خرُوج 35
35
سبت کے لِئے ضوابط
1اور مُوسیٰؔ نے بنی اِسرائیل کی ساری جماعت کو جمع کر کے کہا جِن باتوں پر عمل کرنے کا حُکم خُداوند نے تُم کو دِیا ہے وہ یہ ہیں۔ 2چھ دِن کام کاج کِیا جائے لیکن ساتواں دِن تُمہارے لِئے روزِ مُقدّس یعنی خُداوند کے آرام کا سبت ہو۔ جو کوئی اُس میں کُچھ کام کرے وہ مار ڈالا جائے۔ 3تُم سبت کے دِن اپنے گھروں میں کہیں بھی آگ نہ جلانا۔
خَیمۂِ اِجتماع کے لِئے نذرانے
4اور مُوسیٰؔ نے بنی اِسرائیل کی ساری جماعت سے کہا جِس بات کا حُکم خُداوند نے دِیا ہے وہ یہ ہے کہ 5تُم اپنے پاس سے خُداوند کے لِئے ہدیہ لایا کرو۔ جِس کِسی کے دِل کی خُوشی ہو وہ خُداوند کا ہدیہ لائے۔ سونا اور چاندی اور پِیتل۔ 6اور آسمانی رنگ اور ارغوانی رنگ اور سُرخ رنگ کے کپڑے اور مہِین کتان اور بکریوں کی پشم۔ 7اور مینڈھوں کی سُرخ رنگی ہُوئی کھالیں اور تخس کی کھالیں اور کِیکر کی لکڑی۔ 8اور جلانے کا تیل اور مَسح کرنے کے تیل کے لِئے اور خُوشبُودار بخُور کے لِئے مصالِح۔ 9اور افُود اور سِینہ بند کے لِئے سُلیمانی پتّھر اور اَور جڑاؤ پتّھر۔
مسکن کے لِئے ساز و سامان
10اور تُمہارے درمیان جو رَوشن ضمِیر ہیں وہ آ کر وہ چِیزیں بنائیں جِن کا حُکم خُداوند نے دِیا ہے۔ 11یعنی مسکن اور اُس کا خَیمہ اور غِلاف اور اُس کی گُھنڈیاں اور تختے اور بینڈے اور اُس کے سُتُون اور خانے۔ 12صندُوق اور اُس کی چوبیں۔ سرپوش اور بیچ کا پردہ۔ 13میز اور اُس کی چوبیں اور اُس کے سب ظرُوف اور نذر کی روٹیاں۔ 14اور رَوشنی کے لِئے شمعدان اور اُس کے برتن اور چراغ اور جلانے کا تیل۔ 15اور بخُور جلانے کی قُربان گاہ اور اُس کی چوبیں اور مَسح کرنے کا تیل اور خُوشبُودار بخُور اور مسکن کے دروازہ کے لِئے دروازہ کا پردہ۔ 16اور سوختنی قُربانی کا مذبح اور اُس کے لِئے پِیتل کی جھنجری اور اُس کی چوبیں اور اُس کے سب ظرُوف اور حَوض اور اُس کی کُرسی۔ 17اور صحن کے پردے سُتُونوں سمیت اور اُن کے خانے اور صحن کے دروازہ کا پردہ۔ 18اور مسکن کی میخیں اور صحن کی میخیں اور اُن دونوں کی رسِّیاں۔ 19اور مَقدِس کی خِدمت کے لِئے بیل بُوٹے کڑھے ہُوئے لِباس اور ہارُونؔ کاہِن کی لِئے مُقدّس لِباس اور اُس کے بیٹوں کے لِباس تاکہ وہ کاہِن کی خِدمت کو انجام دیں۔
لوگ نذرانے لاتے ہیں
20تب بنی اِسرائیل کی ساری جماعت مُوسیٰؔ کے پاس سے رُخصت ہُوئی۔ 21اور جِس جِس کا جی چاہا اور جِس جِس کے دِل میں رغبت ہُوئی وہ خَیمۂِ اِجتماع کے کام اور وہاں کی عِبادت اور مُقدّس لِباس کے لِئے خُداوند کا ہدیہ لایا۔ 22اور کیا مَرد کیا عَورت جِتنوں کا دِل چاہا وہ سب جُگنو بالیاں انگشتریاں اور بازُوبند جو سب سونے کے زیور تھے لانے لگے۔ اِس طریقہ سے لوگوں نے خُداوند کو سونے کا ہدیہ دِیا۔ 23اور جِس جِس کے پاس آسمانی رنگ اور ارغوانی رنگ اور سُرخ رنگ کے کپڑے اور مہِین کتان اور بکریوں کی پشم اور مینڈھوں کی سُرخ رنگی ہُوئی کھالیں اور تخس کی کھالیں تِھیں وہ اُن کو لے آئے۔ 24جِس نے چاندی یا پِیتل کا ہدیہ دینا چاہا وہ وَیسا ہی ہدیہ خُداوند کے لِئے لایا اور جِس کِسی کے پاس کِیکر کی لکڑی تھی وہ اُسی کو لے آیا۔ 25اور جِتنی عَورتیں ہوشیار تِھیں اُنہوں نے اپنے ہاتھوں سے کات کات کر آسمانی ارغوانی اور سُرخ رنگ کے اور مہِین کتان کے تار لا کر دِئے۔ 26اور جِتنی عَورتوں کے دِل حِکمت کی طرف مائِل تھے اُنہوں نے بکریوں کی پشم کاتی۔ 27اور جو سردار تھے وہ افُود اور سِینہ بند کے لِئے سُلیمانی پتّھر اور اَور جڑاؤ پتّھر۔ 28اور رَوشنی اور مَسح کرنے کے تیل اور خُوشبُودار بخُور کے لِئے مصالِح اور تیل لائے۔ 29یُوں بنی اِسرائیل اپنی ہی خُوشی سے خُداوند کے لِئے ہدئے لائے یعنی جِس جِس مَرد یا عَورت کا جی چاہا اِن کاموں کے لِئے جِن کے بننے کا حُکم خُداوند نے مُوسیٰؔ کی معرفت دِیا تھا کُچھ دے وہ اُنہوں نے دِیا۔
مسکن بنانے کے لِئے کاریگر
30اور مُوسیٰؔ نے بنی اِسرائیل سے کہا دیکھو خُداوند نے بضلی اؔیل بِن اُورؔی بِن حُورؔ کو جو یہُوداؔہ کے قبیلہ میں سے ہے نام لے کر بُلایا ہے۔ 31اور اُس نے اُسے حِکمت اور فہم اور دانِش اور ہر طرح کی صنعت کے لِئے رُوحُ اﷲ سے معمُور کِیا ہے۔ 32اور صنعت کاری میں اور سونے چاندی اور پِیتل کے کام میں۔ 33اور جڑاؤ پتّھر اور لکڑی کے تراشنے میں غرض ہر ایک نادِر کام کے بنانے میں ماہِر کِیا ہے۔ 34اور اُس نے اُسے اور اَخیسمکؔ کے بیٹے اہلیاؔب کو بھی جو دان کے قبیلہ کا ہے ہُنر سِکھانے کی قابلیت بخشی ہے۔ 35اور اُن کے دِلوں میں اَیسی حِکمت بھر دی ہے جِس سے وہ ہر طرح کی صنعت میں ماہِر ہوں اور کندہ کار کا اور ماہِر اُستاد کا اور زردوز کا جو آسمانی ارغوانی اور سُرخ رنگ کے کپڑوں اور مہِین کتان پر گُل کاری کرتا ہے اور جو لاہے کا اور ہر طرح کے دستکار کا کام کر سکیں اور عجیب اور نادِر چِیزیں اِیجاد کریں۔
Currently Selected:
خرُوج 35: URD
Highlight
Share
Copy
Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.