YouVersion Logo
تلاش

۱-تِیمُتھِیُس 12:1-16

۱-تِیمُتھِیُس 12:1-16 URD

مَیں اپنے طاقت بخشنے والے خُداوند مسِیح یِسُوعؔ کا شُکر کرتا ہُوں کہ اُس نے مُجھے دِیانت دار سمجھ کر اپنی خِدمت کے لِئے مُقرّر کِیا۔ اگرچہ مَیں پہلے کُفر بکنے والا اور ستانے والا اور بے عِزّت کرنے والا تھا تَو بھی مُجھ پر رَحم ہُؤا اِس واسطے کہ مَیں نے بے اِیمانی کی حالت میں نادانی سے یہ کام کِئے تھے۔ اور ہمارے خُداوند کا فضل اُس اِیمان اور مُحبّت کے ساتھ جو مسِیح یِسُوعؔ میں ہے بُہت زِیادہ ہُؤا۔ یہ بات سچ اور ہر طرح سے قبُول کرنے کے لائِق ہے کہ مسِیح یِسُوعؔ گُنہگاروں کو نجات دینے کے لِئے دُنیا میں آیا جِن میں سب سے بڑا مَیں ہُوں۔ لیکن مُجھ پر رَحم اِس لِئے ہُؤا کہ یِسُوعؔ مسِیح مُجھ بڑے گُنہگار میں اپنا کمال تحمُّل ظاہِر کرے تاکہ جو لوگ ہمیشہ کی زِندگی کے لِئے اُس پر اِیمان لائیں گے اُن کے لِئے مَیں نمُونہ بنُوں۔