زبُور 1:119-35
زبُور 1:119-35 URD
(الف) مُبارک ہیں وہ جو کامِل رفتار ہیں۔ جو خُداوند کی شرِیعت پر عمل کرتے ہیں۔ مُبارک ہیں وہ جو اُس کی شہادتوں کو مانتے ہیں اور پُورے دِل سے اُس کے طالِب ہیں۔ اُن سے ناراستی نہیں ہوتی۔ وہ اُس کی راہوں پر چلتے ہیں۔ تُو نے اپنے قوانِین دِئے ہیں تاکہ ہم دِل لگا کر اُن کو مانیں۔ کاش کہ تیرے آئِین ماننے کے لِئے میری روِشیں درُست ہو جائیں! جب مَیں تیرے سب احکام کا لِحاظ رکھُّوں گا تو شرمِندہ نہ ہُوں گا۔ جب مَیں تیری صداقت کے احکام سِیکھ لُوں گا تو سچّے دِل سے تیرا شُکر ادا کرُوں گا۔ مَیں تیرے آئِین مانُوں گا۔ مُجھے بالکُل ترک نہ کر دے۔ (بیتھ) جوان اپنی روِش کِس طرح پاک رکھّے؟ تیرے کلام کے مُطابِق اُس پر نِگاہ رکھنے سے۔ مَیں پُورے دِل سے تیرا طالِب ہُؤا ہُوں مُجھے اپنے فرمان سے بھٹکنے نہ دے۔ مَیں نے تیرے کلام کو اپنے دِل میں رکھ لِیا ہے تاکہ مَیں تیرے خِلاف گُناہ نہ کرُوں۔ اَے خُداوند! تُو مُبارک ہے۔ مُجھے اپنے آئِین سِکھا۔ مَیں نے اپنے لبوں سے تیرے فرمُودہ احکام کو بیان کِیا۔ مُجھے تیری شہادتوں کی راہ سے اَیسی شادمانی ہُوئی جَیسی ہر طرح کی دَولت سے ہوتی ہے۔ مَیں تیرے قوانِین پر غَور کرُوں گا۔ اور تیری راہوں کا لِحاظ رکھُّوں گا۔ مَیں تیرے آئِین میں مسرُور رہُوں گا۔ مَیں تیرے کلام کو نہ بُھولُوں گا۔ (گِیمل) اپنے بندہ پر اِحسان کر تاکہ مَیں جِیتا رہُوں اور تیرے کلام کو مانتا رہُوں۔ میری آنکھیں کھول دے تاکہ مَیں تیری شرِیعت کے عجائِب دیکھوں۔ مَیں زمِین پر مُسافِر ہُوں۔ اپنے فرمان مُجھ سے پوشِیدہ نہ رکھ۔ میرا دِل تیرے احکام کے اِشتیاق میں ہر وقت تڑپتا رہتا ہے۔ تُو نے اُن ملعُون مغرُوروں کو جِھڑک دِیا جو تیرے فرمان سے بھٹکتے رہتے ہیں۔ ملامت اور حقارت کو مُجھ سے دُور کر دے کیونکہ مَیں نے تیری شہادتیں مانی ہیں اُمرا بھی بَیٹھ کر میرے خِلاف باتیں کرتے رہے لیکن تیرا بندہ تیرے آئِین پر دِھیان لگائے رہا۔ تیری شہادتیں مُجھے مرغُوب اور میری مُشِیر ہیں۔ (دالتھ) میری جان خاک میں مِل گئی۔ تُو اپنے کلام کے مُطابِق مُجھے زِندہ کر۔ مَیں نے اپنی روِشوں کا اِظہار کِیا اور تُو نے مُجھے جواب دِیا۔ مُجھے اپنے آئِین کی تعلِیم دے۔ اپنے قوانِین کی راہ مُجھے سمجھا دے اور مَیں تیرے عجائِب پر دِھیان کرُوں گا۔ غم کے مارے میری جان گُھلی جاتی ہے۔ اپنے کلام کے مُطابِق مُجھے تقوِیت دے۔ جُھوٹ کی راہ سے مُجھے دُور رکھ اور مُجھے اپنی شرِیعت عِنایت فرما۔ مَیں نے وفاداری کی راہ اِختیار کی ہے۔ مَیں نے تیرے احکام اپنے سامنے رکھّے ہیں۔ مَیں تیری شہادتوں سے لِپٹا ہُؤا ہُوں۔ اَے خُداوند! مُجھے شرمِندہ نہ ہونے دے۔ جب تُو میرا حَوصلہ بڑھائے گا تو مَیں تیرے فرمان کی راہ میں دَوڑُوں گا۔ (ھے) اَے خُداوند! مُجھے اپنے آئِین کی راہ بتا اور مَیں آخِر تک اُس پر چلُوں گا۔ مُجھے فہم عطا کر اور مَیں تیری شرِیعت پر چلُوں گا۔ بلکہ مَیں پُورے دِل سے اُس کو مانُوں گا۔ مُجھے اپنے فرمان کی راہ پر چلا کیونکہ اِسی میں میری خُوشی ہے۔