YouVersion Logo
Search Icon

یرمِیاہ 25

25
شِمال کی طرف سے دُشمن
1وہ کلام جو شاہِ یہُوداؔہ یہویقِیم بِن یوسیاؔہ کے چَوتھے برس میں جو شاہِ بابل نبُوکدنضرؔ کا پہلا برس تھا یہُوداؔہ کے سب لوگوں کی بابت یَرمِیاؔہ پر نازِل ہُؤا۔ 2جو یَرمِیاؔہ نبی نے یہُوداؔہ کے سب لوگوں اور یروشلیِم کے سب باشِندوں کو سُنایا اور کہا۔ 3کہ شاہِ یہُوداؔہ یوسیاؔہ بِن آمُوؔن کے تیرھویں برس سے آج تک یہ تیئِیس برس خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہوتا رہا اور مَیں تُم کو سُناتا اور بر وقت جتاتا رہا پر تُم نے نہ سُنا۔ 4اور خُداوند نے اپنے سب خِدمت گُذار نبِیوں کو تُمہارے پاس بھیجا۔ اُس نے اُن کو بر وقت بھیجا پر تُم نے نہ سُنا اور نہ کان لگایا۔ 5اُنہوں نے کہا کہ تُم سب اپنی اپنی بُری راہ سے اور اپنے بُرے کاموں سے باز آؤ اور اُس مُلک میں جو خُداوند نے تُم کو اور تُمہارے باپ دادا کو قدِیم سے ہمیشہ کے لِئے دِیا ہے بسو۔ 6اور غَیر معبُودوں کی پَیروی نہ کرو کہ اُن کی عِبادت و پرستِش کرو اور اپنے ہاتھوں کے کاموں سے مُجھے غضب ناک نہ کرو اور مَیں تُم کو کُچھ ضرر نہ پُہنچاؤُں گا۔ 7پر خُداوند فرماتا ہے تُم نے میری نہ سُنی تاکہ اپنے ہاتھوں کے کاموں سے اپنے زِیان کے لِئے مُجھے غضب ناک کرو۔
8اِس لِئے ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ چُونکہ تُم نے میری بات نہ سُنی۔ 9دیکھو مَیں تمام شِمالی قبائِل کو اور اپنے خِدمت گُذار شاہِ بابل نبُوکدؔرضر کو بُلا بھیجُوں گا خُداوند فرماتا ہے اور مَیں اُن کو اِس مُلک اور اِس کے باشِندوں پر اور اِن سب قَوموں پر جو آس پاس ہیں چڑھا لاؤُں گا اور اِن کو بِالکُل نیست و نابُود کر دُوں گا اور اِن کو حَیرانی اور سُسکار کا باعِث بناؤُں گا اور ہمیشہ کے لِئے وِیران کرُوں گا۔ 10بلکہ مَیں اِن میں سے خُوشی و شادمانی کی آواز دُلہے اور دُلہن کی آواز چکّی کی آواز اور چراغ کی رَوشنی مَوقُوف کر دُوں گا۔ 11اور یہ ساری سرزمِین وِیرانہ اور حَیرانی کا باعِث ہو جائے گی اور یہ قَومیں ستّر برس تک شاہِ بابل کی غُلامی کریں گی۔ 12خُداوند فرماتا ہے جب ستّر برس پُورے ہوں گے تو مَیں شاہِ بابل کو اور اُس قَوم کو اور کسدیوں کے مُلک کو اُن کی بدکرداری کے سبب سے سزا دُوں گا اور مَیں اُسے اَیسا اُجاڑُوں گا کہ ہمیشہ تک وِیران رہے۔ 13اور مَیں اُس مُلک پر اپنی سب باتیں جو مَیں نے اُس کی بابت کہِیں یعنی وہ سب جو اِس کِتاب میں لِکھی ہیں جو یَرمِیاؔہ نے نبُوّت کر کے سب قَوموں کو کہہ سُنائِیں پُوری کرُوں گا۔ 14کہ اُن سے ہاں اُن ہی سے بُہت سی قَومیں اور بڑے بڑے بادشاہ غُلام کی سی خِدمت لیں گے۔ تب مَیں اُن کے اَعمال کے مُطابِق اور اُن کے ہاتھوں کے کاموں کے مُطابِق اُن کو بدلہ دُوں گا۔
قَوموں پر خُداوند کا غضب
15چُونکہ خُداوند اِسرائیل کے خُدا نے مُجھے فرمایا کہ غضب کی مَے کا یہ پِیالہ میرے ہاتھ سے لے اور اُن سب قَوموں کو جِن کے پاس مَیں تُجھے بھیجتا ہُوں پِلا۔ 16کہ وہ پِئیں اور لڑکھڑائیں اور اُس تلوار کے سبب سے جو مَیں اُن کے درمِیان چلاؤُں گا بے حواس ہوں۔
17اِس لِئے مَیں نے خُداوند کے ہاتھ سے وہ پِیالہ لِیا اور اُن سب قَوموں کو جِن کے پاس خُداوند نے مُجھے بھیجا تھا پِلایا۔ 18یعنی یروشلیِم اور یہُوداؔہ کے شہروں کو اور اُس کے بادشاہوں اور اُمرا کو تاکہ وہ برباد ہوں اور حَیرانی اور سُسکار اور لَعنت کا باعِث ٹھہریں جَیسے اب ہیں۔
19شاہِ مِصرؔ فرِعونؔ کو اور اُس کے مُلازِموں اور اُس
کے اُمرا اور اُس کے سب لوگوں کو۔ 20اور
سب مِلے جُلے لوگوں
اور عُوض کی زمِین کے سب بادشاہوں
اور فلِستِیوں کی سرزمِین کے سب بادشاہوں
اور اسقلُوؔن اور غزّہ اور عقرُوؔن اور اشدُود کے
باقی لوگوں کو۔
21ادُوؔم اور موآؔب اور بنی عمُّون کو۔
22اور صُور کے سب بادشاہوں اور صَیدا کے سب
بادشاہوں
اور سمُندر پار کے بحری مُمالِک کے بادشاہوں کو۔
23ددان اور تیما اور بُوز
اور اُن سب کو جو گاو دُم داڑھی رکھتے ہیں۔
24اور عرب کے سب بادشاہوں
اور اُن مِلے جُلے لوگوں کے سب بادشاہوں کو جو
بیابان میں بستے ہیں۔
25اور زِمرؔی کے سب بادشاہوں اور عیلاؔم کے سب
بادشاہوں اور مادَی کے سب بادشاہوں کو۔
26اور شِمال کے سب بادشاہوں کو جو نزدِیک اور جو
دُور ہیں ایک دُوسرے کے ساتھ
اور دُنیا کی سب سلطنتوں کو جو رُویِ زمِین پر ہیں اور اُن کے بعد شیشک کا بادشاہ پِئے گا۔
27اور تُو اُن سے کہے گا کہ اِسرائیل کا خُدا ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ تُم پِیو اور مست ہو اور قَے کرو اور گِر پڑو اور پِھر نہ اُٹھو۔ اُس تلوار کے سبب سے جو مَیں تُمہارے درمِیان بھیجُوں گا۔ 28اور یُوں ہو گا کہ اگر وہ پِینے کو تیرے ہاتھ سے پِیالہ لینے سے اِنکار کریں تو اُن سے کہنا کہ ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ یقِیناً تُم کو پِینا ہو گا۔ 29کیونکہ دیکھ مَیں اِس شہر پر جو میرے نام سے کہلاتا ہے آفت لانا شرُوع کرتا ہُوں اور کیا تُم صاف بے سزا چُھوٹ جاؤ گے؟ تُم بے سزا نہ چُھوٹو گے کیونکہ مَیں زمِین کے سب باشِندوں پر تلوار کو طلب کرتا ہُوں ربُّ الافواج فرماتا ہے۔
30اِس لِئے تُو یہ سب باتیں اُن کے خِلاف نبُوّت سے بیان کر اور اُن سے کہہ دے کہ
خُداوند بُلندی پر سے گرجے گا
اور اپنے مُقدّس مکان سے للکارے گا۔
وہ بڑے زور و شور سے اپنی چراگاہ پر گرجے گا۔
انگُور لتاڑنے والوں کی مانِند
وہ زمِین کے سب باشِندوں کو للکارے گا۔
31ایک غَوغا زمِین کی سرحدّوں تک پُہنچا ہے
کیونکہ خُداوند قَوموں سے جھگڑے گا۔
وہ تمام بشر کو عدالت میں لائے گا۔ وہ شرِیروں
کو تلوار کے حوالہ کرے گا
خُداوند فرماتا ہے۔
32ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ قَوم سے قَوم تک بَلا نازِل ہو گی اور زمِین کی سرحدّوں سے ایک سخت طُوفان برپا ہو گا۔ 33اور خُداوند کے مقتُول اُس روز زمِین کے ایک سِرے سے دُوسرے سِرے تک پڑے ہوں گے اُن پر کوئی نَوحہ نہ کرے گا۔ نہ وہ جمع کِئے جائیں گے نہ دفن ہوں گے وہ کھاد کی طرح رُویِ زمِین پر پڑے رہیں گے۔
34اَے چرواہو واوَیلا کرو اور چِلاّؤ اور اَے گلّہ کے سردارو تُم خُود راکھ میں لیٹ جاؤ کیونکہ تُمہارے قتل کے ایّام آ پُہنچے ہیں۔ مَیں تُم کو چکنا چُور کرُوں گا۔ تُم نفِیس برتن کی طرح گِر جاؤ گے۔ 35اور نہ چرواہوں کو بھاگنے کی کوئی راہ مِلے گی نہ گلّہ کے سرداروں کو بچ نِکلنے کی۔ 36چرواہوں کے نالہ کی آواز اور گلّہ کے سرداروں کا نَوحہ ہے کیونکہ خُداوند نے اُن کی چراگاہ کو برباد کِیا ہے۔ 37اور سلامتی کے بھیڑ خانے خُداوند کے قہرِ شدِید سے برباد ہو گئے۔ 38وہ جوان شیر کی طرح اپنی کمِین گاہ سے نِکلا ہے۔ یقِیناً سِتم گر کے ظُلم سے اور اُس کے قہر کی شِدّت سے اُن کا مُلک وِیران ہو گیا۔

Currently Selected:

یرمِیاہ 25: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

Video for یرمِیاہ 25