YouVersion Logo
Search Icon

۱-توارِیخ 5

5
رُوبِن کی نسل
1اور اِسرائیل کے پہلوٹھے رُوبِن کے بیٹے (کیونکہ وہ اُس کا پہلوٹھا تھا لیکن اِس لِئے کہ اُس نے اپنے باپ کے بِچَھونے کو ناپاک کِیا تھا اُس کے پہلوٹھے ہونے کا حق اِسرائیل کے بیٹے یُوسفؔ کی اَولاد کو دِیا گیا تاکہ نسب نامہ پہلوٹھے پَن کے مُطابِق نہ ہو۔ 2کیونکہ یہُوداؔہ اپنے بھائِیوں سے زورآور ہو گیا اور سردار اُسی میں سے نِکلا لیکن پہلوٹھے کا حق یُوسفؔ کا ہُؤا)۔ 3سو اِسرائیل کے پہلوٹھے رُوبِن کے بیٹے یہ ہیں۔ حنُوک اور فلُّو حصروؔن اور کرمی۔
4یُوایل کے بیٹے یہ ہیں۔ اُس کا بیٹا سمعیاؔہ۔ سمعیاؔہ کا بیٹا جُوج۔ جُوج کا بیٹا سِمعی۔ 5سِمعی کا بیٹا مِیکاؔہ۔ مِیکاؔہ کا بیٹا رِیایاؔہ۔ رِیاؔیاہ کا بیٹا بعل۔ 6بعل کا بیٹا بِئیرؔہ جِس کو اسُور کا بادشاہ تِلگات پِلناصر اسِیر کر کے لے گیا۔ وہ رُوبِینیوں کا سردار تھا۔
7اور اُس کے بھائی اپنے اپنے گھرانے کے مُطابِق جب اُن کی اَولاد کا نسب نامہ لِکھا گیا یہ تھے۔ سردار یعی ایل اور زکرِ یّاہ۔ 8اور بالع بِن عزز بِن سمع بِن یُوایل۔ وہ عروعیر میں نبُو اور بعل معُون تک۔ 9اور مشرِق کی طرف دریایِ فرات سے بیابان میں داخِل ہونے کی جگہ تک بسا ہُؤا تھا کیونکہ مُلکِ جِلعاد میں اُن کے چَوپائے بُہت بڑھ گئے تھے۔
10اور ساؤُل کے ایّام میں اُنہوں نے ہاجِریوں سے لڑائی کی جو اُن کے ہاتھ سے قتل ہُوئے اور وہ جِلعاد کے مشرِق کے سارے عِلاقہ میں اُن کے ڈیروں میں بس گئے۔
جد کی نسل
11اور بنی جد اُن کے مُقابِل مُلکِ بسن میں سلکہ تک بسے ہُوئے تھے۔ 12اوّل یُوایل تھا اور سافم دُوسرا اور یعنَی اور سافط بسن میں تھے۔ 13اور اُن کے آبائی خاندانوں کے بھائی یہ ہیں۔ مِیکائیل اور مُسلاّؔم اور سبعہ اور یُورؔی اور یعکاؔن اور زِیع اور عِبر۔ یہ ساتوں۔ 14یہ بنی ابِیخَیلؔ بِن حُورؔی بِن یارُوآح بِن جِلعاد بِن مِیکائیل بِن یسِیسی بِن یحدُو بِن بُوز تھے۔ 15اخی بِن عبدِیئیل بِن جُونی اِن کے آبائی خاندانوں کا سردار تھا۔ 16اور وہ بسن میں جِلعاد اور اُس کے قصبوں اور شارُوؔن کی ساری نواحی میں جہاں تک اُن کی حد تھی بسے ہُوئے تھے۔ 17یہُوداؔہ کے بادشاہ یُوتام کے ایّام میں اور اِسرائیل کے بادشاہ یرُبعاؔم کے ایّام میں اُن سبھوں کے نام اُن کے نسب ناموں کے مُطابِق لِکھے گئے۔
مشرِقی قبِیلوں کی فَوجیں
18اور بنی رُوبِن اور جدّیوں اور منسّی کے آدھے قبِیلہ میں سُورما یعنی اَیسے لوگ جو سِپر اور تیغ اُٹھانے کے قابِل اور تِیرانداز اور جنگ آزمُودہ تھے چوالِیس ہزار سات سَو ساٹھ تھے جو جنگ پر جانے کے لائِق تھے۔ 19یہ ہاجریوں اور یطُور اور نفِیس اور نودؔب سے لڑے۔ 20اور اُن سے مُقابلہ کرنے کے لِئے مدد پائی اور ہاجِری اور سب جو اُن کے ساتھ تھے اُن کے حوالہ کِئے گئے کیونکہ اُنہوں نے لڑائی میں خُدا سے دُعا کی اور اُن کی دُعا قبُول ہُوئی اِس لِئے کہ اُنہوں نے اُس پر بھروسا رکھّا۔ 21اور وہ اُن کی مواشی لے گئے۔ اُن کے اُونٹوں میں سے پچاس ہزار اور بھیڑ بکریوں میں سے ڈھائی لاکھ اور گدھوں میں سے دو ہزار اور آدمِیوں میں سے ایک لاکھ۔ 22کیونکہ بُہت سے لوگ قتل ہُوئے اِس لِئے کہ جنگ خُدا کی تھی اور وہ اسِیری کے وقت تک اُن کی جگہ بسے رہے۔
مشرِقی منّسی (آدھا قبِیلہ) کے لوگ
23اور منسّی کے آدھے قبِیلہ کے لوگ مُلک میں بسے۔ وہ بسن سے بعل حرمُوؔن اور سنِیر اور حرمُوؔن کے پہاڑ تک پَھیل گئے۔ 24اور اُن کے آبائی خاندانوں کے سردار یہ تھے۔ عیفر اور یِسعی اور اِلیئیل۔ عزرئییل یرمیاؔہ اور ہُوداویاہ اور یحدایل جو زبردست سُورما اور نامور اور اپنے آبائی خاندانوں کے سردار تھے۔
مشرِقی قبِیلوں کی جلاوطنی
25اور اُنہوں نے اپنے باپ دادا کے خُدا کی حُکم عدُولی کی اور جِس مُلک کے باشِندوں کو خُدا نے اُن کے سامنے سے ہلاک کِیا تھا اُن ہی کے دیوتاؤں کی پیرَوی میں اُنہوں نے زِناکاری کی۔ 26تب اِسرائیل کے خُدا نے اسُور کے بادشاہ پُول کے دِل کو اور اسُور کے بادشاہ تِلگات پِلناؔصر کے دِل کو اُبھارا اور وہ اُن کو یعنی رُوبِینیوں اور جدّیوں اور منسّی کے آدھے قبِیلہ کو اسِیر کر کے لے گئے اور اُن کو خلح اور خابُور اور ہارا اور جَوزاؔن کی ندی تک لے آئے۔ یہ آج کے دِن تک وہِیں ہیں۔

Currently Selected:

۱-توارِیخ 5: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

Video for ۱-توارِیخ 5