YouVersion Logo
تلاش

کُلسِیوں 5:3-15

کُلسِیوں 5:3-15 URDGVU

چنانچہ اُن دنیاوی چیزوں کو مار ڈالیں جو آپ کے اندر کام کر رہی ہیں: زناکاری، ناپاکی، شہوت پرستی، بُری خواہشات اور لالچ (لالچ تو ایک قسم کی بُت پرستی ہے)۔ اللہ کا غضب ایسی ہی باتوں کی وجہ سے نازل ہو گا۔ ایک وقت تھا جب آپ بھی اِن کے مطابق زندگی گزارتے تھے، جب آپ کی زندگی اِن کے قابو میں تھی۔ لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ آپ یہ سب کچھ یعنی غصہ، طیش، بدسلوکی، بہتان اور گندی زبان خستہ حال کپڑے کی طرح اُتار کر پھینک دیں۔ ایک دوسرے سے بات کرتے وقت جھوٹ مت بولنا، کیونکہ آپ نے اپنی پرانی فطرت اُس کی حرکتوں سمیت اُتار دی ہے۔ ساتھ ساتھ آپ نے نئی فطرت پہن لی ہے، وہ فطرت جس کی تجدید ہمارا خالق اپنی صورت پر کرتا جا رہا ہے تاکہ آپ اُسے اَور بہتر طور پر جان لیں۔ جہاں یہ کام ہو رہا ہے وہاں لوگوں میں کوئی فرق نہیں ہے، خواہ کوئی غیریہودی ہو یا یہودی، مختون ہو یا نامختون، غیریونانی ہو یا سکوتی، غلام ہو یا آزاد۔ کوئی فرق نہیں پڑتا، صرف مسیح ہی سب کچھ اور سب میں ہے۔ اللہ نے آپ کو چن کر اپنے لئے مخصوص و مُقدّس کر لیا ہے۔ وہ آپ سے محبت رکھتا ہے۔ اِس لئے اب ترس، نیکی، فروتنی، نرم دلی اور صبر کو پہن لیں۔ ایک دوسرے کو برداشت کریں، اور اگر آپ کی کسی سے شکایت ہو تو اُسے معاف کر دیں۔ ہاں، یوں معاف کریں جس طرح خداوند نے آپ کو معاف کر دیا ہے۔ اِن کے علاوہ محبت بھی پہن لیں جو سب کچھ باندھ کر کاملیت کی طرف لے جاتی ہے۔ مسیح کی سلامتی آپ کے دلوں میں حکومت کرے۔ کیونکہ اللہ نے آپ کو اِسی سلامتی کی زندگی گزارنے کے لئے بُلا کر ایک بدن میں شامل کر دیا ہے۔ شکرگزار بھی رہیں۔