دفع کِیا۔ اور تیرا گھر اور تیری سلطنت سدا بنی رہے گی۔ تیرا تخت ہمیشہ کے لِئے قائِم کِیا جائے گا۔ جَیسی یہ سب باتیں اور یہ ساری رویا تھی وَیسا ہی ناتن نے داؤُد سے کہا۔
پڑھیں ۲-سموئیل 7
سنیں ۲-سموئیل 7
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: ۲-سموئیل 1:7-17
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos