YouVersion Logo
Search Icon

زکریاہ 9

9
ہمسایہ قَوموں پر قہر و غضب
1بنی آدمؔ اور خصُوصاً کُل قبائِلِ اِسرائیل کی آنکھیں خُداوند پر لگی ہیں۔ خُداوند کی طرف سے سرزمِینِ حدراؔک اور دمِشق کے خِلاف بارِ نبُوّت۔ 2اور حمات کے خِلاف جو اُن سے مُتّصِل ہے اور صُور و صَیدا کے خِلاف جو اپنی نظر میں بُہت دانِش مند ہیں۔ 3صُور نے اپنے لِئے مضبُوط قلعہ بنایا اور مِٹّی کی طرح چاندی کے تُودے لگائے اور گلیوں کی کِیچ کی طرح سونے کے ڈھیر۔ 4دیکھو خُداوند اُسے خارِج کر دے گا اور اُس کے فخر کو سمُندر میں ڈال دے گا اور آگ اُس کو کھا جائے گی۔
5اؔسقلون دیکھ کر ڈر جائے گا۔ غزّہ بھی سخت درد میں مُبتلا ہو گا۔ عقرُوؔن بھی کیونکہ اُس کی آس ٹُوٹ گئی اور غزّہ سے بادشاہی جاتی رہے گی اور اسقلوؔن بے چراغ ہو جائے گا۔ 6اور ایک اجنبی زادہ اشدُود میں تخت نشِین ہو گا اور مَیں فلِستِیوں کا فخر مِٹاؤُں گا۔ 7اور مَیں اُس کے خُون کو اُس کے مُنہ سے اور اُس کی مکرُوہات اُس کے دانتوں سے نِکال ڈالُوں گا اور وہ بھی ہمارے خُدا کے لِئے بقِیّہ ہو گا اور وہ یہُوداؔہ میں سردار ہو گا اور عقرُونی یبُوسِیوں کی مانِند ہوں گے۔ 8اور مَیں مُخالِف فَوج کے مُقابِل اپنے گھر کی چاروں طرف خَیمہ زن ہُوں گا تاکہ کوئی اُس میں سے آمد و رفت نہ کر سکے۔ پِھر کوئی ظالِم اُن کے درمِیان سے نہ گُذرے گا کیونکہ اب مَیں نے اپنی آنکھوں سے دیکھ لِیا ہے۔
مُستقبِل کا بادشاہ
9اَے بِنتِ صِیُّون تُو نِہایت شادمان ہو۔
اَے دُخترِ یروشلیِم خُوب للکار
کیونکہ دیکھ تیرا بادشاہ تیرے پاس آتا ہے۔
وہ صادِق ہے اور نجات اُس کے ہاتھ میں ہے۔
وہ حلِیم ہے اور گدھے پر بلکہ جوان گدھے پر
سوار ہے۔
10اور مَیں اِفرائِیم سے رتھ
اور یروشلیِم سے گھوڑے کاٹ ڈالُوں گا
اور جنگی کمان توڑ ڈالی جائے گی
اور وہ قَوموں کو صُلح کا مُژدہ دے گا
اور اُس کی سلطنت سمُندر سے سمُندر تک
اور دریایِ فرات سے اِنتہایِ زمِین تک ہو گی۔
خُداوند کی اُمّت کی بحالی
11اور تیری بابت یُوں ہے کہ تیرے عہد کے خُون
کے سبب سے
مَیں تیرے اسِیروں کو اندھے کنُوئیں سے
نِکال لایا۔
12مَیں آج بتاتا ہُوں کہ تُجھ کو دو چند اجر دُوں گا
اَے اُمّیدوار اسِیرو
قلعہ میں واپس آؤ۔
13کیونکہ مَیں نے یہُوداؔہ کو کمان کی طرح جُھکایا
اور اِفرائِیم کو تِیر کی طرح لگایا
اور اَے صِیُّون مَیں تیرے فرزندوں کو یُونان کے
فرزندوں کے خِلاف برانگیختہ کرُوں گا
اور تُجھے پہلوان کی تلوار کی مانِند بناؤُں گا۔
14اور خُداوند اُن کے اُوپر دِکھائی دے گا
اور اُس کے تِیر بِجلی کی طرح نِکلیں گے۔
ہاں خُداوند خُدا نرسِنگا پُھونکے گا
اور جنُوبی بگُولوں کے ساتھ خرُوج کرے گا۔
15اور ربُّ الافواج اُن کی حِمایت کرے گا
اور وہ دُشمنوں کو نِگلیں گے
اور فلاخن کے پتّھروں کو پایمال کریں گے
اور پی کر متوالوں کی مانِند شور مچائیں گے
اور کٹوروں اور مذبح کے کونوں کی مانِند معمُور
ہوں گے۔
16اور خُداوند اُن کا خُدا اُس روز اُن کو
اپنی بھیڑوں کی طرح بچا لے گا
کیونکہ وہ تاج کے جواہِر کی مانِند ہوں گے
جو اُس کے مُلک میں سرفراز ہوں گے۔
17کیونکہ اُن کی خُوش حالی عظِیم اور اُن کا جمال
خُوب ہے!
نَوجوان غلّہ سے بڑھیں گے اور لڑکِیاں نئی مَے
سے نشو و نُما پائیں گی۔

Currently Selected:

زکریاہ 9: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

Video for زکریاہ 9