اُس نے اُوپر سے ہاتھ بڑھا کر مُجھے تھام لِیا اور مُجھے بُہت پانی میں سے کھینچ کر باہر نِکالا۔ اُس نے میرے زورآور دُشمن اور میرے عداوت رکھنے والوں سے مُجھے چُھڑا لِیا کیونکہ وہ میرے لِئے نِہایت زبردست تھے۔ وہ میری مُصِیبت کے دِن مُجھ پر آ پڑے پر خُداوند میرا سہارا تھا۔ وہ مُجھے کُشادہ جگہ میں نِکال بھی لایا۔ اُس نے مُجھے چُھڑایا۔ اِس لِئے کہ وہ مُجھ سے خُوش تھا۔ خُداوند نے میری راستی کے مُوافِق مُجھے جزا دی اور میرے ہاتھوں کی پاکِیزگی کے مُطابِق مُجھے بدلہ دِیا۔ کیونکہ مَیں خُداوند کی راہوں پر چلتا رہا اور شرارت سے اپنے خُدا سے الگ نہ ہُؤا کیونکہ اُس کے سارے فَیصلے میرے سامنے تھے اور مَیں اُس کے آئِین سے برگشتہ نہ ہُؤا۔ مَیں اُس کے حضُور کامِل بھی رہا اور اپنی بدکاری سے باز رہا۔ اِسی لِئے خُداوند نے مُجھے میری راستی کے مُوافِق بلکہ میری اُس پاکِیزگی کے مُطابِق جو اُس کی نظر کے سامنے تھی بدلہ دِیا۔ رحم دِل کے ساتھ تُو رحِیم ہو گا اور کامِل آدمی کے ساتھ کامِل۔ نیکوکار کے ساتھ نیک ہو گا اور کَج رَو کے ساتھ ٹیڑھا۔ مُصِیبت زدہ لوگوں کو تُو بچائے گا۔ پر تیری آنکھیں مغرُوروں پر لگی ہیں تاکہ تُو اُنہیں نِیچا کرے۔ کیونکہ اَے خُداوند! تُو میرا چراغ ہے اور خُداوند میرے اندھیرے کو اُجالا کر دے گا۔ کیونکہ تیری بدَولت مَیں فَوج پر دھاوا کرتا ہُوں اور اپنے خُدا کی بدَولت دِیوار پھاند جاتا ہُوں۔ لیکن خُدا کی راہ کامِل ہے۔ خُداوند کا کلام تایا ہُؤا ہے۔ وہ اُن سب کی سِپر ہے جو اُس پر بھروسا رکھتے ہیں۔ کیونکہ خُداوند کے سِوا اَور کَون خُدا ہے؟ اور ہمارے خُدا کو چھوڑ کر اَور کَون چٹان ہے؟ خُدا میرا مضبُوط قلعہ ہے۔ وہ اپنی راہ میں کامِل شخص کی راہنُمائی کرتا ہے۔ وہ اُس کے پاؤں ہرنِیوں کے سے بنا دیتا ہے اور مُجھے میری اُونچی جگہوں میں قائِم کرتا ہے۔ وہ میرے ہاتھوں کو جنگ کرنا سِکھاتا ہے یہاں تک کہ میرے بازُو پِیتل کی کمان کو جُھکا دیتے ہیں۔ تُو نے مُجھ کو اپنی نجات کی سِپر بھی بخشی اور تیری نرمی نے مُجھے بزُرگ بنایا ہے۔ تُو نے میرے نِیچے میرے قدم کُشادہ کر دِئے اور میرے پاؤں نہیں پِھسلے۔ مَیں نے اپنے دُشمنوں کا پِیچھا کر کے اُن کو ہلاک کِیا اور جب تک وہ فنا نہ ہو گئے مَیں واپس نہیں آیا۔ مَیں نے اُن کو فنا کر دِیا اور اَیسا چھید ڈالا ہے کہ وہ اُٹھ نہیں سکتے بلکہ وہ تو میرے پاؤں کے نِیچے گِرے پڑے ہیں۔ کیونکہ تُو نے لڑائی کے لِئے مُجھے قُوّت سے کمربستہ کِیا اور میرے مُخالِفوں کو میرے سامنے زیر کِیا۔ تُو نے میرے دُشمنوں کی پُشت میری طرف پھیر دی تاکہ مَیں اپنے عداوت رکھنے والوں کو کاٹ ڈالُوں۔ اُنہوں نے اِنتظار کِیا پر کوئی نہ تھا جو بچائے بلکہ خُداوند کا بھی اِنتِظار کِیا پر اُس نے اُن کو جواب نہ دِیا
پڑھیں ۲-سموئیل 22
سنیں ۲-سموئیل 22
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: ۲-سموئیل 17:22-42
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos