YouVersion Logo
تلاش

۱-توارِیخ 17

17
ناتن کا پَیغام داؤُد کے نام
1اور جب داؤُد اپنے محلّ میں رہنے لگا تو اُس نے ناتن نبی سے کہا مَیں تو دیودار کے محلّ میں رہتا ہُوں پر خُداوند کے عہد کا صندُوق خَیمہ میں ہے۔
2ناتن نے داؤُد سے کہا کہ جو کُچھ تیرے دِل میں ہے سو کر کیونکہ خُدا تیرے ساتھ ہے۔
3اور اُسی رات اَیسا ہُؤا کہ خُدا کا کلام ناتن پر نازِل ہُؤا کہ 4جا کر میرے بندہ داؤُد سے کہہ کہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ تُو میرے رہنے کے لِئے گھر نہ بنانا۔ 5کیونکہ جب سے مَیں بنی اِسرائیل کو نِکال لایا آج کے دِن تک مَیں نے کِسی گھر میں سکُونت نہیں کی بلکہ خَیمہ بہ خَیمہ اور مسکن بہ مسکن پِھرتا رہا ہُوں۔ 6اُن جگہوں میں جہاں جہاں مَیں سارے اِسرائیلؔ کے ساتھ پِھرتا رہا کیا مَیں نے اِسرائیلی قاضیوں میں سے جِن کو مَیں نے حُکم کِیا تھا کہ میرے لوگوں کی گلّہ بانی کریں کِسی سے ایک حرف بھی کہا کہ تُم نے میرے لِئے دیودار کا گھر کیوں نہیں بنایا؟
7پس تُو میرے بندہ داؤُد سے یُوں کہنا کہ ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ مَیں نے تُجھے بھیڑسالے میں سے جب تُو بھیڑ بکریوں کے پِیچھے پِیچھے چلتا تھا لِیا تاکہ تُو میری قَوم اِسرائیلؔ کا پیشوا ہو۔ 8اور جہاں کہِیں تُو گیا مَیں تیرے ساتھ رہا اور تیرے سب دُشمنوں کو تیرے سامنے سے کاٹ ڈالا ہے اور مَیں رُویِ زمِین کے بڑے بڑے آدمِیوں کے نام کی مانِند تیرا نام کر دُوں گا۔ 9اور مَیں اپنی قَوم اِسرائیلؔ کے لِئے ایک جگہ ٹھہراؤُں گا اور اُن کو قائِم کر دُوں گا تاکہ اپنی جگہ بسے رہیں اور پِھر ہٹائے نہ جائیں اور نہ شرارت کے فرزند پِھر اُن کو دُکھ دینے پائیں گے جَیسا شرُوع میں ہُؤا۔ 10اور اُس وقت بھی جب مَیں نے حُکم دِیا کہ میری قَوم اِسرائیلؔ پر قاضی مُقرّر ہوں اور مَیں تیرے سب دُشمنوں کو مغلُوب کرُوں گا۔ ماسِوا اِس کے مَیں تُجھے بتاتا ہُوں کہ خُداوند تیرے لِئے ایک گھر بنائے گا۔ 11اور جب تیرے دِن پُورے ہو جائیں گے تاکہ تُو اپنے باپ دادا کے ساتھ مِل جانے کو چلا جائے تو مَیں تیرے بعد تیری نسل کو تیرے بیٹوں میں سے برپا کرُوں گا اور اُس کی سلطنت کو قائِم کرُوں گا۔ 12وہ میرے لِئے گھر بنائے گا اور مَیں اُس کا تخت ہمیشہ کے لِئے قائِم کرُوں گا۔ 13مَیں اُس کا باپ ہُوں گا اور وہ میرا بیٹا ہو گا اور مَیں اپنی شفقت اُس پر سے نہیں ہٹاؤُں گا جَیسے مَیں نے اُس پر سے جو تُجھ سے پہلے تھا ہٹا لی۔ 14بلکہ مَیں اُس کو اپنے گھر میں اور اپنی مُملکت میں ابد تک قائِم رکُھّوں گا اور اُس کا تخت ابد تک ثابِت رہے گا۔
15سو ناتن نے اِن سب باتوں اور اِس ساری رویا کے مُطابِق اَیسا ہی داؤُد سے کہا۔
داؤُد کی شُکرگُزاری کی دُعا
16تب داؤُد بادشاہ اندر جا کر خُداوند کے حضُور بَیٹھا اور کہنے لگا اَے خُداوند خُدا مَیں کَون ہُوں اور میرا گھرانا کیا ہے کہ تُو نے مُجھ کو یہاں تک پُہنچایا؟ 17اور یہ اَے خُدا تیری نظر میں چھوٹی بات تھی بلکہ تُو نے تو اپنے بندہ کے گھر کے حق میں آیندہ بُہت دِنوں کا ذِکر کِیا ہے اور تُو نے اَے خُداوند خُدا مُجھے اَیسا مانا کہ گویا مَیں بڑا منزلت والا آدمی ہُوں۔ 18بھلا داؤُد تُجھ سے اُس اِکرام کی نِسبت جو تیرے خادِم کا ہُؤا اَور کیا کہے؟ کیونکہ تُو اپنے بندہ کو جانتا ہے۔ 19اَے خُداوند تُو نے اپنے بندہ کی خاطِر اپنی ہی مرضی سے اِن بڑے بڑے کاموں کو ظاہِر کرنے کے لِئے اِتنی بڑی بات کی۔ 20اَے خُداوند کوئی تیری مانِند نہیں اور تیرے سِوا جِسے ہم نے اپنے کانوں سے سُنا ہے اَور کوئی خُدا نہیں۔ 21اور رُویِ زمِین پر تیری قَوم اِسرائیلؔ کی طرح اَور کَون سی قَوم ہے جِسے خُدا نے جا کر اپنی اُمّت بنانے کو آپ چُھڑایا تاکہ تُو اپنی اُمّت کے سامنے سے جِسے تُو نے مِصرؔ سے خلاصی بخشی قَوموں کو دُور کر کے بڑے اور مُہِیب کاموں سے اپنا نام کرے؟ 22کیونکہ تُو نے اپنی قَوم اِسرائیلؔ کو ہمیشہ کے لِئے اپنی قَوم ٹھہرایا ہے اور تُو آپ اَے خُداوند اُن کا خُدا ہُؤا ہے۔
23اور اب اَے خُداوند وہ بات جو تُو نے اپنے بندہ کے حق میں اور اُس کے گھرانے کے حق میں فرمائی ابد تک ثابِت رہے اور جَیسا تُو نے کہا ہے وَیسا ہی کر۔ 24اور تیرا نام ابد تک قائِم اور بزُرگ ہو تاکہ کہا جائے کہ ربُّ الافواج اِسرائیلؔ کا خُدا ہے بلکہ وہ اِسرائیلؔ ہی کے لِئے خُدا ہے اور تیرے بندہ داؤُد کا گھرانا تیرے حضُور قائِم رہے۔ 25کیونکہ تُو نے اَے میرے خُدا اپنے بندہ پر ظاہِر کِیا ہے کہ تُو اُس کے لِئے ایک گھر بنائے گا۔ سو تیرے بندہ کو تیرے حضُور دُعا کرنے کا حَوصلہ ہُؤا۔ 26اور اَے خُداوند تُو ہی خُدا ہے اور تُو نے اپنے بندہ سے اِس بھلائی کا وعدہ کِیا۔ 27اور تُجھے پسند آیا کہ تُو اپنے بندہ کے گھرانے کو برکت بخشے تاکہ وہ ابد تک تیرے حضُور پایدار رہے کیونکہ تُو اَے خُداوند! برکت دے چُکا ہے۔ سو وہ ابد تک مُبارک ہے۔

موجودہ انتخاب:

۱-توارِیخ 17: URD

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in