خرُوج 14
14
بحرِقُلزمؔ کے پار جانا
1اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے فرمایا کہ 2بنی اِسرائیل کو حُکم دے کہ وہ لَوٹ کر مجداؔل اور سمُندر کے بِیچ فی ہخِیروؔت کے مُقابل بعل صفونؔ کے آگے ڈیرے لگائیں۔ اُسی کے آگے سمُندر کے کنارے کنارے ڈیرے لگانا۔ 3فرِعونؔ بنی اِسرائیل کے حق میں کہے گا کہ وہ زمِین کی اُلجھنوں میں آ کر بیابان میں گِھر گئے ہیں۔ 4اور مَیں فرِعونؔ کے دِل کو سخت کرُوں گا اور وہ اُن کا پِیچھا کرے گا اور مَیں فرِعونؔ اور اُس کے سارے لشکر پر مُمتاز ہُوں گا اور مِصری جان لیں گے کہ خُداوند مَیں ہُوں اور اُنہوں نے اَیسا ہی کِیا۔
5جب مِصرؔ کے بادشاہ کو خبر مِلی کہ وہ لوگ چل دِئے تو فرِعونؔ اور اُس کے خادِموں کا دِل اُن لوگوں کی طرف سے پِھر گیا اور وہ کہنے لگے کہ ہم نے یہ کیا کِیا کہ اِسرائیلیوں کو اپنی خِدمت سے چُھٹّی دے کر اُن کو جانے دِیا۔ 6تب اُس نے اپنا رتھ تیّار کروایا اور اپنی قَوم کے لوگوں کو ساتھ لِیا۔ 7اور اُس نے چھ سو چُنے ہُوئے رتھ بلکہ مِصرؔ کے سب رتھ لِئے اور اُن سبھوں میں سرداروں کو بِٹھایا۔ 8اور خُداوند نے مِصرؔ کے بادشاہ فرِعونؔ کے دِل کو سخت کر دِیا اور اُس نے بنی اِسرائیل کا پِیچھا کِیا کیونکہ بنی اِسرائیل بڑے فخر سے نِکلے تھے۔ 9اور مِصری فوج نے فرِعونؔ کے سب گھوڑوں اور رتھوں اور سواروں سمیت اُن کا پِیچھا کِیا اور اُن کو جب وہ سمُندر کے کِنارے فی ہخِیروؔت کے پاس بعل صفونؔ کے سامنے ڈیرا لگا رہے تھے جا لِیا۔
10اور جب فرِعونؔ نزدِیک آ گیا تب بنی اِسرائیل نے آنکھ اُٹھا کر دیکھا کہ مِصری اُن کا پِیچھا کِئے چلے آتے ہیں اور وہ نہایت خَوف زدہ ہو گئے۔ تب بنی اِسرائیل نے خُداوند سے فریاد کی۔ 11اور مُوسیٰؔ سے کہنے لگے کیا مِصرؔ میں قبریں نہ تِھیں جو تُو ہم کو وہاں سے مَرنے کے لِئے بیابان میں لے آیا ہے؟ تُو نے ہم سے یہ کیا کِیا کہ ہم کو مِصرؔ سے نِکال لایا؟ 12کیا ہم تُجھ سے مِصرؔ میں یہ بات نہ کہتے تھے کہ ہم کو رہنے دے کہ ہم مِصریوں کی خِدمت کریں؟ کیونکہ ہمارے لِئے مِصریوں کی خِدمت کرنا بیابان میں مَرنے سے بہتر ہوتا۔
13تب مُوسیٰ ؔنے لوگوں سے کہا ڈرو مت۔ چُپ چاپ کھڑے ہو کر خُداوند کی نجات کے کام کو دیکھو جو وہ آج تُمہارے لِئے کرے گا کیونکہ جِن مِصریوں کو تُم آج دیکھتے ہو اُن کو پِھر کبھی ابد تک نہ دیکھو گے۔ 14خُداوند تُمہاری طرف سے جنگ کرے گا اور تُم خاموش رہو گے۔
15اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ تُو کیوں مُجھ سے فریاد کر رہا ہے؟ بنی اِسرائیل سے کہہ کہ وہ آگے بڑھیں۔ 16اور تُو اپنی لاٹھی اُٹھا کر اپنا ہاتھ سمُندر کے اُوپر بڑھا اور اُسے دو حِصّے کر اور بنی اِسرائیل سمُندر کے بِیچ میں سے خُشک زمِین پر چل کر نِکل جائیں گے۔ 17اور دیکھ مَیں مِصریوں کے دِل سخت کر دُوں گا اور وہ اُن کا پِیچھا کریں گے اور مَیں فرِعونؔ اور اُس کی سِپاہ اور اُس کے رتھوں اور سواروں پر مُمتاز ہُوں گا۔ 18اور جب مَیں فرِعونؔ اور اُس کے رتھوں اور سواروں پر مُمتاز ہو جاؤُں گا تو مِصری جان لیں گے کہ مَیں ہی خُداوند ہُوں۔
19اور خُدا کا فرِشتہ جو اِسرائیلی لشکر کے آگے آگے چلا کرتا تھا جا کر اُن کے پِیچھے ہو گیا اور بادل کا وہ سُتُون اُن کے سامنے سے ہٹ کر اُن کے پِیچھے جا ٹھہرا۔ 20یُوں وہ مِصریوں کے لشکر اور اسرائیلی لشکر کے بِیچ میں ہو گیا۔ سو وہاں بادل بھی تھا اور اندھیرا بھی تَو بھی رات کو اُس سے رَوشنی رہی۔ پس وہ رات بھر ایک دُوسرے کے پاس نہیں آئے۔
21پِھر مُوسیٰؔ نے اپنا ہاتھ سمُندر کے اُوپر بڑھایا اور خُداوند نے رات بھر تُند پُوربی آندھی چلا کر اور سمُندر کو پِیچھے ہٹا کر اُسے خُشک زمِین بنا دِیا اور پانی دو حِصّے ہو گیا۔ 22اور بنی اِسرائیل سمُندر کے بِیچ میں سے خُشک زمِین پر چل کر نِکل گئے اور اُن کے دہنے اور بائیں ہاتھ پانی دِیوار کی طرح تھا۔ 23اور مِصریوں نے تعاقُب کِیا اور فرِعونؔ کے سب گھوڑے اور رتھ اور سوار اُن کے پِیچھے پِیچھے سمُندر کے بِیچ میں چلے گئے۔ 24اور رات کے پِچھلے پہر خُداوند نے آگ اور بادل کے سُتُون میں سے مِصریوں کے لشکر پر نظر کی اور اُن کے لشکر کو گھبرا دِیا۔ 25اور اُس نے اُن کے رتھوں کے پہیّوں کو نِکال ڈالا۔ سو اُن کا چلانا مُشکل ہو گیا۔ تب مِصری کہنے لگے آؤ ہم اِسرائیلیوں کے سامنے سے بھاگیں کیونکہ خُداوند اُن کی طرف سے مِصریوں کے ساتھ جنگ کرتا ہے۔
26اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ اپنا ہاتھ سمُندر کے اُوپر بڑھا تاکہ پانی مِصریوں اور اُن کے رتھوں اور سواروں پر پِھر بہنے لگے۔ 27اور مُوسیٰؔ نے اپنا ہاتھ سمُندر کے اُوپر بڑھایا اور صُبح ہوتے ہوتے سمُندر پِھر اپنی اصلی قُوّت پر آ گیا اور مِصری اُلٹے بھاگنے لگے اور خُداوند نے سمُندر کے بِیچ ہی میں مِصریوں کو تہ و بالا کر دِیا۔ 28اور پانی پلٹ کر آیا اور اُس نے رتھوں اور سواروں اور فرِعونؔ کے سارے لشکر کو جو اِسرائیلیوں کا پِیچھا کرتا ہُؤا سمُندر میں گیا تھا غرق کر دِیا اور ایک بھی اُن میں سے باقی نہ چُھوٹا۔ 29پر بنی اِسرائیل سمُندر کے بِیچ میں سے خُشک زمِین پر چل کر نِکل گئے اور پانی اُن کے دہنے اور بائیں ہاتھ دِیوار کی طرح رہا۔
30سو خُداوند نے اُس دِن اِسرائیلیوں کو مِصریوں کے ہاتھ سے اِس طرح بچایا اور اِسرائیلیوں نے مِصریوں کو سمُندر کے کِنارے مَرے ہُوئے پڑے دیکھا۔ 31اور اِسرائیلِیوں نے وہ بڑی قُدرت جو خُداوند نے مِصریوں پر ظاہِر کی دیکھی اور وہ لوگ خُداوند سے ڈرے اور خُداوند پر اور اُس کے بندہ مُوسیٰؔ پر اِیمان لائے۔
Currently Selected:
خرُوج 14: URD
Highlight
Share
Copy
Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.