YouVersion Logo
Search Icon

۱-توارِیخ 16

16
1سو وہ خُدا کے صندُوق کو لے آئے اور اُسے اُس خَیمہ کے بِیچ میں جو داؤُد نے اُس کے لِئے کھڑا کِیا تھا رکھّا اور سوختنی قُربانِیاں اور سلامتی کی قُربانِیاں خُدا کے حضُور چڑھائِیں۔ 2اور جب داؤُد سوختنی قُربانی اور سلامتی کی قُربانِیاں چڑھا چُکا تو اُس نے خُداوند کے نام سے لوگوں کو برکت دی۔ 3اور اُس نے سب اِسرائیلی لوگوں کو کیا مَرد کیا عَورت ایک ایک روٹی اور ایک ایک ٹُکڑا گوشت اور کِشمِش کی ایک ایک ٹِکیا دی۔
4اُس نے لاویوں میں سے بعضوں کو مُقرّر کِیا کہ خُداوند کے صندُوق کے آگے خِدمت کریں اور خُداوند اِسرائیلؔ کے خُدا کا ذِکر اور شُکر اور اُس کی حمد کریں۔ 5اوّل آسف اور اُس کے بعد زکرؔیاہ اور یعی اؔیل اور سمِیرا موت اور یحیِئیل اور متِّتیاہ اور الِیاؔب اور بِنایاؔہ اور عوبیدادؔوم اور یعی ایل سِتار اور بربط کے ساتھ اور آسف جھانجھوں کو زور سے بجاتا ہُؤا۔ 6اور بِنایاؔہ اور یحزِیئیل کاہِن سدا تُرہِیوں کے ساتھ خُدا کے عہد کے صندُوق کے آگے رہا کریں۔ 7پہلے اُسی دِن داؤُد نے یہ ٹھہرایا کہ خُداوند کا شُکر آسف اور اُس کے بھائی بجا لایا کریں۔
حمد و سِتایش کا گِیت
8خُداوند کی شُکرگُذاری کرو۔ اُس سے دُعا کرو۔
قَوموں کے درمیان اُس کے کاموں کا
اِشتہار دو۔
9اُس کے حضُور گاؤ۔ اُس کی مدح سرائی کرو۔
اُس کے سب عجِیب کاموں کا چرچا کرو۔
10اُس کے پاک نام پر فخر کرو۔
جو خُداوند کے طالِب ہیں اُن کا دِل خُوش
رہے۔
11تُم خُداوند اور اُس کی قُوّت کے طالِب ہو۔
تُم سدا اُس کے دِیدار کے طالِب رہو۔
12تُم اُس کے عجِیب کاموں کو جو اُس نے کِئے۔
اور اُس کے مُعجِزوں اور مُنہ کے آئِین کو یاد رکھّو۔
13اَے اُس کے بندہ اِسرائیلؔ کی نسل!
اَے بنی یعقُوب جو اُس کے برگُزِیدہ ہو!
14وہ خُداوند ہمارا خُدا ہے۔
تمام رُویِ زمِین پر اُس کے آئِین ہیں۔
15سدا اُس کے عہد کو یاد رکھّو
اور ہزار پُشتوں تک اُس کے کلام کو جو اُس
نے فرمایا۔
16اُسی عہد کو جو اُس نے ابرہامؔ سے باندھا
اور اُس قَسم کو جو اُس نے اِضحاقؔ سے کھائی
17جِسے اُس نے یعقُوبؔ کے لِئے آئِین کے
طَور پر
اور اِسرائیلؔ کے لِئے ابدی عہد کے طَور پر
قائِم کِیا۔
18یہ کہہ کر کہ مَیں کنعاؔن کا مُلک تُجھ کو دُوں گا۔
وہ تُمہارا مَورُوثی حِصّہ ہو گا۔
19اُس وقت تُم شُمار میں تھوڑے تھے
بلکہ بُہت ہی تھوڑے اور مُلک میں پردیسی
تھے۔
20وہ ایک قَوم سے دُوسری قَوم میں
اور ایک مُملکت سے دُوسری مُملکت میں
پِھرتے رہے۔
21اُس نے کِسی شخص کو اُن پر ظُلم کرنے نہ دِیا
بلکہ اُن کی خاطِر بادشاہوں کو تنبِیہ کی
22کہ تُم میرے ممسُوحوں کو نہ چھُوؤ
اور میرے نبِیوں کو نہ ستاؤ۔
23اَے سب اہلِ زمِین! خُداوند کے حضُور گاؤ۔
روز بروز اُس کی نجات کی بشارت دو۔
24قَوموں میں اُس کے جلال کا۔
سب لوگوں میں اُس کے عجائِب کا بیان کرو۔
25کیونکہ خُداوند بزُرگ اور نِہایت سِتایش کے
لائِق ہے۔
وہ سب معبُودوں سے زِیادہ مُہِیب ہے۔
26اِس لِئے کہ اور قَوموں کے سب معبُود محض بُت ہیں
لیکن خُداوند نے آسمانوں کو بنایا۔
27عظمت اور جلال اُس کے حضُور میں ہیں
اور اُس کے ہاں قُدرت اور شادمانی ہیں۔
28اَے قَوموں کے قبِیلو! خُداوند کی
خُداوند ہی کی تمجِید و تعظِیم کرو۔
29خُداوند کی اَیسی تمجِید کرو جو اُس کے نام کے
شایاں ہے۔
ہدیہ لاؤ اور اُس کے حضُور آؤ۔
پاک آرایش کے ساتھ خُداوند کو سِجدہ کرو۔
30اَے سب اہلِ زمِین! اُس کے حضُور کانپتے
رہو۔
جہان قائِم ہے اور اُسے جُنبِش نہیں۔
31آسمان خُوشی منائے اور زمِین شادمان ہو۔
وہ قَوموں میں اِعلان کریں کہ خُداوند سلطنت کرتا
ہے۔
32سمُندر اور اُس کی معمُوری شور مچائے۔
مَیدان اور جو کُچھ اُس میں ہے باغ باغ ہو۔
33تب جنگل کے درخت خُوشی سے خُداوند کے
حضُور گانے لگیں گے۔
کیونکہ وہ زمِین کا اِنصاف کرنے کو آ رہا ہے۔
34خُداوند کا شُکر کرو اِس لِئے کہ وہ نیک ہے۔
کیونکہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔
35تُم کہو اَے ہماری نجات کے خُدا ہم کو بچا لے
اور قَوموں میں سے ہم کو جمع کر اور اُن سے ہم کو رہائی
دے
تاکہ ہم تیرے قُدُّوس نام کا شُکر کریں
اور للکارتے ہُوئے تیری سِتایش کریں۔
36خُداوند اِسرائیلؔ کا خُدا
ازل سے ابد تک مُبارک ہو!
اور سب لوگ بول اُٹھے آمِین اور اُنہوں نے خُداوند کی سِتایش کی۔
جِبعُون اور یروشلیِم میں پرستِش
37اور اُس نے وہاں خُداوند کے عہد کے صندُوق کے آگے آسف اور اُس کے بھائِیوں کو ہر روز کے ضرُوری کام کے مُطابِق ہمیشہ صندُوق کے آگے خِدمت کرنے کو چھوڑا۔ 38اور عوبیدادؔوم اور اُس کے اڑسٹھ بھائِیوں کو اور عوبیدادؔوم بِن یدوؔتون اور حوساہ کو تاکہ دربان ہوں۔
39اور صدُوؔق کاہِن اور اُس کے کاہِن بھائِیوں کو خُداوند کے مسکن کے آگے جِبعُوؔن کے اُونچے مقام پر اِس لِئے۔ 40کہ وہ خُداوند کی شرِیعت کی سب لِکھی ہُوئی باتوں کے مُطابِق جو اُس نے اِسرائیلؔ کو فرمائِیں ہر صُبح اور شام سوختنی قُربانی کے مذبح پر خُداوند کے لِئے سوختنی قُربانِیاں چڑھائیں۔ 41اور اُن کے ساتھ ہَیماؔن اور یدوؔتون اور باقی چُنے ہُوئے آدمِیوں کو جو نام بنام مذکُور ہُوئے تھے تاکہ خُداوند کا شُکر کریں کیونکہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔ 42اُن ہی کے ساتھ ہَیماؔن اور یدوؔتون تھے جو بجانے والوں کے لِئے تُرہِیاں اور جھانجھیں اور خُدا کے گِیتوں کے لِئے باجے لِئے ہُوئے تھے اور بنی یدوتون دربان تھے۔
43تب سب لوگ اپنے اپنے گھر گئے اور داؤُد لَوٹا کہ اپنے گھرانے کو برکت دے۔

Currently Selected:

۱-توارِیخ 16: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in