YouVersion Logo
Search Icon

یرمِیاہ 49

49
عمُّون پر خُداوند کا غضب
1بنی عمُّون کی بابت:۔ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ کیا اِسرائیل کے بیٹے نہیں ہیں؟ کیا اُس کا کوئی وارِث نہیں؟ پِھر مِلکوؔم نے کیوں جد پر قبضہ کر لِیا اور اُس کے لوگ اُس کے شہروں میں کیوں بستے ہیں؟ 2اِس لِئے دیکھ وہ دِن آتے ہیں خُداوند فرماتا ہے کہ مَیں بنی عمُّون کے ربّہ میں لڑائی کا ہُلڑ برپا کرُوں گا اور وہ کھنڈر ہو جائے گا اور اُس کی بیٹِیاں آگ سے جلائی جائیں گی۔ تب اِسرائیل اُن کا جو اُس کے وارِث بن بَیٹھے تھے وارِث ہو گا خُداوند فرماتا ہے۔ 3اَے حسبُوؔن واوَیلا کر کہ عَی برباد کی گئی۔ اَے ربّہ کی بیٹِیو چِلاّؤ اور ٹاٹ اوڑھ کر ماتم کرو اور اِحاطوں میں اِدھر اُدھر دَوڑو کیونکہ مِلکوؔم اَسِیری میں جائے گا اور اُس کے کاہِن اور اُمرا بھی ساتھ جائیں گے۔ 4تُو کیوں وادِیوں پر فخر کرتی ہے؟ تیری وادی سیراب ہے۔ اَے برگشتہ بیٹی تُو اپنے خزانوں پر تکیہ کرتی ہے کہ کَون مُجھ تک آ سکتا ہے؟ 5دیکھ خُداوند ربُّ الافواج فرماتا ہے مَیں تیرے سب اِردگِرد والوں کا خَوف تُجھ پر غالِب کرُوں گا اور تُم میں سے ہر ایک آگے ہانکا جائے گا اور کوئی نہ ہو گا جو آوارہ پِھرنے والوں کو جمع کرے۔
6مگر اُس کے بعد مَیں بنی عمُّون کو اَسِیری سے واپس لاؤُں گا خُداوند فرماتا ہے۔
ادُوم پر خُداوند کا غضب
7ادُوؔم کی بابت:۔ ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ کیا تِیمان میں خِرد مُطلق نہ رہی؟ کیا عاقِلوں کی مصلحت جاتی رہی؟ کیا اُن کی عقل اُڑ گئی؟ 8اَے ددان کے باشِندو بھاگو۔ لَوٹو اور نشیبوں میں جا بسو کیونکہ مَیں اِنتقام کے وقت اُس پر عیسَو کی سی مُصِیبت لاؤُں گا۔ 9اگر انگُور توڑنے والے تیرے پاس آئیں تو کیا کُچھ دانے باقی نہ چھوڑیں گے؟ یا اگر رات کو چور آئیں تو کیا وہ حسبِ خواہِش ہی نہ توڑیں گے؟ 10پر مَیں عیسَو کو بِالکُل ننگا کرُوں گا۔ اُس کے پوشِیدہ مکانوں کو بے پردہ کر دُوں گا کہ وہ چِھپ نہ سکے۔ اُس کی نسل اور اُس کے بھائی اور اُس کے پڑوسی سب نیست کِئے جائیں گے اور وہ نہ رہے گا۔ 11تُو اپنے یتِیم فرزندوں کو چھوڑ۔ مَیں اُن کو زِندہ رکھُّوں گا اور تیری بیوائیں مُجھ پر توکُّل کریں۔
12کیونکہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ جو سزاوار نہ تھے کہ پِیالہ پِئیں اُنہوں نے خُوب پِیا۔ کیا تُو بے سزا چُھوٹ جائے گا؟ تُو بے سزا نہ چُھوٹے گا بلکہ یقِیناً اُس میں سے پِئے گا۔ 13کیونکہ مَیں نے اپنی ذات کی قَسم کھائی ہے۔ خُداوند فرماتا ہے کہ بُصراؔہ جایِ حَیرت اور ملامت اور وِیرانی اور لَعنت ہو گا اور اُس کے سب شہر ابدُالآباد وِیران رہیں گے۔
14مَیں نے خُداوند سے ایک خبر سُنی ہے بلکہ ایک ایلچی یہ کہنے کو قَوموں کے درمِیان بھیجا گیا ہے کہ جمع ہو اور اُس پر جا پڑو اور لڑائی کے لِئے اُٹھو۔ 15کیونکہ دیکھ مَیں نے تُجھے قَوموں کے درمیان حقِیر اور آدمِیوں کے درمِیان ذلِیل کِیا۔ 16تیری ہَیبت اور تیرے دِل کے غرُور نے تُجھے فریب دِیا ہے۔ اَے تُو جو چٹانوں کے شِگافوں میں رہتی ہے اور پہاڑوں کی چوٹِیوں پر قابِض ہے اگرچہ تُو عُقاب کی طرح اپنا آشیانہ بُلندی پر بنائے تَو بھی مَیں وہاں سے تُجھے نِیچے اُتارُوں گا خُداوند فرماتا ہے۔
17اور ادُوؔم بھی جایِ حَیرت ہو گا۔ ہر ایک جو اُدھر سے گُذرے گا حَیران ہو گا اور اُس کی سب آفتوں کے سبب سے سُسکارے گا۔ 18جِس طرح سدُوؔم اور عمُورؔہ اور اُن کے آس پاس کے شہر غارت ہو گئے اُسی طرح اُس میں بھی نہ کوئی آدمی بسے گا نہ آدمؔ زاد وہاں سکُونت کرے گا خُداوند فرماتا ہے۔ 19دیکھ وہ شیرِ بَبر کی طرح یَردؔن کے جنگل سے نِکل کر مُحکم بستی پر چڑھ آئے گا پر مَیں اچانک اُس کو وہاں سے بھگا دُوں گا اور اپنے برگُزِیدہ کو اُس پر مُقرّر کرُوں گا کیونکہ مُجھ سا کَون ہے؟ کَون ہے جو میرے لِئے وقت مُقرّر کرے؟ اور وہ چرواہا کَون ہے جو میرے مُقابِل کھڑا ہو سکے؟ 20پس خُداوند کی مصلحت کو جو اُس نے ادُوؔم کے خِلاف ٹھہرائی ہے اور اُس کے اِرادہ کو جو اُس نے تِیماؔن کے باشِندوں کے خِلاف کِیا ہے سُنو۔ اُن کے گلّہ کے سب سے چھوٹوں کو بھی گھسِیٹ لے جائیں گے۔ یقِیناً اُن کا مسکن بھی اُن کے ساتھ برباد ہو گا۔ 21اُن کے گِرنے کی آواز سے زمِین کانپ جائے گی۔ اُن کے چِلاّنے کا شور بحرِ قُلزؔم تک سُنائی دے گا۔ 22دیکھ وہ چڑھ آئے گا اور عُقاب کی طرح اُڑے گا اور بُصراؔہ کے خِلاف بازُو پَھیلائے گا اور اُس دِن ادُوؔم کے بہادُروں کا دِل زچّہ کے دِل کی مانِند ہو گا۔
دمِشق پر خُدا کا غضب
23دمِشق کی بابت:۔ حمات اور ارفاؔد شرمِندہ ہیں کیونکہ اُنہوں نے بُری خبر سُنی۔ وہ پِگھل گئے۔ سمُندر نے جُنبِش کھائی۔ وہ ٹھہر نہیں سکتا۔ 24دمِشق کا زور ٹُوٹ گیا۔ اُس نے بھاگنے کے لِئے مُنہ پھیرا اور تھرتھراہٹ نے اُسے آ لِیا۔ زچّہ کے سے رنج و درد نے اُسے آ پکڑا۔ 25یہ کیونکر ہُؤا کہ وہ ناموَر شہر میرا شادمان شہر نہیں بچا؟ 26سو اُس کے جوان اُس کے بازاروں میں گِر جائیں گے اور سب جنگی مَرد اُس دِن کاٹ ڈالے جائیں گے ربُّ الافواج فرماتا ہے۔ 27اور مَیں دمِشق کی شہر پناہ میں آگ بھڑکاؤُں گا جو بِن ہدد کے محلّوں کو بھسم کر دے گی۔
قِیدار کے قبِیلہ اور حصُور کے شہر پر خُداوند کا غضب
28قِیدار کی بابت اور حصُور کی سلطنتوں کی بابت جِن کو شاہِ بابل نبُوکدؔرضر نے شِکست دی:۔ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ اُٹھو قِیدار پر چڑھائی کرو اور اہلِ مشرِق کو ہلاک کرو۔ 29وہ اُن کے خَیموں اور گلّوں کو لے لیں گے۔ اُن کے پردوں اور برتنوں اور اُونٹوں کو چِھین لے جائیں گے اور وہ چِلاّ کر اُن سے کہیں گے کہ چاروں طرف خَوف ہے۔
30بھاگو دُور نِکل جاؤ۔ نشیب میں بسو اَے حصُور کے باشِندو خُداوند فرماتا ہے کیونکہ شاہِ باؔبل نبُوکدؔرضر نے تُمہاری مُخالفت میں مشوَرت کی اور تُمہارے خِلاف اِرادہ کِیا ہے۔ 31خُداوند فرماتا ہے اُٹھو۔ اُس آسُودہ قَوم پر جو بے فِکر رہتی ہے جِس کے نہ کِواڑے ہیں نہ اڑبنگے اور اکیلی ہے چڑھائی کرو۔
32اور اُن کے اُونٹ غنِیمت کے لِئے ہوں گے اور اُن کے چَوپایوں کی کثرت لُوٹ کے لِئے اور مَیں اُن لوگوں کو جو گاو دُم داڑھی رکھتے ہیں ہر طرف ہوا میں پراگندہ کرُوں گا اور مَیں اُن پر ہر طرف سے آفت لاؤُں گا خُداوند فرماتا ہے۔ 33اور حصُور گِیدڑوں کا مقام ہمیشہ کا وِیرانہ ہو گا۔ نہ کوئی آدمی وہاں بسے گا اور نہ کوئی آدمؔ زاد اُس میں سکُونت کرے گا۔
عَیلام پر خُداوند کا غضب
34خُداوند کا کلام جو شاہِ یہُوداؔہ صِدقیاہ کی سلطنت کے شرُوع میں عَیلاؔم کی بابت یَرمِیاؔہ نبی پر نازِل ہُؤا۔ 35کہ ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں عَیلاؔم کی کمان اُن کی بڑی توانائی کو توڑ ڈالُوں گا۔ 36اور چاروں ہواؤں کو آسمان کے چاروں کونوں سے عَیلاؔم پر لاؤُں گا اور اُن چاروں ہواؤں کی طرف اُن کو پراگندہ کرُوں گا اور کوئی اَیسی قَوم نہ ہو گی جِس تک عَیلاؔم کے جلاوطن نہ پُہنچیں گے۔ 37کیونکہ مَیں عَیلاؔم کو اُن کے مُخالِفوں اور جانی دُشمنوں کے آگے ہِراسان کرُوں گا اور اُن پر ایک بَلا یعنی قہرِ شدِید کو نازِل کرُوں گا خُداوند فرماتا ہے اور تلوار کو اُن کے پِیچھے لگا دُوں گا یہاں تک کہ اُن کو نابُود کر ڈالُوں گا۔ 38اور مَیں اپنا تخت عَیلاؔم میں رکھُّوں گا اور وہاں سے بادشاہ اور اُمرا کو نابُود کرُوں گا خُداوند فرماتا ہے۔ 39پر آخِری دِنوں میں یُوں ہو گا کہ مَیں عَیلاؔم کو اَسِیری سے واپس لاؤُں گا خُداوند فرماتا ہے۔

Currently Selected:

یرمِیاہ 49: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

Video for یرمِیاہ 49