YouVersion Logo
تلاش

۲-سموئیل 1:24-10

۲-سموئیل 1:24-10 URD

اِس کے بعد خُداوند کا غُصّہ اِسرائیلؔ پر پِھر بھڑکا اور اُس نے داؤُد کے دِل کو اُن کے خِلاف یہ کہہ کر اُبھارا کہ جا کر اِسرائیلؔ اور یہُوداؔہ کو گِن۔ اور بادشاہ نے لشکر کے سردار یُوآب کو جو اُس کے ساتھ تھا حُکم کِیا کہ اِسرائیلؔ کے سب قبِیلوں میں دان سے بیرسبع تک گشت کرو اور لوگوں کو گِنو تاکہ لوگوں کی تعداد مُجھے معلُوم ہو۔ تب یُوآب نے بادشاہ سے کہا کہ خُداوند تیرا خُدا اُن لوگوں کو خواہ وہ کِتنے ہی ہوں سَو گنا بڑھائے اور میرے مالِک بادشاہ کی آنکھیں اِسے دیکھیں پر میرے مالِک بادشاہ کو یہ بات کیوں بھاتی ہے؟ تَو بھی بادشاہ کی بات یُوآب اور لشکر کے سرداروں پر غالِب ہی رہی اور یُوآب اور لشکر کے سردار بادشاہ کے حضُور سے اِسرائیلؔ کے لوگوں کا شُمار کرنے کو نِکلے۔ اور وہ یَردن پار اُترے اور اُس شہر کی دہنی طرف عروعیر میں خَیمہ زن ہُوئے جو جد کی وادی میں یعزؔیر کی جانِب ہے۔ پِھر وہ جِلعاؔد اور تَحتیم حدسی کے عِلاقہ میں گئے اور دان یعن کو گئے اور گُھوم کر صَیدا تک پُہنچے۔ اور وہاں سے صُور کے قلعہ کو اور حوّیوں اور کنعانِؔیوں کے سب شہروں کو گئے اور یہُوداؔہ کے جنُوب میں بیرسبع تک نِکل گئے۔ چُنانچہ ساری مُملکت میں گشت کر کے نَو مہِینے اور بِیس دِن کے بعد وہ یروشلیِم کو لَوٹے۔ اور یُوآب نے مَردم شُماری کی تعداد بادشاہ کو دی سو اِسرائیلؔ میں آٹھ لاکھ بہادُر مَرد نِکلے جو شمشِیر زن تھے اور یہُوداؔہ کے مَرد پانچ لاکھ نِکلے۔ اور لوگوں کا شُمار کرنے کے بعد داؤُد کا دِل بے چَین ہُؤا اور داؤُد نے خُداوند سے کہا یہ جو مَیں نے کِیا سو بڑا گُناہ کِیا۔ اب اَے خُداوند مَیں تیری مِنّت کرتا ہُوں کہ تُو اپنے بندہ کا گُناہ دُور کر دے کیونکہ مُجھ سے بڑی حماقت ہُوئی۔