YouVersion Logo
تلاش

۱-سلاطِین 11:11-31

۱-سلاطِین 11:11-31 URD

اِس سبب سے خُداوند نے سُلیماؔن کو کہا چُونکہ تُجھ سے یہ فِعل ہُؤا اور تُو نے میرے عہد اور میرے آئِین کو جِن کا مَیں نے تُجھے حُکم دِیا نہیں مانا اِس لِئے مَیں سلطنت کو ضرُور تُجھ سے چِھین کر تیرے خادِم کو دُوں گا۔ تَو بھی تیرے باپ داؤُد کی خاطِر مَیں تیرے ایّام میں یہ نہیں کرُوں گا بلکہ اُسے تیرے بیٹے کے ہاتھ سے چِھینُوں گا۔ پِھر بھی مَیں ساری سلطنت کو نہیں چِھین لُوں گا بلکہ اپنے بندہ داؤُد کی خاطِر اور یروشلیِم کی خاطِر جِسے میں نے چُن لِیا ہے ایک قبِیلہ تیرے بیٹے کو دُوں گا۔ سو خُداوند نے ادُومی ہدد کو سُلیماؔن کا مُخالِف بنا کر کھڑا کِیا۔ یہ ادوؔم کی شاہی نسل سے تھا۔ کیونکہ جب داؤُد ادوؔم میں تھا اور لشکر کا سردار یُوآب ادوؔم میں ہر ایک مَرد کو قتل کر کے اُن مقتُولوں کو دفن کرنے گیا۔ (کیونکہ یُوآب اور سب اِسرائیلی چھ مہِینے تک وہِیں رہے جب تک کہ اُس نے ادُوم میں ہر ایک مَرد کو قتل نہ کر ڈالا)۔ تو ہدد کئی ایک ادُومِیوؔں کے ساتھ جو اُس کے باپ کے مُلازِم تھے مِصرؔ کو جانے کو بھاگ نِکلا۔ اُس وقت ہدد چھوٹا لڑکا ہی تھا۔ اور وہ مِدؔیان سے نِکل کر فاران میں آئے اور فاران سے لوگ ساتھ لے کر شاہِ مِصرؔ فرِعونؔ کے پاس مِصرؔ میں گئے۔ اُس نے اُس کو ایک گھر دِیا اور اُس کے لِئے رسد مُقرّر کی اور اُسے جاگِیر دی۔ اور ہدد کو فرِعونؔ کے حضُور اِتنا رسُوخ حاصِل ہُؤا کہ اُس نے اپنی سالی یعنی مَلِکہ تحفنیس کی بہن اُسی کو بیاہ دی۔ اور تحفنیس کی بہن کے اُس سے اُس کا بیٹا جنُوؔبت پَیدا ہُؤا جِس کا دُودھ تحفنیس نے فرِعونؔ کے محلّ میں چُھڑایا اور جنُوبت فرِعونؔ کے بیٹوں کے ساتھ فرِعونؔ کے محلّ میں رہا۔ سو جب ہدد نے مِصرؔ میں سُنا کہ داؤُد اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا اور لشکر کا سردار یُوآب بھی مَر گیا ہے تو ہدد نے فرِعونؔ سے کہا مُجھے رُخصت کر دے تاکہ مَیں اپنے مُلک کو چلا جاؤُں۔ تب فرِعونؔ نے اُس سے کہا بھلا تُجھے میرے پاس کِس چِیز کی کمی ہُوئی کہ تُو اپنے مُلک کو جانے کے درپَے ہے؟ اُس نے کہا کُچھ نہیں پِھر بھی تُو مُجھے جِس طرح ہو رُخصت ہی کر دے۔ اور خُدا نے اُس کے لِئے ایک اَور مُخالِف الِیدؔع کے بیٹے رزوؔن کو کھڑا کِیا جو اپنے آقا ضوباؔہ کے بادشاہ ہدد عزر کے پاس سے بھاگ گیا تھا۔ اور اُس نے اپنے پاس لوگ جمع کر لِئے اور جب داؤُد نے ضوباؔہ والوں کو قتل کِیا تو وہ ایک فَوج کا سردار ہو گیا اور وہ دمِشق کو جا کر وہِیں رہنے اور دمِشق میں سلطنت کرنے لگے۔ سو ہدد کی شرارت کے علاوہ یہ بھی سُلیماؔن کی ساری عُمر اِسرائیلؔ کا دُشمن رہا اور اُس نے اِسرائیلؔ سے نفرت رکھّی اور ارام پر حُکُومت کرتا رہا۔ اور صرِیدؔہ کے افرائِیمی نباؔط کا بیٹا یرُبعاؔم جو سُلیماؔن کا مُلازِم تھا اور جِس کی ماں کا نام جو بیوہ تھی صرُوعہ تھا اُس نے بھی بادشاہ کے خِلاف اپنا ہاتھ اُٹھایا۔ اور بادشاہ کے خِلاف اُس کے ہاتھ اُٹھانے کا یہ سبب ہُؤا کہ بادشاہ مِلّو کو بناتا تھا اور اپنے باپ داؤُد کے شہر کے رخنہ کی مرمّت کرتا تھا۔ اور وہ شخص یرُبعاؔم ایک زبردست سُورما تھا اور سُلیماؔن نے اُس جوان کو دیکھا کہ مِحنتی ہے۔ سو اُس نے اُسے بنی یُوسفؔ کے سارے کام پر مُختار بنا دِیا۔ اُس وقت جب یرُبعاؔم یروشلیِم سے نِکل کر جا رہا تھا تو سَیلانی اخیاہ نبی اُسے راہ میں مِلا اور اخیاہ ایک نئی چادر اوڑھے ہُوئے تھا۔ یہ دونوں مَیدان میں اکیلے تھے۔ سو اخیاہ نے اُس نئی چادر کو جو اُس پر تھی لے کر اُس کے بارہ ٹُکڑے پھاڑے۔ اور اُس نے یرُبعاؔم سے کہا کہ تُو اپنے لِئے دس ٹُکڑے لے لے کیونکہ خُداوند اِسرائیلؔ کا خُدا یُوں کہتا ہے کہ دیکھ مَیں سُلیماؔن کے ہاتھ سے سلطنت چِھین لُوں گا اور دس قبِیلے تُجھے دُوں گا۔