رُومِیوں 16
16
شخصی سلام
1مَیں تُم سے فِیبے کی جو ہماری بہن اور کِنخریہ کی کلِیسیا کی خادِمہ ہے سِفارش کرتا ہُوں۔ 2کہ تُم اُسے خُداوند میں قبُول کرو جَیسا مُقدّسوں کو چاہئے اور جِس کام میں وہ تُمہاری مُحتاج ہو اُس کی مدد کرو کیونکہ وہ بھی بُہتوں کی مددگار رہی ہے بلکہ میری بھی۔
3پرسِکہ اور اَکوِلہ سے میرا سلام کہو۔ وہ مسِیح یِسُوعؔ میں میرے ہم خِدمت ہیں۔ 4اُنہوں نے میری جان کے لِئے اپنا سَر دے رکھّا تھا اور صِرف مَیں ہی نہیں بلکہ غَیر قَوموں کی سب کلِیسیائیں بھی اُن کی شُکر گُذار ہیں۔ 5اور اُس کلِیسیا سے بھی سلام کہو جو اُن کے گھر میں ہے۔
میرے پِیارے اِپینِتُس سے سلام کہو جو مسِیح کے لِئے آسیہ کا پہلا پَھل ہے۔ 6مریمؔ سے سلام کہو جِس نے تُمہارے واسطے بُہت مِحنت کی۔ 7اندرُنِیکُس اور یُونِیاس سے سلام کہو۔ وہ میرے رِشتہ دار ہیں اور میرے ساتھ قَید ہُوئے تھے اور رسُولوں میں ناموَر ہیں اور مُجھ سے پہلے مسِیح میں شامِل ہُوئے۔
8اَمپلیاطُس سے سلام کہو جو خُداوند میں میرا پِیارا ہے۔ 9اُربانُس سے جو مسِیح میں ہمارا ہم خِدمت ہے اور میرے پِیارے استخُس سے سلام کہو۔ 10اَپلِّیس سے سلام کہو جو مسِیح میں مقبُول ہے۔ اَرسِتُبُولُس کے گھر والوں سے سلام کہو۔ 11میرے رِشتہ دار ہیرودیوؔن سے سلام کہو۔ نَرکِسُّس کے اُن گھر والوں سے سلام کہو جو خُداوند میں ہیں۔
12ترُوفَینہ اور ترُوفوسہ سے سلام کہو جو خُداوند میں مِحنت کرتی ہیں۔ پِیاری پرسِس سے سلام کہو جِس نے خُداوند میں بُہت مِحنت کی۔ 13روفُس جو خُداوند میں برگُزِیدہ ہے اور اُس کی ماں جو میری بھی ماں ہے دونوں سے سلام کہو۔ 14اَسُنکرِتُس اور فلِگون اور ہِرمیس اور پترُباؔس اور ہرماس اور اُن بھائِیوں سے جو اُن کے ساتھ ہیں سلام کہو۔ 15فِلُلُگس اور یُولیہ اور نیریُوس اور اُس کی بہن اور اُلُمپاس اور سب مُقدّسوں سے جو اُن کے ساتھ ہیں سلام کہو۔
16آپس میں پاک بوسہ لے کر ایک دُوسرے کو سلام کرو۔ مسِیح کی سب کلِیسیائیں تُمہیں سلام کہتی ہیں۔
آخِری ہدایات
17اب اَے بھائِیو! مَیں تُم سے اِلتماس کرتا ہُوں کہ جو لوگ اُس تعلِیم کے برخِلاف جو تُم نے پائی پُھوٹ پڑنے اور ٹھوکر کھانے کا باعِث ہیں اُن کو تاڑ لِیا کرو اور اُن سے کنارہ کِیا کرو۔ 18کیونکہ اَیسے لوگ ہمارے خُداوند مسِیح کی نہیں بلکہ اپنے پیٹ کی خِدمت کرتے ہیں اور چِکنی چُپڑی باتوں سے سادہ دِلوں کو بہکاتے ہیں۔ 19کیونکہ تُمہاری فرمانبرداری سب میں مشہُور ہو گئی ہے اِس لِئے مَیں تُمہارے بارے میں خُوش ہُوں لیکن یہ چاہتا ہُوں کہ تُم نیکی کے اِعتبار سے دانا بن جاؤ اور بدی کے اِعتبار سے بھولے بنے رہو۔ 20اور خُدا جو اِطمِینان کا چشمہ ہے شَیطان کو تُمہارے پاؤں سے جلد کُچلوا دے گا۔
ہمارے خُداوند یِسُوع مسِیح کا فضل تُم پر ہوتا رہے۔
21میرا ہم خِدمت تِیمُتِھیُس اور میرے رِشتہ دار لُوکِیُس اور یاسوؔن اور سوسِپطرُؔس تُمہیں سلام کہتے ہیں۔
22اِس خَط کا کاتِب ترتِیُس تُم کو خُداوند میں سلام کہتا ہے۔
23گیُس میرا اور ساری کلِیسیا کا مِہمان دار تُمہیں سلام کہتا ہے۔ اِراستُس شہر کا خزانچی اور بھائی کوارتُس تُم کو سلام کہتے ہیں۔ 24[ہمارے خُداوند یِسُوع مسِیح کا فضل تُم سب کے ساتھ ہو۔ آمِین۔]
اِختتامی دُعا اور حمد
25اب خُدا جو تُم کو میری خُوشخبری یعنی یِسُوعؔ مسِیح کی مُنادی کے مُوافِق مضبُوط کر سکتا ہے اُس بھید کے مُکاشفہ کے مُطابِق جو اَزل سے پَوشِیدہ رہا۔ 26مگر اِس وقت ظاہِر ہو کر خُدایِ اَزلی کے حُکم کے مُطابِق نبِیوں کی کِتابوں کے ذرِیعہ سے سب قَوموں کو بتایا گیا تاکہ وہ اِیمان کے تابِع ہو جائیں۔
27اُسی واحد حکِیم خُدا کی یِسُوعؔ مسِیح کے وسِیلہ سے اَبد تک تمجِید ہوتی رہے۔ آمِین۔
Currently Selected:
رُومِیوں 16: URD
Highlight
Share
Copy
Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.