YouVersion Logo
تلاش

۲-سموئیل 1:21-7

۲-سموئیل 1:21-7 URD

اور داؤُد کے ایّام میں پَے در پَے تِین سال کال پڑا اور داؤُد نے خُداوند سے دریافت کِیا۔ خُداوند نے فرمایا کہ یہ ساؤُل اور اُس کے خُون ریز گھرانے کے سبب سے ہے کیونکہ اُس نے جِبعُونیوں کو قتل کِیا۔ تب بادشاہ نے جِبعُونیوں کو بُلا کر اُن سے بات کی۔ یہ جِبعُونی بنی اِسرائیل میں سے نہیں بلکہ بچے ہُوئے امورِیوں میں سے تھے اور بنی اِسرائیل نے اُن سے قَسم کھائی تھی اور ساؤُل نے بنی اِسرائیل اور بنی یہُوداؔہ کی خاطِر اپنی گرمجوشی میں اُن کو قتل کر ڈالنا چاہا تھا۔ سو داؤُد نے جِبعُونِیوں سے کہا مَیں تُمہارے لِئے کیا کرُوں اور مَیں کِس چِیز سے کفّارہ دُوں تاکہ تُم خُداوند کی مِیراث کو دُعا دو؟ جِبعُونیوں نے اُس سے کہا کہ ہمارے اور ساؤُل یا اُس کے گھرانے کے درمِیان چاندی یا سونے کا کوئی مُعاملہ نہیں اور نہ ہم کو یہ اِختیار ہے کہ ہم اِسرائیلؔ کے کِسی مَرد کو جان سے ماریں۔ اُس نے کہا جو کُچھ تُم کہو مَیں وُہی تُمہارے لِئے کرُوں گا۔ اُنہوں نے بادشاہ کو جواب دِیا کہ جِس شخص نے ہمارا ناس کِیا اور ہمارے خِلاف اَیسی تدبِیر نِکالی کہ ہم نابُود کِئے جائیں اور اِسرائیلؔ کی کِسی مُملکت میں باقی نہ رہیں۔ اُسی کے بیٹوں میں سے سات آدمی ہمارے حوالہ کر دِئے جائیں اور ہم اُن کو خُداوند کے لِئے خُداوند کے چُنے ہُوئے ساؤُل کے جِبعہ میں لٹکا دیں گے۔ بادشاہ نے کہا مَیں دے دُوں گا۔ لیکن بادشاہ نے مفِیبوؔست بِن یُونتن بِن ساؤُل کو خُداوند کی قَسم کے سبب سے جو اُن کے یعنی داؤُد اور ساؤُل کے بیٹے یُونتن کے درمِیان ہُوئی تھی بچا رکھّا۔