اپنے اُن گُناہوں کے سبب سے جو اُس نے کِئے کہ خُداوند کی نظر میں بدی کی اور یرُبعاؔم کی راہ اور اُس کے گُناہ کی روِش اِختیار کی جو اُس نے کِیا تاکہ اِسرائیلؔ سے گُناہ کرائے۔ اور زِمرؔی کا باقی حال اور جو بغاوت اُس نے کی سو کیا وہ اِسرائیلؔ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں قلم بند نہیں؟ اُس وقت اِسرائیلی دو فرِیق ہو گئے آدھے آدمی جِینت کے بیٹے تِبنی کے پیرَو ہو گئے تاکہ اُسے بادشاہ بنائیں اور آدھے عُمرؔی کے پَیرو تھے۔ پر جو عُمرؔی کے پیرَو تھے اُن پر جو جِینت کے بیٹے تِبنی کے پیرَو تھے غالِب آئے۔ سو تِبنی مَر گیا اور عُمرؔی بادشاہ ہُؤا۔ شاہِ یہُوداؔہ آسا کے اِکتِیسویں سال سے عُمرؔی اِسرائیلؔ پر سلطنت کرنے لگا۔ اُس نے بارہ برس سلطنت کی۔ تِرضہ میں چھ برس اُس کی سلطنت رہی۔ اور اُس نے سامرؔیہ کا پہاڑ سمر سے دو قِنطار چاندی میں خرِیدا اور اُس پہاڑ پر ایک شہر بنایا اور اُس شہر کا نام جو اُس نے بنایا تھا پہاڑ کے مالِک سمر کے نام پر سامریہ رکھّا۔ اور عُمرؔی نے خُداوند کی نظر میں بدی کی اور اُن سب سے جو اُس سے پہلے ہُوئے بدتر کام کِئے۔ کیونکہ اُس نے نباؔط کے بیٹے یرُبعاؔم کی سب راہیں اور اُس کے گُناہوں کی روِش اِختیار کی جِن سے اُس نے اِسرائیلؔ سے گُناہ کرایا تاکہ وہ خُداوند اِسرائیلؔ کے خُدا کو اپنے باطِل کاموں سے غُصّہ دِلائیں۔ اور عُمرؔی کے باقی کام جو اُس نے کِئے اور اُس کا زور جو اُس نے دِکھایا سو کیا وہ اِسرائیلؔ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں قلم بند نہیں؟ سو عُمرؔی اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا اور سامرؔیہ میں دفن ہُؤا اور اُس کا بیٹا اخیاؔب اُس کی جگہ بادشاہ ہُؤا۔ اور شاہِ یہُوداؔہ آسا کے اڑتِیسویں سال سے عُمرؔی کا بیٹا اخیاؔب اِسرائیلؔ پر سلطنت کرنے لگا اور عُمرؔی کے بیٹے اخیاؔب نے سامرؔیہ میں اِسرائیلؔ پر بائِیس برس سلطنت کی۔ اور عُمرؔی کے بیٹے اخیاؔب نے جِتنے اُس سے پہلے ہُوئے تھے اُن سبھوں سے زِیادہ خُداوند کی نظر میں بدی کی۔ اور گویا نباط کے بیٹے یرُبعاؔم کے گُناہوں کی روِش اِختیار کرنا اُس کے لِئے ایک ہلکی سی بات تھی۔ سو اُس نے صَیدانیوں کے بادشاہ اِتبعل کی بیٹی اِیزؔبِل سے بیاہ کِیا اور جا کر بعل کی پرستِش کرنے اور اُسے سِجدہ کرنے لگا۔ اور بعل کے مندر میں جِسے اُس نے سامرؔیہ میں بنایا تھا بعل کے لِئے ایک مذبح تیّار کِیا۔ اور اخیاؔب نے یسِیرت بنائی اور اخیاؔب نے اِسرائیلؔ کے سب بادشاہوں سے زِیادہ جو اُس سے پہلے ہُوئے تھے خُداوند اِسرائیلؔ کے خُدا کو غُصّہ دِلانے کے کام کِئے۔
پڑھیں ۱-سلاطِین 16
سنیں ۱-سلاطِین 16
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: ۱-سلاطِین 19:16-33
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos