YouVersion Logo
تلاش

۲-توارِیخ 1:1-13

۲-توارِیخ 1:1-13 URD

اور سُلیماؔن بِن داؤُد اپنی مُملکت میں مُستحکم ہُؤا اور خُداوند اُس کا خُدا اُس کے ساتھ رہا اور اُسے نِہایت سرفراز کِیا۔ اور سُلیماؔن نے سارے اِسرائیل یعنی ہزاروں اور سینکڑوں کے سرداروں اور قاضِیوں اور سب اِسرائیلِیوں کے رئِیسوں سے جو آبائی خاندانوں کے سردار تھے باتیں کِیں۔ اور سُلیماؔن ساری جماعت سمیت جِبعُوؔن کے اُونچے مقام کو گیا کیونکہ خُدا کا خَیمۂِ اِجتماع جِسے خُداوند کے بندے مُوسیٰ نے بیابان میں بنایا تھا وہِیں تھا۔ لیکن خُدا کے صندُوق کو داؤُد قریت یعرِؔیم سے اُس مقام میں اُٹھا لایا تھا جو اُس نے اُس کے لِئے تیّار کِیا تھا کیونکہ اُس نے اُس کے لِئے یروشلیِم میں ایک خَیمہ کھڑا کِیا تھا۔ پر پِیتل کا وہ مذبح جِسے بضلی ایل بِن اورؔی بِن حُور نے بنایا تھا وہِیں خُداوند کے مسکن کے آگے تھا۔ پس سُلیماؔن اُس جماعت سمیت وہِیں گیا۔ اور سُلیماؔن وہاں پِیتل کے مذبح کے پاس جو خُداوند کے آگے خَیمۂِ اِجتماع میں تھا گیا اور اُس پر ایک ہزار سوختنی قُربانِیاں چڑھائِیں۔ اُسی رات خُدا سُلیماؔن کو دِکھائی دِیا اور اُس سے کہا مانگ مَیں تُجھے کیا دُوں؟ سُلیماؔن نے خُدا سے کہا کہ تُو نے میرے باپ داؤُد پر بڑی مِہربانی کی اور مُجھے اُس کی جگہ بادشاہ بنایا۔ اب اَے خُداوند خُدا جو وعدہ تُو نے میرے باپ داؤُد سے کِیا وہ برقرار رہے کیونکہ تُو نے مُجھے ایک اَیسی قَوم کا بادشاہ بنایا ہے جو کثرت میں زمِین کی خاک کے ذرّوں کی مانِند ہے۔ سو مُجھے حِکمت و معرفت عِنایت کر تاکہ مَیں اِن لوگوں کے آگے اندر باہر آیا جایا کرُوں کیونکہ تیری اِس بڑی قَوم کا اِنصاف کَون کر سکتا ہے؟ تب خُدا نے سُلیماؔن سے کہا چُونکہ تیرے دِل میں یہ بات تھی اور تُو نے نہ تو دَولت نہ مال نہ عِزّت نہ اپنے دُشمنوں کی مَوت مانگی اور نہ عُمر کی درازی طلب کی بلکہ اپنے لِئے حِکمت و معرفت کی درخواست کی تاکہ میرے لوگوں کا جِن پر مَیں نے تُجھے بادشاہ بنایا ہے اِنصاف کرے۔ سو حِکمت و معرفت تُجھے عطا ہُوئی اور مَیں تُجھے اِس قدر دَولت اور مال اور عِزّت بخشُوں گا کہ نہ تو اُن بادشاہوں میں سے جو تُجھ سے پہلے ہُوئے کِسی کو نصِیب ہُوئی اور نہ کِسی کو تیرے بعد نصِیب ہو گی۔ چُنانچہ سُلیماؔن جِبعُوؔن کے اُونچے مقام سے یعنی خَیمۂِ اِجتماع کے آگے سے یروشلیِم کو لَوٹ آیا اور بنی اِسرائیل پر سلطنت کرنے لگا۔