زکریاہ 12
12
مُستقبِل میں یروشلیِم کی رِہائی
1اِسرائیل کی بابت خُداوند کی طرف سے بارِ نبُوّت:- خُداوند جو آسمان کو تانتا اور زمِین کی بُنیاد ڈالتا اور اِنسان کے اندر اُس کی رُوح پَیدا کرتا ہے یُوں فرماتا ہے۔ 2دیکھو مَیں یروشلیِم کو اِردگِرد کے سب لوگوں کے لِئے لڑکھڑاہٹ کا پِیالہ بناؤُں گا اور یروشلیِم کے مُحاصرہ کے وقت یہُوداؔہ کا بھی یِہی حال ہو گا۔ 3اور مَیں اُس روز یروشلیِم کو سب قَوموں کے لِئے ایک بھاری پتّھر بنا دُوں گا اور جو اُسے اُٹھائیں گے سب گھایل ہوں گے اور دُنیا کی سب قَومیں اُس کے مُقابِل جمع ہوں گی۔ 4خُداوند فرماتا ہے مَیں اُس روز ہر گھوڑے کو حَیرت زدہ اور اُس کے سوار کو دِیوانہ کر دُوں گا لیکن یہُوداؔہ کے گھرانے پر نِگاہ رکھّوں گا اور قَوموں کے سب گھوڑوں کو اندھا کر دُوں گا۔ 5تب یہُوداؔہ کے فرمانروا دِل میں کہیں گے کہ یروشلیِم کے باشِندے اپنے خُدا ربُّ الافواج کے سبب سے ہماری توانائی ہیں۔
6مَیں اُس روز یہُوداؔہ کے فرمانرواؤں کو لکڑیوں میں جلتی انگِیٹھی اور پُولوں میں مشعل کی مانِند بناؤُں گا اور وہ دہنے بائیں اور اِردگِرد کی سب قَوموں کو کھا جائیں گے اور اہلِ یروشلیِم پِھر اپنے مقام پر یروشلیِم ہی میں آباد ہوں گے۔
7اور خُداوند یہُوداؔہ کے خَیموں کو پہلے رہائی بخشے گا تاکہ داؤُد کا گھرانا اور یروشلیِم کے باشِندے یہُوداؔہ کے خِلاف فخر نہ کریں۔ 8اُس روز خُداوند یروشلیِم کے باشِندوں کی حِمایت کرے گا اور اُن میں کا سب سے کمزور اُس روز داؤُد کی مانِند ہو گا اور داؤُد کا گھرانا خُدا کی مانِند یعنی خُداوند کے فرِشتہ کی مانِند جو اُن کے آگے آگے چلتا ہو۔ 9اور مَیں اُس روز یروشلیِم کی سب مُخالِف قَوموں کی ہلاکت کا قصد کرُوں گا۔
10اور مَیں داؤُد کے گھرانے اور یروشلیِم کے باشِندوں پر فضل اور مُناجات کی رُوح نازِل کرُوں گا اور وہ اُس پر جِس کو اُنہوں نے چھیدا ہے نظر کریں گے اور اُس کے لِئے ماتم کریں گے جَیسا کوئی اپنے اِکلوتے کے لِئے کرتا ہے اور اُس کے لِئے تلخ کام ہوں گے جَیسے کوئی اپنے پہلوٹھے کے لِئے ہوتا ہے۔ 11اور اُس روز یروشلیِم میں بڑا ماتم ہو گا۔ ہددرِؔمُّون کے ماتم کی مانِند جو مجِدّون کی وادی میں ہُؤا۔ 12اور تمام مُلک ماتم کرے گا۔ ہر ایک گھرانا الگ۔ داؤُد کا گھرانا الگ اور اُن کی بِیویاں الگ۔ ناتن کا گھرانا الگ اور اُن کی بِیویاں الگ۔ 13لاوؔی کا گھرانا الگ اور اُن کی بِیویاں الگ۔ سِمعی کا گھرانا الگ اور اُن کی بِیویاں الگ۔ 14باقی سب گھرانے الگ الگ اور اُن کی بِیویاں الگ الگ۔
Currently Selected:
زکریاہ 12: URD
Highlight
Share
Copy
Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.