میں اِبتدا ہی سے اَنجام کی خبر دیتا ہُوں،
اَور قدیم وقتوں ہی سے وہ باتیں بتاتا آیا ہُوں جو اَب تک
وقوع میں نہیں آئیں۔
اَور کہتا ہُوں، ’میرا مقصد قائِم رہے گا،
اَور مَیں اَپنی ساری مرضی پُوری کروں گا۔‘
میں مشرق سے ایک شِکاری پرندہ کو بُلاتا ہُوں؛
یعنی دُور کے مُلک سے ایک شخص کو بُلاتا ہُوں جو میری مرضی پُوری کرے۔
جو مَیں نے کہا اُسے میں کرکے ہی رہُوں گا؛
اَورجو مقصد مَیں نے کیا ہے اُسے پُورا ہی کروں گا۔