۲-سموئیل 4
4
اِشبوست کا قتل
1جب ساؤُل کے بیٹے اِشبوؔست نے سُنا کہ ابنیر حبرُوؔن میں مَر گیا تو اُس کے ہاتھ ڈِھیلے پڑ گئے اور سب اِسرائیلی گھبرا گئے۔ 2اور ساؤُل کے بیٹے اِشبوؔست کے دو آدمی تھے جو فَوجوں کے سردار تھے۔ ایک کا نام بعنہ اور دُوسرے کا ریکاب تھا۔ یہ دونوں بنی بِنیمِین کی نسل کے بیرُوتی رِمُّوؔن کے بیٹے تھے (کیونکہ بیرُوؔت بھی بنی بِنیمِین کا گِنا جاتا ہے۔ 3اور بیرُوتی جتِّیم کو بھاگ گئے تھے چُنانچہ آج کے دِن تک وہ وہِیں رہتے ہیں)۔
4اور ساؤُل کے بیٹے یُونتن کا ایک لنگڑا بیٹا تھا۔ جب ساؤُل اور یُونتن کی خبر یزرؔعیل سے پُہنچی تو وہ پانچ برس کا تھا۔ سو اُس کی دایہ اُس کو اُٹھا کر بھاگی اور اُس نے جو بھاگنے میں جلدی کی تو اَیسا ہُؤا کہ وہ گِر پڑا اور لنگڑا ہو گیا۔ اُس کا نام مفِیبوؔست تھا۔
5اور بیرُوتی رِمُّون کے بیٹے ریکاؔب اور بعنہ چلے اور کڑی دُھوپ کے وقت اِشبوؔست کے گھر آئے جب وہ دوپہر کو آرام کر رہا تھا۔ 6سو وہ وہاں گھر کے اندر گیہُوں لینے کے بہانے سے گُھسے اور اُس کے پیٹ میں مارا اور ریکاؔب اور اُس کا بھائی بعنہ بھاگ نِکلے۔ 7جب وہ گھر میں گُھسے تو وہ اپنی خواب گاہ میں اپنے بِستر پر سوتا تھا۔ سو اُنہوں نے اُسے مارا اور قتل کِیا اور اُس کا سر کاٹ دِیا اور اُس کا سر لے کر تمام رات مَیدان کی راہ چلے۔ 8اور اِشبوؔست کا سر حبرُوؔن میں داؤُد کے پاس لے آئے اور بادشاہ سے کہا تیرا دُشمن ساؤُل جو تیری جان کا طالِب تھا یہ اُس کے بیٹے اِشبوؔست کا سر ہے سو خُداوند نے آج کے دِن میرے مالِک بادشاہ کا اِنتِقام ساؤُل اور اُس کی نسل سے لِیا۔
9تب داؤُد نے ریکاؔب اور اُس کے بھائی بعنہ کو جو بیرُوتی رِمُّون کے بیٹے تھے جواب دِیا کہ خُداوند کی حیات کی قَسم جِس نے میری جان کو ہر مُصِیبت سے رہائی دی ہے۔ 10جب ایک شخص نے مُجھ سے کہا کہ دیکھ ساؤُل مَر گیا اور سمجھا کہ خُوشخبری دیتا ہے تو مَیں نے اُسے پکڑا اور صِقلاج میں اُسے قتل کِیا۔ یِہی جزا مَیں نے اُسے اُس کی خبر کے بدلے دی۔ 11پس جب شرِیروں نے ایک راست کار اِنسان کو اُسی کے گھر میں اُس کے بِستر پر قتل کِیا ہے تو کیا مَیں اب اُس کے خُون کا بدلہ تُم سے ضرُور ہی نہ لُوں اور تُم کو زمِین پر سے نابُود نہ کر ڈالُوں؟ 12تب داؤُد نے اپنے جوانوں کو حُکم دِیا اور اُنہوں نے اُن کو قتل کِیا اور اُن کے ہاتھ اور پاؤں کاٹ ڈالے اور اُن کو حبرُوؔن میں تالاب کے پاس ٹانگ دِیا اور اِشبوؔست کے سر کو لے کر اُنہوں نے حبرُوؔن میں ابنیر کی قبر میں دفن کِیا۔
موجودہ انتخاب:
۲-سموئیل 4: URD
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.