یُوسیاؔہ آٹھ برس کا تھا جب وہ سلطنت کرنے لگا اور اُس نے اِکتِیس برس یروشلیِم میں سلطنت کی۔ اُس نے وہ کام کِیا جو خُداوند کی نظر میں ٹِھیک تھا اور اپنے باپ داؤُد کی راہوں پر چلا اور دہنے یا بائیں ہاتھ کو نہ مُڑا۔ کیونکہ اپنی سلطنت کے آٹھویں برس جب وہ لڑکا ہی تھا وہ اپنے باپ داؤُد کے خُدا کا طالِب ہُؤا اور بارھویں برس میں یہُوداؔہ اور یروشلیِم کو اُونچے مقاموں اور یسِیرتوں اور کھودے ہُوئے بُتوں اور ڈھالی ہُوئی مُورتوں سے پاک کرنے لگا۔ اور لوگوں نے اُس کے سامنے بعلِیم کے مذبحوں کو ڈھا دِیا اور سُورج کی مُورتوں کو جو اُن کے اُوپر اُونچے پر تِھیں اُس نے کاٹ ڈالا اور یسِیرتوں اور کھودی ہُوئی مُورتوں اور ڈھالی ہُوئی مُورتوں کو اُس نے ٹُکڑے ٹُکڑے کر کے اُن کو دُھول بنا دِیا اور اُس کو اُن کی قبروں پر بِتھرایا جِنہوں نے اُن کے لِئے قُربانِیاں چڑھائی تِھیں۔ اور اُس نے اُن کاہِنوں کی ہڈّیاں اُن ہی کے مذبحوں پر جلائیں اور یہُوداؔہ اور یروشلیِم کو پاک کِیا۔ اور منسّی اور اِفرائِیم اور شمعُوؔن کے شہروں میں بلکہ نفتالی تک اُن کے اِردگِرد کھنڈروں میں اُس نے اَیسا ہی کِیا۔ اور مذبحوں کو ڈھا دِیا اور یسِیرتوں اور کُھدی ہُوئی مُورتوں کو توڑ کر دُھول کر دِیا اور اِسرائیل کے تمام مُلک میں سُورج کی سب مُورتوں کو کاٹ ڈالا۔ تب یروشلیِم کو لَوٹا۔ اور اپنی سلطنت کے اٹھارھویں برس جب وہ مُلک اور ہَیکل کو پاک کر چُکا تو اُس نے اصلیاؔہ کے بیٹے سافن کو اور شہر کے حاکِم معسیاؔہ اور یُوآخز کے بیٹے یُوآؔخ مُورِّخ کو بھیجا کہ خُداوند اپنے خُدا کے گھر کی مرمّت کریں۔ وہ خِلقیاہ سردار کاہِن کے پاس آئے اور وہ نقدی جو خُدا کے گھر میں لائی گئی تھی جِسے دربان لاویوں نے منسّی اور اِفرائِیم اور اِسرائیل کے سب باقی لوگوں سے اور تمام یہُوداؔہ اور بِنیمِین اور یروشلیِم کے باشِندوں سے لے کر جمع کِیا تھا اُس کے سپُرد کی۔ اور اُنہوں نے اُسے اُن کارِندوں کے ہاتھ میں سَونپا جو خُداوند کے گھر کی نِگرانی کرتے تھے اور اُن کارِندوں نے جو خُداوند کے گھر میں کام کرتے تھے اُسے اُس گھر کی مرمّت اور درُست کرنے میں لگایا۔ یعنی اُسے بڑھئیوں اور مِعماروں کو دِیا کہ گھڑے ہُوئے پتّھر اور جوڑوں کے لِئے لکڑی خرِیدیں اور اُن گھروں کے لِئے جِن کو یہُوداؔہ کے بادشاہوں نے اُجاڑ دِیا تھا شہتِیر بنائیں۔ اور وہ مرد دِیانت سے کام کرتے تھے اور یحت اور عبدؔیاہ لاوی جو بنی مراری میں سے تھے اُن کی نِگرانی کرتے تھے اور بنی قِہات میں سے زکرؔیاہ اور مُسلاّؔم کام کراتے تھے اور لاویوں میں سے وہ لوگ تھے جو باجوں میں ماہِر تھے۔ اور وہ باربرداروں کے بھی داروغہ تھے اور سب قِسم قِسم کے کام کرنے والوں سے کام کراتے تھے اور مُنشی اور مُہتمِم اور دربان لاویوں میں سے تھے۔ اور جب وہ اُس نقدی کو جو خُداوند کے گھر میں لائی گئی تھی نِکال رہے تھے تو خِلقیاہ کاہِن کو خُداوند کی تَورَیت کی کِتاب جو مُوسیٰ کی معرفت دی گئی تھی مِلی۔ تب خِلقیاہ نے سافن مُنشی سے کہا کہ مَیں نے خُداوند کے گھر میں تَورَیت کی کِتاب پائی ہے اور خِلقیاہ نے وہ کِتاب سافن کو دی۔ اور سافن وہ کِتاب بادشاہ کے پاس لے گیا۔ پِھر اُس نے بادشاہ کو یہ بتایا کہ سب کُچھ جو تُو نے اپنے نَوکروں کے سپُرد کِیا تھا اُسے وہ کر رہے ہیں۔ اور وہ نقدی جو خُداوند کے گھر میں مَوجُود تھی اُنہوں نے لے کر ناظِروں اور کارِندوں کے ہاتھ میں سَونپی ہے۔ پِھر سافن مُنشی نے بادشاہ سے کہا کہ خِلقیاہ کاہِن نے مُجھے یہ کِتاب دی ہے اور سافن نے اُس میں سے بادشاہ کے حضُور پڑھا۔ اور اَیسا ہُؤا کہ جب بادشاہ نے تَورَیت کی باتیں سُنِیں تو اپنے کپڑے پھاڑے۔ پِھر بادشاہ نے خِلقیاہ اور اخی قاؔم بِن سافن اور عبدوؔن بِن مِیکاؔہ اور سافن مُنشی اور بادشاہ کے نَوکر عساؔیاہ کو یہ حُکم دِیا۔ کہ جاؤ اور میری طرف سے اور اُن لوگوں کی طرف سے جو اِسرائیل اور یہُوداؔہ میں باقی رہ گئے ہیں اِس کِتاب کی باتوں کے حق میں جو مِلی ہے خُداوند سے پُوچھو کیونکہ خُداوند کا قہر جو ہم پر نازِل ہُؤا ہے بڑا ہے اِس لِئے کہ ہمارے باپ دادا نے خُداوند کے کلام کو نہیں مانا ہے کہ سب کُچھ جو اِس کِتاب میں لِکھا ہے اُس کے مُطابِق کرتے۔ تب خِلقیاہ اور وہ جِن کو بادشاہ نے حُکم کِیا تھا خُلدؔہ نبِیّہ کے پاس جو توشہ خانہ کے داروغہ سلُوم بِن توقہت بِن خسرؔہ کی بِیوی تھی گئے۔ وہ یروشلیِم میں مِشنہ نامی محلّہ میں رہتی تھی۔ سو اُنہوں نے اُس سے وہ باتیں کہِیں۔ اُس نے اُن سے کہا خُداوند اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ تُم اُس شخص سے جِس نے تُم کو میرے پاس بھیجا ہے کہو کہ خُداوند یُوں فرماتا ہے دیکھ مَیں اِس جگہ پر اور اِس کے باشِندوں پر آفت لاؤں گا یعنی سب لَعنتیں جو اُس کِتاب میں لِکھی ہیں جو اُنہوں نے شاہِ یہُوداؔہ کے آگے پڑھی ہے۔ کیونکہ اُنہوں نے مُجھے ترک کِیا اور غَیر معبُودوں کے آگے بخُور جلایا اور اپنے ہاتھوں کے سب کاموں سے مُجھے غُصّہ دِلایا۔ سو میرا قہر اِس مقام پر نازِل ہُؤا ہے اور دِھیما نہ ہو گا۔ رہا شاہِ یہُوداؔہ جِس نے تُم کو خُداوند سے دریافت کرنے کو بھیجا ہے سو تُم اُس سے یُوں کہنا کہ خُداوند اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ اُن باتوں کے بارے میں جو تُو نے سُنی ہیں۔ چُونکہ تیرا دِل موم ہو گیا اور تُو نے خُدا کے حضُور عاجِزی کی جب تُو نے اُس کی وہ باتیں سُنِیں جو اُس نے اِس مقام اور اِس کے باشِندوں کے خِلاف کہی ہیں اور اپنے کو میرے حضُور خاکسار بنایا اور اپنے کپڑے پھاڑ کر میرے آگے رویا اِس لِئے مَیں نے بھی تیری سُن لی ہے خُداوند فرماتا ہے۔ دیکھ مَیں تُجھے تیرے باپ دادا کے ساتھ مِلاؤُں گا اور تُو اپنی گور میں سلامتی سے پُہنچایا جائے گا اور ساری آفت کو جو مَیں اِس مقام اور اِس کے باشِندوں پر لاؤں گا تیری آنکھیں نہیں دیکھیں گی۔ سو اُنہوں نے یہ جواب بادشاہ کو پُہنچا دِیا۔ تب بادشاہ نے یہُوداؔہ اور یروشلیِم کے سب بزُرگوں کو بُلوا کر اِکٹّھا کِیا۔ اور بادشاہ اور سب اہلِ یہُوداؔہ اور یروشلیِم کے باشِندے کاہِن اور لاوی اور سب لوگ کیا چھوٹے کیا بڑے خُداوند کے گھر کو گئے اور اُس نے جو عہد کی کِتاب خُداوند کے گھر میں مِلی تھی اُس کی سب باتیں اُن کو پڑھ سُنائِیں۔ اور بادشاہ اپنی جگہ کھڑا ہُؤا اور خُداوند کے آگے عہد کِیا کہ وہ خُداوند کی پَیروی کرے گا اور اُس کے حُکموں اور اُس کی شہادتوں اور آئِین کو اپنے سارے دِل اور ساری جان سے مانے گا تاکہ اُس عہد کی اُن باتوں کو جو اُس کِتاب میں لِکھی تِھیں پُورا کرے۔ اور اُس نے اُن سب کو جو یروشلیِم اور بِنیمِین میں مَوجُود تھے اُس عہد میں شرِیک کِیا اور یروشلیِم کے باشِندوں نے خُدا اپنے باپ دادا کے خُدا کے عہد کے مُطابِق عمل کِیا۔ اور یُوسیاؔہ نے بنی اِسرائیل کے سب عِلاقوں میں سے سب مکرُوہات کو دفع کِیا اور جِتنے اِسرائیل میں مِلے اُن سبھوں سے عِبادت یعنی خُداوند اُن کے خُدا کی عِبادت کرائی اور وہ اُس کے جِیتے جی خُداوند اپنے باپ دادا کے خُدا کی پَیروی سے نہ ہٹے۔
پڑھیں ۲-توارِیخ 34
سنیں ۲-توارِیخ 34
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: ۲-توارِیخ 1:34-33
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos