کلُسّیِوں 2
2
1میں چاہتا ہُوں کہ تُم جان لو کہ میں نہ صِرف تمہارے لیٔے بَلکہ لَودِیکیہؔ شہر والوں کے لیٔے، اَور اُن تمام مُومِنین کے لیٔے بھی کتنی سخت جدّوجہد کر رہا ہوں اَور جِن لوگوں سے میں ذاتی طور سے نہیں مِلا۔ 2میری کوشش یہ ہے کہ اُن کی دِلی حوصلہ اَفزائی کرکے آپسی مَحَبّت میں ایک کیا جائے، تاکہ وہ عقل و دانش کی ساری دولت پائیں اَور خُدا کے راز کو، جان لیں یعنی المسیح کو، 3المسیح میں ہی حِکمت اَور علم و عِرفان کے سَب خزانے پوشیدہ ہیں۔ 4میں یہ اِس لیٔے کہتا ہُوں تاکہ کویٔی تُمہیں جھُوٹی دلیلوں سے گُمراہ نہ کر دے۔ 5اگرچہ میں جِسمانی طور پر تُم سے دُور ہُوں مگر رُوحانی طور پر تمہارے نزدیک، اَور یہ دیکھ کر خُوش ہوتا ہُوں کہ تُم کتنی مُنطّم زندگی گزارتے ہو، اَور تمہارا المسیح پر ایمان کتنا پُختہ ہے۔
المسیح میں رُوحانی زندگی
6پس جَب تُم نے المسیح یِسوعؔ کو اَپنا خُداوؔند قبُول کر لیا ہے، تو اَب المسیح میں زندگی بھی گُزارو، 7اَور المسیح میں جڑ پکڑتے اَور اَپنی زندگی تعمیر کرتے جاؤ، اَور جِس طرح تُم نے تعلیم پائی ہے اُسی طرح ایمان میں مضبُوط رہو، اَور خُدا کی بےحد شُکر گُزاری کیا کرو۔
8خبردار، کویٔی شخص تُمہیں اُن فَلسفیانہ اَور پُر فریب خیالات کا شِکار نہ بنانے پایٔے، جِن کی بُنیاد المسیح پر نہیں بَلکہ اِنسانی روایتوں اَور دُنیوی اِبتدائی باتوں پر ہے۔
9کیونکہ اُلُوہیّت کی ساری معموُری المسیح میں مُجسّم ہوکر سکونت کرتی ہے، 10اَور تُمہیں المسیح کی معموُری میں شریک کر دیا گیا ہے۔ وُہی ہر طرح کی حُکمرانی اَور اِختیار والے کا سَر ہیں۔ 11المسیح میں تمہارا اَیسا ختنہ ہُواہے جو اِنسانی ہاتھ کا نہیں۔ بَلکہ المسیح کے وسیلہ سے تمہاری پُرانی گُناہ آلُودہ اِنسانیّت کو تُم سے جُدا کر دیا گیا، 12جَب تُم پاک غُسل لے کر گویا المسیح کے ساتھ دفن ہو گیٔے، اَور تُم ایمان کے ذریعہ زندہ بھی کیٔے گئے کیونکہ تُم خُدا کی اُس قُدرت پر ایمان لائے، جِس نے المسیح کو مُردوں میں سے زندہ کیا۔
13اَور تُم تو اَپنے گُناہوں اَور نامختون جِسمانی حالت کی وجہ سے مُردہ تھے لیکن خُدا نے المسیح کے ساتھ تُمہیں بھی زندہ کر دیا۔ اَور اُس نے ہمارے سارے قُصُور مُعاف کر دئیے، 14اَور اَحکام کے قانُونی دستاویز کو جو ہمارے خِلاف لکھے گیٔے تھے، اَور ہمیں مُجرم ٹھہراتے تھے اُسے المسیح نے موقُوف کرکے صلیب پر کیلوں سے جڑ کر، ہماری نظروں سے دُور کر دیا۔ 15اَور خُدا نے رُوحانی حُکمرانوں اَور اِختیار والوں کے اسلحہ کو چھین کر اُن کا اعلانیہ تماشا بنایا، اَور المسیح نے صلیب#2:15 صلیب یا اُنہُوں نے خُود ہی کے سبب سے اُن پر ظفریابی کا شادِیانہ بجایا۔
اِنسانی قوانین سے آزادی
16پس کسی کو موقع نہ دو کہ وہ تمہارے کھانے پینے، مَذہَبی تہوار منانے، نئے چاند یا سَبت منانے کے بارے میں تُمہیں قُصُوروار ٹھہرائے۔ 17یہ سَب چیزیں تو صِرف مُستقبِل میں آنے والی حقیقت کا سایہ ہیں؛ مگر، المسیح تو خُود ہی حقیقت ہیں۔ 18اگر کویٔی شخص ظاہری خاکساری اَور فرشتوں کی عبادت کرنے سے خُوش ہوتاہے۔ اَیسا شخص بڑی تفصیل سے اَپنی رُویاؤں میں دیکھی ہُوئی چیزوں کا بَیان کرتا ہے؛ اَور اَپنی غَیر رُوحانی عقل پر بے فائدہ پھُول جاتا ہے۔ 19وہ شخص سَر یعنی المسیح سے اَپنا تعلّق کھو بیٹھتا ہے جِس سے سارا بَدن جوڑوں اَور پَٹھّوں کے وسیلہ سے پرورِش پا کر، اَور باہم پیوستہ ہوکر، خُدا کی مرضی کے مُطابق بڑھتا چلا جاتا ہے۔
20جَب تُم المسیح کے ساتھ اِس دُنیا کی رُوحانی قُوّتوں کے لیٔے، مَر چُکے ہو تو اَب دُنیاداروں کی طرح، زندگی کیوں گزارتے ہو؟ گویا تُم ابھی بھی دُنیا کے اَحکام کے تابع ہو مثلاً: 21”اِسے ہاتھ نہ لگانا! اُسے نہ چکھنا! اَور اُسے نہ چھُونا؟“ 22یہ اُصُول صِرف اِنسانی اَحکام اَور تعلیمات ہیں، اَور یہ ساری چیزیں اِستعمال ہوکر فنا ہو جاتی ہیں۔ 23یہ خُود ساختہ عبادت، قاعدے اَور قانُون ظاہری میں تو مَعقُول لگتے ہیں، کیونکہ اِن میں جِسمانی رِیاضت اَور ظاہری فروتنی پر زور دیا گیا، مگر جِسمانی خواہشوں پر قابُو پانے میں اِن سے کویٔی مدد نہیں ملتی۔
Currently Selected:
کلُسّیِوں 2: UCV
Highlight
Share
Copy
Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.