الغرض ساؤُل کے گھرانے اور داؤُد کے گھرانے میں مُدّت تک جنگ رہی اور داؤُد روز بروز زورآور ہوتا گیا اور ساؤُل کا خاندان کمزور ہوتا گیا۔ اور حبرُوؔن میں داؤُد کے ہاں بیٹے پَیدا ہُوئے۔ امنُوؔن اُس کا پہلوٹھا تھا جو یزرعیلی اخِینوؔعم کے بطن سے تھا۔ اور دُوسرا کِلیاؔب تھا جو کرِمِلی نابال کی بِیوی ابِیجیلؔ سے ہُؤا۔ تِیسرا ابی سلوؔم تھا جو جسُور کے بادشاہ تلمی کی بیٹی معکہ سے ہُؤا۔ چَوتھا ادونیاؔہ تھا جو حِجیّت کا بیٹا تھا اور پانچواں سفطیاہ جو ابیطاؔل کا بیٹا تھا۔ اور چھٹا اِترِعاؔم تھا جو داؤُد کی بِیوی عِجلاہ سے ہُؤا۔ یہ داؤُد کے ہاں حبرُوؔن میں پَیدا ہُوئے۔ اور جب ساؤُل کے گھرانے اور داؤُد کے گھرانے میں جنگ ہو رہی تھی تو ابنیر نے ساؤُل کے گھرانے میں خُوب زور پَیدا کر لِیا۔ اور ساؤُل کی ایک حرم تھی جِس کا نام رِصفاہ تھا۔ وہ ایاّہ کی بیٹی تھی۔ سو اِشبوست نے ابنیر سے کہا تُو میرے باپ کی حرم کے پاس کیوں گیا؟ ابنیر اِشبوؔست کی اِن باتوں سے بُہت غُصّہ ہو کر کہنے لگا کیا مَیں یہُوداؔہ کے کِسی کُتّے کا سر ہُوں؟ آج تک مَیں تیرے باپ ساؤُل کے گھرانے اور اُس کے بھائِیوں اور دوستوں سے مِہربانی سے پیش آتا رہا ہُوں اور تُجھے داؤُد کے حوالہ نہیں کِیا تَو بھی تُو آج اِس عَورت کے ساتھ مُجھ پر عَیب لگاتا ہے؟ خُدا ابنیر سے وَیسا ہی بلکہ اُس سے زِیادہ کرے اگر مَیں داؤُد سے وُہی سلُوک نہ کرُوں جِس کی قَسم خُداوند نے اُس کے ساتھ کھائی تھی۔ تاکہ سلطنت کو ساؤُل کے گھرانے سے مُنتقِل کر کے داؤُد کے تخت کو اِسرائیلؔ اور یہُوداؔہ دونوں پر دان سے بیرسبع تک قائِم کرُوں۔ اور وہ ابنیر کو ایک لفظ جواب نہ دے سکا اِس لِئے کہ اُس سے ڈرتا تھا۔ اور ابنیر نے اپنی طرف سے داؤُد کے پاس قاصِد روانہ کِئے اور کہلا بھیجا کہ مُلک کِس کا ہے؟ تُو میرے ساتھ اپنا عہد باندھ اور دیکھ میرا ہاتھ تیرے ساتھ ہو گا تاکہ سارے اِسرائیلؔ کو تیری طرف مائِل کرُوں۔ اُس نے کہا اچّھا مَیں تیرے ساتھ عہد باندُھوں گا پر مَیں تُجھ سے ایک بات چاہتا ہُوں اور وہ یہ ہے کہ جب تُو مُجھ سے مِلنے کو آئے تو جب تک ساؤُل کی بیٹی مِیکل کو پہلے اپنے ساتھ نہ لائے تُو میرا مُنہ دیکھنے نہیں پائے گا۔ اور داؤُد نے ساؤُل کے بیٹے اِشبوؔست کو قاصِدوں کی معرفت کہلا بھیجا کہ میری بِیوی مِیکل کو جِس کو مَیں نے فِلستِیوں کی سَو کھلڑِیاں دے کر بیاہا تھا میرے حوالہ کر۔ سو اِشبوؔست نے لوگ بھیج کر اُسے اُس کے شَوہر لیَس کے بیٹے فلطی ایل سے چِھین لِیا۔ اور اُس کا شَوہر اُس کے ساتھ چلا اور اُس کے پِیچھے پِیچھے بحورِؔیم تک روتا ہُؤا چلا آیا۔ تب ابنیر نے اُس سے کہا لَوٹ جا۔ سو وہ لَوٹ گیا۔ اور ابنیر نے اِسرائیلی بزُرگوں کے پاس خبر بھیجی کہ گُذرے دِنوں میں تُم یہ چاہتے تھے کہ داؤُد تُم پر بادشاہ ہو۔ پس اب اَیسا کر لو کیونکہ خُداوند نے داؤُد کے حق میں فرمایا ہے کہ مَیں اپنے بندہ داؤُد کی معرفت اپنی قَوم اِسرائیلؔ کو فِلستِیوں اور اُن کے سب دُشمنوں کے ہاتھ سے رہائی دُوں گا۔ اور ابنیر نے بنی بِنیمِین سے بھی باتیں کِیں اور ابنیر چلا کہ جو کُچھ اِسرائیلِیوں اور بِنیمِین کے سارے گھرانے کو اچّھا لگا اُسے حبرُوؔن میں داؤُد کو کہہ سُنائے۔ سو ابنیر حبرُوؔن میں داؤُد کے پاس آیا اور بِیس آدمی اُس کے ساتھ تھے۔ تب داؤُد نے ابنیر اور اُن لوگوں کی جو اُس کے ساتھ تھے ضِیافت کی۔ اور ابنیر نے داؤُد سے کہا اب مَیں اُٹھ کر جاؤں گا اور سارے اِسرائیلؔ کو اپنے مالِک بادشاہ کے پاس اِکٹّھا کرُوں گا تاکہ وہ تُجھ سے عہد باندھیں اور تُو جِس جِس پر تیرا جی چاہے سلطنت کرے۔ سو داؤُد نے ابنیر کو رُخصت کِیا اور وہ سلامت چلا گیا۔
پڑھیں ۲-سموئیل 3
سنیں ۲-سموئیل 3
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: ۲-سموئیل 1:3-21
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos