YouVersion Logo
تلاش

۲-سلاطِین 20:5-27

۲-سلاطِین 20:5-27 URD

لیکن اُس مردِ خُدا الِیشع کے خادِم جیحازؔی نے سوچا کہ میرے آقا نے ارامی نعماؔن کو یُوں ہی جانے دِیا کہ جو کُچھ وہ لایا تھا اُس سے نہ لِیا سو خُداوند کی حیات کی قَسم مَیں اُس کے پِیچھے دَوڑ جاؤُنگا اور اُس سے کُچھ نہ کُچھ لُوں گا۔ سو جیحازؔی نعماؔن کے پِیچھے چلا۔ جب نعماؔن نے دیکھا کہ کوئی اُس کے پِیچھے دَوڑا آ رہا ہے تو وہ اُس سے مِلنے کو رتھ پر سے اُترا اور کہا خَیر تو ہے؟ اُس نے کہا سب خَیر ہے۔ میرے مالِک نے مُجھے یہ کہنے کو بھیجا ہے کہ دیکھ انبیا زادوں میں سے ابھی دو جوان اِفرائِیم کے کوہستانی مُلک سے میرے پاس آ گئے ہیں سو ذرا ایک قِنطار چاندی اور دو جوڑے کپڑے اُن کے لِئے دیدے۔ نعماؔن نے کہا خُوشی سے دو قِنطار لے اور وہ اُس سے بجِّد ہُؤا اور اُس نے دو قِنطار چاندی دو تَھیلِیوں میں باندھی اور دو جوڑے کپڑوں سمیت اُن کو اپنے دو نَوکروں پر لادا اور وہ اُن کو لے کر اُس کے آگے آگے چلے۔ اور اُس نے ٹِیلے پر پُہنچ کر اُن کے ہاتھ سے اُن کو لے لِیا اور گھر میں رکھ دِیا اور اُن مَردوں کو رُخصت کِیا۔ سو وہ چلے گئے۔ لیکن آپ اندر جا کر اپنے آقا کے حضُور کھڑا ہو گیا۔ الِیشع نے اُس سے کہا جیحازؔی تُو کہاں سے آ رہا ہے؟ اُس نے کہا تیرا خادِم تو کہِیں نہیں گیا تھا۔ اُس نے اُس سے کہا کیا میرا دِل اُس وقت تیرے ساتھ نہ تھا جب وہ شخص تُجھ سے مِلنے کو اپنے رتھ پر سے لَوٹا؟ کیا رُوپَے لینے اور پوشاک اور زَیتُون کے باغوں اور تاکِستانوں اور بھیڑوں اور بَیلوں اور غُلاموں اور لَونڈِیوں کے لینے کا یہ وقت ہے؟ اِس لِئے نعماؔن کا کوڑھ تُجھے اور تیری نسل کو سدا لگا رہے گا۔ سو وہ برف سا سفید کوڑھی ہو کر اُس کے سامنے سے چلا گیا۔