YouVersion Logo
تلاش

۱-یُوحنّا 2

2
مسِیح ہمارا مددگار
1اَے میرے بچّو! یہ باتیں مَیں تُمہیں اِس لِئے لِکھتا ہُوں کہ تُم گُناہ نہ کرو اور اگر کوئی گُناہ کرے تو باپ کے پاس ہمارا ایک مددگار مَوجُود ہے یعنی یِسُوعؔ مسِیح راست باز۔ 2اور وُہی ہمارے گُناہوں کا کفّارہ ہے اور نہ صِرف ہمارے ہی گُناہوں کا بلکہ تمام دُنیا کے گُناہوں کا بھی۔
3اگر ہم اُس کے حُکموں پر عمل کریں گے تو اِس سے ہمیں معلُوم ہو گا کہ ہم اُسے جان گئے ہیں۔ 4جو کوئی یہ کہتا ہے کہ مَیں اُسے جان گیا ہُوں اور اُس کے حُکموں پر عمل نہیں کرتا وہ جُھوٹا ہے اور اُس میں سچّائی نہیں۔ 5ہاں جو کوئی اُس کے کلام پر عمل کرے اُس میں یقِیناً خُدا کی مُحبّت کامِل ہو گئی ہے۔ ہمیں اِسی سے معلُوم ہوتا ہے کہ ہم اُس میں ہیں۔ 6جو کوئی یہ کہتا ہے کہ مَیں اُس میں قائِم ہُوں تو چاہئے کہ یہ بھی اُسی طرح چلے جِس طرح وہ چلتا تھا۔
نیا حُکم
7اَے عزِیزو! مَیں تُمہیں کوئی نیا حُکم نہیں لِکھتا بلکہ وُہی پُرانا حُکم جو شرُوع سے تُمہیں مِلا ہے۔ یہ پُرانا حُکم وُہی کلام ہے جو تُم نے سُنا ہے۔ 8پِھر تُمہیں ایک نیا حُکم لِکھتا ہُوں اور یہ بات اُس پر اور تُم پر صادِق آتی ہے کیونکہ تارِیکی مِٹتی جاتی ہے اور حقِیقی نُور چمکنا شرُوع ہو گیا ہے۔
9جو کوئی یہ کہتا ہے کہ مَیں نُور میں ہُوں اور اپنے بھائی سے عداوت رکھتا ہے وہ ابھی تک تارِیکی ہی میں ہے۔ 10جو کوئی اپنے بھائی سے مُحبّت رکھتا ہے وہ نُور میں رہتا ہے اور ٹھوکر نہیں کھانے کا۔ 11لیکن جو اپنے بھائی سے عداوت رکھتا ہے وہ تارِیکی میں ہے اور تارِیکی ہی میں چلتا ہے اور یہ نہیں جانتا کہ کہاں جاتا ہے کیونکہ تارِیکی نے اُس کی آنکھیں اَندھی کر دی ہیں۔
12اَے بچّو! مَیں تُمہیں اِس لِئے لِکھتا ہُوں کہ اُس کے نام سے تُمہارے گُناہ مُعاف ہُوئے۔ 13اَے بزُرگو! مَیں تُمہیں اِس لِئے لِکھتا ہُوں کہ جو اِبتدا سے ہے اُسے تُم جان گئے ہو۔ اَے جوانو! مَیں تُمہیں اِس لِئے لِکھتا ہُوں کہ تُم اُس شرِیر پر غالِب آ گئے ہو۔ اَے لڑکو! مَیں نے تُمہیں اِس لِئے لِکھا ہے کہ تُم باپ کو جان گئے ہو۔
14اَے بزُرگو! مَیں نے تُمہیں اِس لِئے لِکھا ہے کہ جو اِبتدا سے ہے اُس کو تُم جان گئے ہو۔ اَے جوانو! مَیں نے تُمہیں اِس لِئے لِکھا ہے کہ تُم مضبُوط ہو اور خُدا کا کلام تُم میں قائِم رہتا ہے۔ اور تُم اُس شرِیر پر غالِب آ گئے ہو۔
15نہ دُنیا سے مُحبّت رکھّو نہ اُن چِیزوں سے جو دُنیا میں ہیں۔ جو کوئی دُنیا سے مُحبّت رکھتا ہے اُس میں باپ کی مُحبّت نہیں۔ 16کیونکہ جو کُچھ دُنیا میں ہے یعنی جِسم کی خواہِش اور آنکھوں کی خواہِش اور زِندگی کی شَیخی وہ باپ کی طرف سے نہیں بلکہ دُنیا کی طرف سے ہے۔ 17دُنیا اور اُس کی خواہِش دونوں مِٹتی جاتی ہیں لیکن جو خُدا کی مرضی پر چلتا ہے وہ ابد تک قائِم رہے گا۔
مُخالِفِ مسِیح
18اَے لڑکو! یہ اخِیر وقت ہے اور جَیسا تُم نے سُنا ہے کہ مُخالِفِ مسِیح آنے والا ہے۔ اُس کے مُوافِق اب بھی بُہت سے مُخالِفِ مسِیح پَیدا ہو گئے ہیں۔ اِس سے ہم جانتے ہیں کہ یہ اَخِیر وقت ہے۔ 19وہ نِکلے تو ہم ہی میں سے مگر ہم میں سے تھے نہیں۔ اِس لِئے کہ اگر ہم میں سے ہوتے تو ہمارے ساتھ رہتے لیکن نِکل اِس لِئے گئے کہ یہ ظاہِر ہو کہ وہ سب ہم میں سے نہیں ہیں۔
20اور تُم کو تو اُس قدُّوس کی طرف سے مَسح کِیا گیا ہے اور تُم سب کُچھ جانتے ہو۔ 21مَیں نے تُمہیں اِس لِئے نہیں لِکھا کہ تُم سچّائی کو نہیں جانتے بلکہ اِس لِئے کہ تُم اُسے جانتے ہو اور اِس لِئے کہ کوئی جُھوٹ سچّائی کی طرف سے نہیں ہے۔
22کَون جُھوٹا ہے سِوا اُس کے جو یِسُوعؔ کے مسِیح ہونے کا اِنکار کرتا ہے؟ مُخالِفِ مسِیح وُہی ہے جو باپ اور بیٹے کا اِنکار کرتا ہے۔ 23جو کوئی بیٹے کا اِنکار کرتا ہے اُس کے پاس باپ بھی نہیں۔ جو بیٹے کا اِقرار کرتا ہے اُس کے پاس باپ بھی ہے۔
24جو تُم نے شرُوع سے سُنا ہے وُہی تُم میں قائِم رہے۔ جو تُم نے شرُوع سے سُنا ہے اگر وہ تُم میں قائِم رہے تو تُم بھی بیٹے اور باپ میں قائِم رہو گے۔ 25اور جِس کا اُس نے ہم سے وعدہ کِیا وہ ہمیشہ کی زِندگی ہے۔
26مَیں نے یہ باتیں تُمہیں اُن کی بابت لِکھی ہیں جو تُمہیں فرِیب دیتے ہیں۔ 27اور تُمہارا وہ مَسح جو اُس کی طرف سے کِیا گیا تُم میں قائِم رہتا ہے اور تُم اِس کے مُحتاج نہیں کہ کوئی تُمہیں سِکھائے بلکہ جِس طرح وہ مَسح جو اُس کی طرف سے کِیا گیا تُمہیں سب باتیں سِکھاتا ہے اور سچّا ہے اور جُھوٹا نہیں اور جِس طرح اُس نے تُمہیں سِکھایا اُسی طرح تُم اُس میں قائِم رہتے ہو۔
28غرض اَے بچّو! اُس میں قائِم رہو تاکہ جب وہ ظاہِر ہو تو ہمیں دِلیری ہو اور ہم اُس کے آنے پر اُس کے سامنے شرمِندہ نہ ہوں۔ 29اگر تُم جانتے ہو کہ وہ راست باز ہے تو یہ بھی جانتے ہو کہ جو کوئی راست بازی کے کام کرتا ہے وہ اُس سے پَیدا ہُؤا ہے۔

موجودہ انتخاب:

۱-یُوحنّا 2: URD

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in