YouVersion Logo
تلاش

۱-سموئیل 1:11-15

۱-سموئیل 1:11-15 URD

تب عمُّونی ناحس چڑھائی کر کے یبِیس جِلعاد کے مُقابِل خَیمہ زن ہُؤا اور یبِیس کے سب لوگوں نے ناحس سے کہا ہم سے عہد و پَیمان کر لے اور ہم تیری خِدمت کریں گے۔ تب عمُّونی ناحس نے اُن کو جواب دِیا کہ اِس شرط پر مَیں تُم سے عہد کرُوں گا کہ تُم سب کی دہنی آنکھ نِکال ڈالی جائے اور مَیں اِسے سب اِسرائیلِیوں کے لِئے ذِلّت کا نِشان ٹھہراؤُں۔ تب یبِیس کے بزُرگوں نے اُس سے کہا ہم کو سات دِن کی مُہلت دے تاکہ ہم اِسرائیلؔ کی سب سرحدّوں میں قاصِد بھیجیں۔ تب اگر ہمارا حِمایتی کوئی نہ مِلے تو ہم تیرے پاس نِکل آئیں گے۔ اور وہ قاصِد ساؤُل کے جِبعہ میں آئے اور اُنہوں نے لوگوں کو یہ باتیں کہہ سُنائِیں اور سب لوگ چِلاّ چِلاّ کر رونے لگے۔ اور ساؤُل کھیت سے بَیلوں کے پِیچھے پِیچھے چلا آتا تھا اور ساؤُل نے پُوچھا کہ اِن لوگوں کو کیا ہُؤا کہ روتے ہیں؟ اُنہوں نے یبِیس کے لوگوں کی باتیں اُسے بتائِیں۔ جب ساؤُل نے یہ باتیں سُنِیں تو خُدا کی رُوح اُس پر زور سے نازِل ہُوئی اور اُس کا غُصّہ نِہایت بھڑکا۔ سو اُس نے ایک جوڑی بَیل لے کر اُن کو ٹُکڑے ٹُکڑے کاٹا اور قاصِدوں کے ہاتھ اِسرائیلؔ کی سب سرحدّوں میں بھیج دِیا اور یہ کہا کہ جو کوئی آ کر ساؤُل اور سموئیل کے پِیچھے نہ ہو لے اُس کے بَیلوں سے اَیسا ہی کِیا جائے گا اور خُداوند کا خَوف لوگوں پر چھا گیا اور وہ یک تن ہو کر نِکل آئے۔ اور اُس نے اُن کو بزق میں گِنا۔ سو بنی اِسرائیل تِین لاکھ اور یہُوداؔہ کے مَرد تِیس ہزار تھے۔ اور اُنہوں نے اُن قاصِدوں سے جو آئے تھے کہا کہ تُم یبِیس جِلعاد کے لوگوں سے یُوں کہنا کہ کل دُھوپ تیز ہونے کے وقت تک تُم رہائی پاؤ گے۔ سو قاصِدوں نے جا کر یبِیس کے لوگوں کو خبر دی اور وہ خُوش ہُوئے۔ تب اہلِ یبِیس نے کہا کل ہم تُمہارے پاس نِکل آئیں گے اور جو کُچھ تُم کو اچّھا لگے ہمارے ساتھ کرنا۔ اور دُوسری صُبح کو ساؤُل نے لوگوں کے تِین غول کِئے اور وہ رات کے پِچھلے پہر لشکر میں گُھس کر عمُّونیوں کو قتل کرنے لگے یہاں تک کہ دِن بُہت چڑھ گیا اور جو بچ نِکلے سو اَیسے تِتربِتر ہو گئے کہ دو آدمی بھی کہِیں ایک ساتھ نہ رہے۔ اور لوگ سموئیل سے کہنے لگے کِس نے یہ کہا تھا کہ کیا ساؤُل ہم پر حُکُومت کرے گا؟ اُن آدمِیوں کو لاؤ تاکہ ہم اُن کو قتل کریں۔ ساؤُل نے کہا آج کے دِن ہرگِز کوئی مارا نہیں جائے گا اِس لِئے کہ خُداوند نے اِسرائیلؔ کو آج کے دِن رہائی دی ہے۔ تب سموئیل نے لوگوں سے کہا آؤ جِلجاؔل کو چلیں تاکہ وہاں سلطنت کو نئے سِرے سے قائِم کریں۔ تب سب لوگ جِلجاؔل کو گئے اور وہِیں اُنہوں نے خُداوند کے حضُور ساؤُل کو بادشاہ بنایا۔ پِھر اُنہوں نے وہاں خُداوند کے آگے سلامتی کے ذبِیحے ذبح کِئے اور وہِیں ساؤُل اور سب اِسرائیلی مَردوں نے بڑی خُوشی منائی۔