YouVersion Logo
تلاش

اِفسِیوں 1:1-14

اِفسِیوں 1:1-14 URDGVU

یہ خط پولس کی طرف سے ہے، جو اللہ کی مرضی سے مسیح عیسیٰ کا رسول ہے۔ مَیں اِفسس شہر کے مُقدّسین کو لکھ رہا ہوں، اُنہیں جو مسیح عیسیٰ میں ایمان دار ہیں۔ خدا ہمارا باپ اور خداوند عیسیٰ مسیح آپ کو فضل اور سلامتی بخشیں۔ خدا ہمارے خداوند عیسیٰ مسیح کے باپ کی حمد و ثنا ہو! کیونکہ مسیح میں اُس نے ہمیں آسمان پر ہر روحانی برکت سے نوازا ہے۔ دنیا کی تخلیق سے پیشتر ہی اُس نے مسیح میں ہمیں چن لیا تاکہ ہم مُقدّس اور بےعیب حالت میں اُس کے سامنے زندگی گزاریں۔ یہ کتنی عظیم محبت تھی! پہلے ہی سے اُس نے فیصلہ کر لیا کہ وہ ہمیں مسیح میں اپنے بیٹے بیٹیاں بنا لے گا۔ یہی اُس کی مرضی اور خوشی تھی تاکہ ہم اُس کے جلالی فضل کی تمجید کریں، اُس مفت نعمت کے لئے جو اُس نے ہمیں اپنے پیارے فرزند میں دے دی۔ کیونکہ اُس نے مسیح کے خون سے ہمارا فدیہ دے کر ہمیں آزاد اور ہمارے گناہوں کو معاف کر دیا ہے۔ اللہ کا یہ فضل کتنا وسیع ہے جو اُس نے کثرت سے ہمیں عطا کیا ہے۔ اپنی پوری حکمت اور دانائی کا اظہار کر کے اللہ نے ہم پر اپنی پوشیدہ مرضی ظاہر کر دی، یعنی وہ منصوبہ جو اُسے پسند تھا اور جو اُس نے مسیح میں پہلے سے بنا رکھا تھا۔ منصوبہ یہ ہے کہ جب مقررہ وقت آئے گا تو اللہ مسیح میں تمام کائنات کو جمع کر دے گا۔ اُس وقت سب کچھ مل کر مسیح کے تحت ہو جائے گا، خواہ وہ آسمان پر ہو یا زمین پر۔ مسیح میں ہم آسمانی بادشاہی کے وارث بھی بن گئے ہیں۔ اللہ نے پہلے سے ہمیں اِس کے لئے مقرر کیا، کیونکہ وہ سب کچھ یوں سرانجام دیتا ہے کہ اُس کی مرضی کا ارادہ پورا ہو جائے۔ اور وہ چاہتا ہے کہ ہم اُس کے جلال کی ستائش کا باعث بنیں، ہم جنہوں نے پہلے سے مسیح پر اُمید رکھی۔ آپ بھی مسیح میں ہیں، کیونکہ آپ سچائی کا کلام اور اپنی نجات کی خوش خبری سن کر ایمان لائے۔ اور اللہ نے آپ پر بھی روح القدس کی مُہر لگا دی جس کا وعدہ اُس نے کیا تھا۔ روح القدس ہماری میراث کا بیعانہ ہے۔ وہ ہمیں یہ ضمانت دیتا ہے کہ اللہ ہمارا جو اُس کی ملکیت ہیں فدیہ دے کر ہمیں پوری مخلصی تک پہنچائے گا۔ کیونکہ ہماری زندگی کا مقصد یہ ہے کہ اُس کے جلال کی ستائش کی جائے۔