اور صُور کے بادشاہ حِیراؔم نے اپنے خادِموں کو سُلیماؔن کے پاس بھیجا کیونکہ اُس نے سُنا تھا کہ اُنہوں نے اُسے اُس کے باپ کی جگہ مَسح کر کے بادشاہ بنایا ہے اِس لِئے کہ حِیراؔم ہمیشہ داؤُد کا دوست رہا تھا۔ اور سُلیماؔن نے حِیراؔم کو کہلا بھیجا کہ تُو جانتا ہے کہ میرا باپ داؤُد خُداوند اپنے خُدا کے نام کے لِئے گھر نہ بنا سکا کیونکہ اُس کے چَوگِرد ہر طرف لڑائیاں ہوتی رہِیں جب تک کہ خُداوند نے اُن سب کو اُس کے پاؤں کے تلووں کے نِیچے نہ کر دِیا۔ اور اب خُداوند میرے خُدا نے مُجھ کو ہر طرف امن دِیا ہے۔ نہ تو کوئی مُخالِف ہے نہ آفت کی مار۔ سو دیکھ! خُداوند اپنے خُدا کے نام کے لِئے ایک گھر بنانے کا میرا اِرادہ ہے جَیسا خُداوند نے میرے باپ داؤُد سے کہا تھا کہ تیرا بیٹا جِس کو مَیں تیری جگہ تیرے تخت پر بِٹھاؤُں گا وُہی میرے نام کے لِئے گھر بنائے گا۔ سو اب تُو حُکم کر کہ وہ میرے لِئے لُبنان سے دیودار کے درختوں کو کاٹیں اور میرے مُلازِم تیرے مُلازِموں کے ساتھ رہیں گے اور مَیں تیرے مُلازِموں کے لِئے جِتنی اُجرت تُو کہے گا تُجھے دُوں گا کیونکہ تُو جانتا ہے کہ ہم میں اَیسا کوئی نہیں جو صَیدانِیوں کی طرح لکڑی کاٹنا جانتا ہو۔ جب حِیراؔم نے سُلیماؔن کی باتیں سُنِیں تو نِہایت خُوش ہُؤا اور کہنے لگا کہ آج کے دِن خُداوند مُبارک ہو جِس نے داؤُد کو اِس بڑی قَوم کے لِئے ایک عقل مند بیٹا بخشا۔ اور حِیراؔم نے سُلیماؔن کو کہلا بھیجا کہ جو پَیغام تُو نے مُجھے بھیجا مَیں نے اُس کو سُن لِیا ہے اور مَیں دیودار کی لکڑی اور صنَوبر کی لکڑی کے بارہ میں تیری مرضی پُوری کرُوں گا۔ میرے مُلازِم اُن کو لُبنان سے اُتار کر سمُندر تک لائیں گے اور مَیں اُن کے بیڑے بندھوا دُوں گا تاکہ سمُندر ہی سمُندر اُس جگہ جائیں جِسے تُو ٹھہرائے اور وہاں اُن کو کُھلوا دُوں گا۔ پِھر تُو اُن کو لے لینا اور تُو میرے گھرانے کے لِئے رسد دے کر میری مرضی پُوری کرنا۔ پس حِیراؔم نے سُلیماؔن کو اُس کی مرضی کے مُطابِق دیودار کی لکڑی اور صنَوبر کی لکڑی دی۔ اور سُلیماؔن نے حِیراؔم کو اُس کے گھرانے کے کھانے کے لِئے بِیس ہزار کور گیہُوں اور بِیس کور خالِص تیل دِیا۔ اِسی طرح سُلیماؔن حِیراؔم کو سال بسال دیتا رہا۔ اور خُداوند نے سُلیماؔن کو جَیسا اُس نے اُس سے وعدہ کِیا تھا حِکمت بخشی اور حِیراؔم اور سُلیماؔن کے درمِیان صُلح تھی اور اُن دونوں نے باہم عہد باندھ لِیا۔ اور سُلیماؔن بادشاہ نے سارے اِسرائیلؔ میں سے بیگاری لگائے۔ وہ بیگاری تِیس ہزار آدمی تھے۔ اور وہ ہر مہِینہ اُن میں سے دس دس ہزار کو باری باری سے لُبنان بھیجتا تھا۔ سو وہ ایک مہِینہ لُبنان پر اور دو مہِینے اپنے گھر رہتے اور ادُوؔنرام اُن بیگارِیوں کے اُوپر تھا۔ اور سُلیماؔن کے ستّر ہزار بوجھ اُٹھانے والے اور اسّی ہزار درخت کاٹنے والے پہاڑوں میں تھے۔ اِن کے علاوہ سُلیماؔن کے تِین ہزار تِین سَو خاص مَنصبدار تھے جو اِس کام پر مُختار تھے اور اُن لوگوں پر جو کام کرتے تھے سردار تھے۔ اور بادشاہ کے حُکم سے وہ بڑے بڑے بیش قِیمت پتّھر نِکال کر لائے تاکہ گھر کی بُنیاد گھڑے ہُوئے پتّھروں کی ڈالی جائے۔ اور سُلیماؔن کے مِعماروں اور حِیراؔم کے مِعماروں اور جبلِیوں نے اُن کو تراشا اور گھر کی تعمِیر کے لِئے لکڑی اور پتھّروں کو تیّار کِیا۔
پڑھیں ۱-سلاطِین 5
سنیں ۱-سلاطِین 5
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: ۱-سلاطِین 1:5-18
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos